عمران خان کاقبائلی عوام کے مسائل آرمی چیف کے سامنے اٹھانے کا اعلان

موقع ملا توقبائلی علاقوں کو خیبر پختونخوا میں فوری ضم کرینگے،پشاورمیٹروپرکوئی سبسڈی نہیں ہوگی،چیئرمین تحریک انصاف

بدھ 11 اپریل 2018 23:26

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 11 اپریل 2018ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قبائلی عوام کے مسائل آرمی چیف کے سامنے اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ آپریشن کی وجہ سے قبائلیوں کے گھرتباہ ہوئے، قبائلیوں نے بڑی مشکلات کا سامنا کیا ہے فاٹا کے مسائل آرمی چیف کے سامنے رکھوں گا۔ پشاور میں فاٹا ورکرز کنونشن سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کے کئی گھرانوں کے لوگ غائب ہیں اور ان کے ماں باپ پریشان ہیں، انہیں بازیاب کرایا جائے ،بارودی سرنگوں سے بہت نقصان ہوتا ہے اسی لیے وہ بھی صاف کی جائیں اور چیک پوسٹیں بھی کم کی جائیں۔

انہوں نے کہاکہ میرا وعدہ ہے کہ جنرل باجوہ سے ملاقات کے دوران قبائلی علاقوں میں چیک پوسٹ کم کرنے کا کہوں گاجبکہ فاٹا کے لاپتہ افراد کو ڈھونڈنے کی بھی درخواست کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موقع ملا توقبائلی علاقوں کو خیبر پختونخوا میں ضم کریں گے اور فوری طور پر کوشش کریں گے تاکہ صوبائی اسمبلی میں قبائلی علاقوں کی نمائندگی ہو جب کہ قبائلی علاقوں میں 3 سے 5 ماہ میں بلدیاتی انتخابات کرائیں گے اور پرمٹ سسٹم کا خاتمہ کریں گے۔

۔عمران خان کا کہنا تھا کہ قبائلیوں کی مشاورت کے بعد انگریز کے پرانے نظام ایف سی آر کو بدلیں گے۔ پرمٹ سسٹم قبائلیوں پرٹیکس ہے اسے فوری ختم کریں گے۔ فاٹا کے نوجوانوں کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے۔بی آرٹی پرمخالفین کی تنقیدکا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور میٹرو پر کوئی سبسڈی نہیں ہوگی۔