سلامتی کونسل کی تاریخ میں پہلی بار مسئلہ کشمیر کو پہلی بار سنجیدگی سے لیا گیا‘فیاض الحسن چوہان

مسئلہ کشمیر پر گزشتہ پچاس سال کا سفارتی خلا پی ٹی آئی نے سولہ دن کی کوششوں سے پورا کر دیا‘ صوبائی وزیر

بدھ 21 اگست 2019 19:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2019ء) مسئلہ کشمیر پر گزشتہ پچاس سال کا سفارتی خلا پی ٹی آئی نے سولہ دن کی کوششوں سے پورا کر دیا، وزیراعظم پاکستان عمران خان کی انتھک کوششوں اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیرونی ممالک سے انتھک رابطوں کی وجہ سے سلامتی کونسل کی تاریخ میں پہلی بار مسئلہ کشمیر کو پہلی بار سنجیدگی سے لیا گیا، کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کے لیے حکومت بین الاقوامی انصاف عدالت سے جلد رابطہ کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے کالونیز فیاض الحسن چوہان نے پنجاب اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ایوان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جس نے مسئلہ کشمیر پر قراردار متفقہ طور پر منظور کی اور دنیا کو بتایا کہ اس مسئلہ پر ہم سب ایک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ساری دنیا کے سامنے سیکیولر ازم اور جمہوریت کا ڈھنڈورا پیٹنے والے بھارت کا پول انتہا پسند جماعت بی جے پی کے انتہا پسند حکمران نریندر مودی نے کھول دیا۔

یہ وہی مودی ہے جسے امریکہ نے قصائی قرار دیتے ہوئے ویزہ دینے سے انکار کر دیا تھا۔ انہوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ پوری قوم عمران خان کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے حلف اٹھانے کے بعد سب سے پہلے ٹویٹ میں کشمیر کی آزادی کا نعرہ بلند کیا اور بعد میں خطے کے پونے دو ارب انسانوں کو صحت، تعلیم، روزگار اور پر امن ماحول دینے کے لیے مودی کو مذاکرات کی دعوت دی جسے انتہا پسند مودی نے قبول نہ کیا۔

اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سردار عثمان بزدار کے دور حکومت میں آپ کو شہباز شریف دور جیسی کرپشن، لوٹ مار اور اقربا پروری نظر نہیں آئے گی جسمیں 60 کروڑ روپے سے جاتی عمرہ میں حفاظتی انتظامات کیے گئے، جس میں 44 ہزار پولیس اہلکار صرف آل شریف اور ان کے رشتہ داروں کی وی وی آئی پی ڈیوٹی پر مامور تھے اور جس میں وزیراعلیٰ ہاؤس کا ماہانہ خرچہ 57 لاکھ تھا۔

پنجاب حکومت کی ایک سالہ کارکردگی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک سال میں آٹھ نئی پالیسیاں اور عوامی فلاح و بہبود کے تیس سے زائد قوانین متعارف کرائے گئے ہیں، عوام کو نیا بلدیاتی نظام تحفے میں دیا گیا ہے اور 7 لاکھ روپے مالیت کے ہیلتھ انصاف کارڈ کا اجراء کیا گیا ہے جسمیں تمام بڑی بیماریوں کا علاج شامل ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد میں گزشتہ دس سال بہت اہم ہیں جب مظفر وانی شہید ہوا، جب بھارت کی طرف سے بین الاقوامی پابندیوں کے اندر آنے والا اسلحہ کشمیری عوام پر استعمال کیا گیا اور جب نہتے پاکستانیوں کا قاتل کلبھوشن یادیو جیسا دہشت گرد گرفتار ہو کر اپنے کریہہ گناہوں کا معترف ہوا۔ ان سالوں میں گزشتہ حکومت نے قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سمیت کسی فورم پر بھی مسئلہ کشمیر اور پاکستان کا نام لینا گوارا نہیں کیا بلکہ ان سب جرائم میں شریک مودی کو بغیر ویزے اور تمام سفارتی آداب کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بیگم صفدر اعوان کی بیٹی کی شادی پر بلایا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں