لاہور میں بیٹھے آدمی کا مشن ہے کسی طرح چوروں کو الیکشن جتوا دیں، عمران خان

جمعہ 8 جولائی 2022 22:03

لاہور میں بیٹھے آدمی کا مشن ہے کسی طرح چوروں کو الیکشن جتوا دیں، عمران خان
خوشاب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور میں بیٹھے آدمی کا مشن ہے کسی طرح چوروں کو الیکشن جتوا دیں، نامعلوم نمبر سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں، دھاندلی کے باوجود ضمنی الیکشن کے نتائج آئینگے تو حمزہ واپس جائیگا،امریکا نے مقامی میر جعفر اور میر صادق کو ساتھ ملا کر سازش کی، بڑے ڈاکوئوں کو ہمارے اوپر بٹھا کر لوگوں کی توہین کی گئی،ضمنی انتخابات پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔

خوشاب میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خوشاب میں ایک لوٹا اور لوٹی کو شکست دینی ہے، آپ سب نے ان کو شکست دینے کی ذمہ داری لینی ہے، یہ اپنے ضمیر کا سودا کرتے ہیں اس کی قیمت لگواتے ہیں، یہ ضمیر کی قیمت لگوا کر قوم، آئین اور دین سے غداری کرتے ہیں، یہ عمران خان کی نہیں آپ سب کی جنگ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ سیاست نہیں جہاد ہے، امریکا نے مقامی میر جعفر اور میر صادق کو ساتھ ملا کر سازش کی، مقامی میر جعفر اور میر صادق نے بائیس کروڑ کی منتخب حکومت کو گرایا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے ڈاکوئوں کو ہمارے اوپر بٹھا کر لوگوں کی توہین کی گئی، مغربی ممالک میں ضمانت پر چپڑاسی کوبھی نوکری نہیں دیتے، ہمارے ملک میں کرپٹ لوگوں کو کو ہمارا سربراہ بنا دیاگیا۔

انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ شہباز شریف کو وزیراعظم اور حمزہ کو وزیراعلی مانتے ہیں کیا آپ آصف زرداری کو مانتے ہیں کیا آپ مولانا فضل الرحمن کو مانتے ہیں قوم ان کو کبھی تسلیم نہیں کرے گی ، چیلنج کرتا ہوں، جتنا مرضی ایف آئی آر کاٹیں، مجھ پر 15ایف آئی آر ہیں، میری ٹیم پر دہشتگردی کی ایف آئی آر ہیں، ایاز امیرکو شرمندہ کیا گیااس پر تشدد کیاگیا، عمران ریاض کو پکڑ کر جیل میں ڈال دیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور خوف دلایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں بیٹھے ایک آدمی کا مشن ہے کسی طرح چوروں کو الیکشن جتوا دیں، ایک نامعلوم نمبر سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں، لاہور والے کو بتا رہا ہوں جو مرضی کر لو تم صرف خود کو ذلیل کرو گے لوگ تمہیں برا بھلا کہیں گے، تم جتنی مرضی دھاندلی کرا لو، دھاندلی کے باوجود ضمنی الیکشن کے نتائج آئیں تو حمزہ واپس جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، حمزہ شہباز، آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان کو ہم تسلیم نہیں کرتے، ضمنی انتخابات پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا، مولانا رومی نے کہا تھا قوم اچھے اور برے کی تمیز ختم کر دے تو وہ مر جاتی ہے، جو قوم چھوٹے چوروں کو جیل میں ڈالتی ہے وہ تباہ ہوجاتی ہے۔

خوشاب میں شائع ہونے والی مزید خبریں