عراقی وزیراعظم بدعنوان سرکاری حکام کی فہرست جاری کریں گے

وزیراعظم نے یہ اعلان ملک کے جنوبی شہروں میں حالیہ عوامی احتجاجی مظاہروں کے بعد کیا

جمعرات 2 اگست 2018 13:29

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 2 اگست 2018ء)عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے بدعنوان سرکاری حکام کی ایک فہرست شائع کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے کیس بہت جلد عدلیہ کو بھیج دیے جائیں گے۔عرب ٹی وی کے مطابق عراقی وزیراعظم نے یہ اعلان ملک کے جنوبی شہروں میں حالیہ عوامی احتجاجی مظاہروں کے بعد کیا ہے۔

عراقی شہری 8 جولائی سے ملک کے جنوبی شہروں میں بالخصوص سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور وہ بدعنوان سرکاری عناصر کو ان کے عہدوں سے ہٹانے ، بنیادی شہری خدمات اور روزگار مہیا کرنے کے مطالبات کررہے ہیں۔عراقی پارلیمان کے مطابق قومی خزانے سے 227 ارب ڈالرز کے سرکاری فنڈز غائب ہیں اور یہ تیل نکالنے اور برآمد کرنے والی کمپنیو ں نے مبینہ طور پر خرد برد کیے ہیں۔

(جاری ہے)

عراق کے تیل کی دولت سے مالا مال جنوبی شہر بصرہ اور دوسرے شہروں میں مظاہرین اپنے احتجاج کے دوران میں سرکاری خزانے میں غبن کی تحقیقات اورلوٹی گئی رقوم کی واپسی کے مطالبات کررہے ہیں ۔اس عوامی احتجاجی تحریک کے بعد حیدر العبادی دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے کے لیے اب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے مختلف اعلانات اور اقدامات کررہے ہیں،مگر نومنتخب پارلیمان میں سب سیزیادہ نشستوں کے حامل اتحاد کے سربراہ مقتدیٰ الصدر نے نئے وزیراعظم کے لیے کوئی چالیس کے قریب کڑی شرائط عاید کردی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :