سینیٹ الیکشن کے لیے ٹکٹ دوستی اور رشتہ داری کی بنیاد پر تقسیم ہوتے ہیں اور میرٹ کی دھجیاں اڑا ئی جاتی ہیں، سینیٹر سراج الحق

سیاست اور جمہوریت کے نام پر قوم سے مسلسل دھوکہ ہورہاہے ، باپ کے بعدبیٹا اور بیٹے کے بعد پوتا یا نواسہ پارٹی کی کمان سنبھال لیتاہے ملک پر ایسی قیادت مسلط ہے جو واشنگٹن سے ہدایات لیتی ہے ، یہ لوگ اگر جاپان چلے جائیں تو اس کی ترقی کابھی حشر نشر کر کے ملک کو نقشہ سے ہی مٹادیں یہی صورتحال رہی تو مافیا سونے کے نوالے اور غریبوں کو درختوں کے پتے کھانے پڑیں گے ، امیر جماعت اسلامی پاکستان کا عشائیہ سے خطاب

منگل 16 فروری 2021 23:49

سینیٹ الیکشن کے لیے ٹکٹ دوستی اور رشتہ داری کی بنیاد پر تقسیم ہوتے ہیں اور میرٹ کی دھجیاں اڑا ئی جاتی ہیں، سینیٹر سراج الحق
مٹیاری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2021ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سینیٹ الیکشن کے لیے ٹکٹ دوستی اور رشتہ داری کی بنیاد پر تقسیم ہوتے ہیں اور میرٹ کی دھجیاں اڑا ئی جاتی ہیں ۔ سیاست اور جمہوریت کے نام پر قوم سے مسلسل دھوکہ ہورہاہے ۔ باپ کے بعدبیٹا اور بیٹے کے بعد پوتا یا نواسہ پارٹی کی کمان سنبھال لیتاہے ۔

ملک پر ایسی قیادت مسلط ہے جو واشنگٹن سے ہدایات لیتی ہے ۔ یہ لوگ اگر جاپان چلے جائیں تو اس کی ترقی کابھی حشر نشر کر کے ملک کو نقشہ سے ہی مٹادیں ۔ نئے کی بجائے پرانا پاکستان بھی ویران ہوگیا۔ ڈھائی سالوں میں عوام کو تبدیلی کا مطلب بھوک افلاس اور ننگ سمجھ آیاہے ۔یہی صورتحال رہی تو مافیا سونے کے نوالے اور غریبوں کو درختوں کے پتے کھانے پڑیں گے ۔

(جاری ہے)

ملک کا طاقتور طبقہ قانون کی دھجیاں اڑاتاہے جبکہ غریب قانون کی جکڑ بندیوں میں آجاتااور انصاف کے حصول کے لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہاہوتاہے ۔سندھ کی ترقی کا پہیہ الٹا گھو م رہاہے ۔ پورے ملک کی طرح سندھ کا کسان بھی پریشان ہے ۔ عوام مہنگائی اور غربت کی چکی میں پس رہے ہیں ۔ کراچی دنیا کا گندا اور آلودہ شہر بن چکاہے ۔ حکمران سیاسی پارٹیاں کراچی کی تباہی کی ذمہ دار ہیں ۔

پی ٹی آئی ناکامی سے دوچار ، اقتدار میں آ کر کرپشن میں اضافہ کیا اور بیڈ گورننس کے نئے ریکارڈ قائم کیے ۔پی پی ، نون لیگ اور پی ٹی آئی لوگوں کو بے وقوف بنانے کی پالیسی ترک کردیں ۔ عوام اسلامی انقلاب چاہتے ہیں ۔ علماء و مشائخ کردار ادا کریں ۔ پسے ہوئے طبقات اشرافیہ کے خلاف متحد ہوں ۔ان خیالات کااظہار انہوںنے سندھ کی مشہور خانقاہ مجددیہ سرہندیہ مٹیاری کے دورہ کے موقع پر سجادہ نشین آغا غلام مجدد سرہندی سے گفتگو اور بعد ازاں سندھ آبادگار بورڈ کے نائب صدر سید ندیم شاہ جاموٹ کی جانب سے دیے گئے عشائیہ پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ندیم شاہ نے اس موقع پر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے انہیں پارٹی پرچم اور منشور بھی پیش کیااور انہیں مرکزی سیاسی کونسل کا رکن بھی مقرر کر دیا۔نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو ، امیر جماعت سندھ محمد حسین محنتی ، نائب امیر عبدالمجید نظامانی اور علماء و مشائخ رابطہ کونسیل سندھ کے صدر نصر اللہ عزیز چنابھی اس موقع پر موجود تھے ۔

سجادہ نشین آغا غلام مجددی سرہندی نے خانقاہ کے دورہ کے موقع پر سینیٹر سراج الحق کو سندھی اجرک کا تحفہ پیش کیا اور پاکستان مشائخ اتحاد کونسل اور علما و مشائخ رابطہ کونسل کے درمیان باہمی تعاون کو مضبوط کرنے ، اتحاد امت ، رد قادیانیت اور اقامت دین کے لیے مشترکہ جدوجہد کے آغاز پر بھی اتفاق کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پیپلز پارٹی گزشتہ کئی سالوں سے سندھ پر حکمرانی کر رہی ہے مگر اس کے دور میں عوامی مسائل میں بتدریج اضافہ ہوا ۔

غریب کا بچہ سکول نہیں جارہا ۔ کسان ، مزدور پریشان حال ہے ۔ غربت اور مہنگائی نے لوگوں کی زندگیوں کو اجیرن بنادیاہے ۔ انفراسٹرکچر تباہ حال ہے سندھ کا دارالحکومت کراچی گندگی کا ڈھیر بن چکاہے او رحکمران پارٹیاں حکمرانی کے مزے لوٹ رہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ حکمران طبقہ نے گزشتہ ستر سال میں عوام کو تکلیفوں کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ حکمران سیاسی جماعتیں جمہوریت کے تصور سے مکمل طور پر ناآشنا ہیں اور جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے کلب ہیں ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ علماء و مشائخ عوام کو مغربی طاقتوں کے ایجنٹوں کیخلاف متحد کر یں اور اسلام کی سربلندی کے لیے ایک ایکٹوکردار ادا کریں ۔ انہوںنے کہاکہ ملک کے مسائل کا حل اسلامی نظام کے قیام میں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کسانوں ، مزدوروں اور پسے ہوئے طبقات کو ملک پر مسلط اشرافیہ سے نجات کے لیے پرامن جدوجہد کرنی چاہیے ۔ جماعت اسلامی فلاحی پاکستان کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

مٹیاری میں شائع ہونے والی مزید خبریں