”آکٹوپس“ باباچھا گیا ، دنیاکو گرویدہ بنا لیا

Octopus Baba Chaa Giya

آج تیسری پوزیشن میں جرمنی اور کل فائنل کیلئے دوبارہ سپین کی کامیابی پیشگوئی کردی جرمنی آج یوروگوئے پر غضب ڈھانے کیلئے بے تاب ، سیمی فائنل میں شکست سے جرمن قوم تاحال سوگوار

ہفتہ 10 جولائی 2010

Octopus Baba Chaa Giya
اعجازوسیم باکھری: فٹبال ورلڈکپ کے عالمی میلے کا سیکنڈ لاسٹ میچ جو کہ تیسری پوزیشن کیلئے ہے آج کھیلا جا ئیگا جس میں سیمی فائنل میں شکست کھانے والی جرمنی اور یوروگوئے کی ٹیمیں ایک دوسرے مدمقابل ہونگی۔ جرمن ٹیم سپین کے خلاف فیورٹ ہونے کے باوجود شکست کھا گئی جس سے پورے جرمنی میں سوگ کی کیفیت طاری ہوگئی اور تاحال جرمن قوم کے چہرے اداس ہیں کیونکہ ٹورنامنٹ جس قوت اور بلندی کے ساتھ جرمن ٹیم نے سیمی فائنل تک کا سفرطے کیا اُسے سے لگ رہا تھا کہ اس بار ٹرافی برلن ہی جائیگی لیکن قسمت کو کچھ اور منظور تھا ، سیمی فائنل میں جرمن ٹیم سپین کیخلاف بالکل آف کلرنظر آئی اور ایک صفرکی شکست سے تمام دعوؤں ،امیدوں ،توقعات اور آرمانوں کا خون ہوگیا۔

تیسری پوزیشن کے میچ میں جرمنی کے پاس اپنی اداس قوم کو سوگ کی کیفیت سے نکالنے کیلئے بہترین موقع ہے کیونکہ سیمی فائنل میں سپین کیخلاف شکست کھانے کے باوجود آج تیسری پوزیشن کے میچ میں جرمن ٹیم یوروگوئے کے مقابلے میں فیورٹ کی حیثیت سے میدان میں اترے گی لیکن رواں ورلڈکپ میں جس طرح فیورٹ ٹیمیں ایک ایک کرکے کریش ہوتی چلی گئیں یہ تسلسل آج یورو گوئے بھی برقرار رکھ سکتا ہے لیکن یورو گوئے کیلئے جرمن ٹیم جو کہ ایک زخمی شیر بن چکی ہے کو روکنا انتہائی مشکل ہوگا لیکن حتمی رائے دینا درست نہیں ہے کہ تیسری پوزیشن کس ٹیم کے حصے میں آتی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جرمن آکٹوپس نے تیسری پوزیشن کیلئے جرمنی کوفیورٹ قرار دیدیا ہے اور یہی وہ آکٹوپس تھا جس نے سیمی فائنل میں جرمنی کے مقابلے میں سپین کی جیت کی پیشگوئی کی تھی جو کہ سچ ثابت ہوئی جس کے بعد آکٹوپس کے چرچے پوری دنیا میں ہونے لگے۔ آکٹوپس گزشتہ دوسال سے مختلف چیزوں کے بارے میں اپنی پیشگوئیاں کرتا رہتا ہے لیکن موجودہ ورلڈکپ میں اس نے جب تک چھ پیشگوئیوں کی جوکہ من و عن سچ ثابت ہوئیں جس کے بعد ’جرمن آکٹوپس پاوٴل‘ کے چرچے ہر اس ملک میں بھی ہونے لگے ہیں جہاں فٹ بال کے شوقین موجود ہیں اور رواں ورلڈکپ کے مقابلے دیکھے جا رہے ہیں۔

پاوٴل نامی اس ہشت پاجانور جوکہ پانی میں رہتا ہے نے صرف چند ہی دنوں میں عالمی شہرت حاصل کرلی اور دنیا کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔ اب تو شائقین کے علاوہ بعض کھلاڑی اور سیاست دان بھی آکٹوپس پر یقین کرنے لگے ہیں جس کی واضع مثال فائنل میں پہنچے والی ہسپانوی ٹیم کے مڈ فیلڈر زابی الونسو کے بقول یہ آکٹوپس ایک عجوبہ ہے ۔جرمن آکٹوپس نے سیمی فائنل میں اپنے ہی ملک کی شکست کی پیشین گوئی کی تھی جو درست ثابت ہوئی جس کے بعد آکٹوپس کو قتل کی دھمکیاں ملنی شروع ہوگئیں۔

بعض مشتعل اور اداس جرمن شائقین تو یہ مطالبہ کرنے لگے ہیں کہ اس ’بدبخت‘ آکٹوپس کو سرعام بھْون کرکھا لیا جانا چاہئے ۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جو آکٹوپس کی شہرت میں اضافہ ہورہا ہے ساتھ ساتھ آکٹوپس کے دشمنوں کی تعداد بھی بڑھتی جارہی ہے ۔سپین اور ہالینڈ کے مابین فائنل میچ کیلئے بھی آکٹوپس نے پیش گوئی کردی ہے کہ اس بار فاتح عالم کی تاج سپین کے سر سجے گا جس کے بعد ہالینڈ میں آکٹوپس سے نفرت کا اظہار کیا جارہا ہے ۔

کواٹرفائنل میں جرمنی کے ہاتھوں ارجنٹائن کی شکست اورسیمی فائنل میں جرمنی کے مقابلے میں سپین کی فتح کی پیش گوئی سچ ثابت ہونے کے بعد آکٹوپس کو سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس پر قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ گوگل ،فیس بک اور ٹوئٹر پر آکٹوپس پاؤل کوباقاعدہ مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئی ہیں جس کے بعد انتظامیہ نے آکٹوپس کی سیکورٹی میں اضافہ کردیا ہے ۔

جرمن شہر اوبر ہاوٴزن کے اکویریم میں موجود یہ آکٹوپس پہلے انگلینڈ میں رہا کرتا تھا تاہم کچھ عرصہ قبل اسے جرمنی منتقل کردیا گیا اس وقت سے دنیا بھر کے ممتاز ٹیلی وڑن چینلز اور اخبارات میں ’آکٹوپس بابا‘ کے چرچے ہیں تاہم ایسا بھی نہیں ہے کہ اِس کی پیشین گوئیاں ہمیشہ ہی درست ثابت ہوئی ہوں۔ 2008ء کے یورو کپ میں۔ ’آکٹوپس بابا‘ نے جرمنی کے حق میں فیصلہ دیا تھا لیکن فائنل میں سپین کوکامیابی حاصل ہوئی لیکن اس غلط پیشین گوئی کے باوجود آکٹوپس کی شہرت پرفرق نہیں آیا اورموجودہ ورلڈکپ میں تو آکٹوپس نے دنیا کو اپنا گرویدہ بنا لیا ہے ۔

آکٹوپس کی تیسری پوزیشن میں جرمنی کی کامیابی اور فائنل میں سپین کی فتح کی پیشگوئی سچ ثابت ہوتی ہے یا نہیں اس کیلئے صرف چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں اور اگر یہ دونوں پیشگوئی سچ ثابت ہوگئیں تو تاریخ میں پہلی بار ورلڈکپ جیت کر سپین وہ شہرت حاصل نہیں کرپائے گا جوکہ آکٹوپس بابا کو حاصل ہوگی۔

مزید مضامین :