چوہدری نثار ،عمران خان ملاقات، نبیل گبول کا دعویٰ صریحاً من گھڑت اور لغو ہے، حقیقت سے قطعاً کوئی تعلق نہیں، ترجمان چوہدری نثار علی خان کا ردعمل

بدھ 11 اپریل 2018 23:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 11 اپریل 2018ء) چوہدری نثار علی خان اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ملاقات کے حوالے سے رہنماء پیپلز پارٹی نبیل گبول کی جانب سے ایک نجی ٹی وی چینل پر کیے گئے دعوے پر ترجمان چوہدری نثار علی خان نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نبیل گبول کا یہ دعویٰ صریحاً من گھڑت اور لغو ہے جس کا حقیقت سے قطعاً کوئی تعلق نہیں۔

ترجمان نے کہا کہ یہ امر نہایت افسوس ناک ہے کہ آج کے دور میں جہاںسچ اور جھوٹ میں تفریق تقریباً مٹ چکی ہے وہاں سچ کو سچ ثابت کرنا بھی مشکل ہو تا جا رہا ہے۔ بعض اوقات جھوٹ اس قدر ڈھٹائی سے گھڑا اور پیش کیا جاتا ہے جیسے وہی حقیقت ہو ۔ اس سے بھی بڑھ کر افسوس ناک امر یہ ہے کہ ایسے لوگوں کو اپنے طرزِ عمل پر ذرا بھی شرمندگی محسوس نہیں ہوتی اور نہ ہی وہ اپنے ضمیر پر کسی قسم کا بوجھ محسوس کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ نہ تو چوہدری نثار علی خان اور نبیل گبول کا کوئی مشترکہ دوست ہے اور نہ ہی چوہدری نثار علی خان اور عمران خان کی گذشتہ ساڑھے تین سالوں سے کوئی ملاقات ہوئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے اس حوالے سے قیاس آرائیوں سے متعلق واضح وضاحت کے باوجود بھی اس طرح کی بے پر کی اڑانانہایت مضحکہ خیر ہے۔ترجمان نے کہا کہ میاں شہباز شریف اور چوہدری نثار علی خان کی ون آن ون ملاقات کے حوالے سے من گھڑت باتیں گھڑنا اور انکو اس طرح پیش کرنا جیسے وہ حقیقت پر مبنی ہوں نہایت قابلِ مذمت ہے۔

نبیل گبول کے علم اور انکی آگاہی کا اندازہ اس بات سے بخوبی کیا جا سکتا ہے کہ چوہدری نثار علی خان نے ٹکٹ کے حوالے سے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سوال میاں نواز شریف سے پوچھا جائے جبکہ نبیل گبول اسے میاں شہبازشریف سے منسوب کر رہے ہیں۔