پاکستان کا آج مضبوط حریف جنوبی افریقہ سے ٹاکرا

Pakistan Ka Aaj Mazboot Harif Janobi Africa Se Takra

قوم نے پھر امیدیں باندھ لی،کامیابی کوارٹرفائنل تک رسائی آسان بنادے گی

Ejaz Wasim Bakhri اعجاز وسیم باکھری ہفتہ 7 مارچ 2015

Pakistan Ka Aaj Mazboot Harif Janobi Africa Se Takra

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان آج مضبوط حریف جنوبی افریقہ کیخلاف مدمقابل ہوگا۔ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں ہونیوالے میچ میں سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔ جنوبی افریقہ نے رواں ورلڈکپ میں دو مرتبہ چار سو سے زائد رنز کا ہندسہ عبور کیا ہے جبکہ اپنی باؤلنگ کیو جہ سے حریف ٹیموں کو بھرپور ناکوں چنے بھی چبوائے ہیں تاہم پاکستانی ٹیم کے بارے میں بھی کوئی حتمی رائے نہیں دی جاسکتی، قومی ٹیم کی گوکہ اس ٹورنامنٹ میں پوزیشن کمزور ہے لیکن پاکستانی ٹیم ابھی تک کوارٹرفائنل کی ریس میں شامل ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6بجے شروع ہوگا۔ پاکستان نے آخری میچ میں یواے ای کو شکست دی اور اس میچ میں کامیابی کی بدولت قومی ٹیم نے پوائنٹس ٹیبل پر بڑی چھلانگ لگائی جس سے ٹیم کی ٹاپ ایٹ ٹیموں میں شمولیت کے امکانات مزید روشن ہوگئے۔

(جاری ہے)

پوائنٹس ٹیبل پر پاکستانی ٹیم اس وقت چھٹے سے چوتھے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ پاکستان کی یو ای اے کے خلاف 129 رنز کی بڑی جیت سے کھلاڑیوں میں اعتماد بڑھا اور وہ اعتماد آج جنوبی افریقہ کیخلاف مثبت نتائج سامنے لاسکتا ہے۔ ورلڈکپ کے کوارٹرفائنل تک رسائی کیلئے پاکستانی ٹیم کا معاملہ ابھی بھی اگر اور مگر کے ساتھ جڑا ہے اس لیے ٹیم کو جنوبی افریقہ کیخلاف بھی پوری قوت کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا اور بھرپور فائٹ کرنا ہوگی۔ پاکستان کو اپنی ناقص فیلڈنگ کو ٹھیک کرنے کی بھی ضرورت ہے جبکہ بڑی ٹیم کیخلاف سکور بورڈپر بڑا ٹوٹل سجانے کیلئے بلے بازوں کو بڑی اننگز کھیلنا ہونگی۔ قومی ٹیم کے بیٹسمین وسیع تجربے کے مالک ہیں لیکن مضبوط بولنگ اٹیک کے سامنے وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح گرنا شروع ہوجاتی ہیں اور کپتان مصباح الحق ہی مزاحمت کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ آج کے میچ میں مصباح الحق کی نقل کرکے قومی بلے باز جنوبی افریقہ کیخلاف کامیابی دلاسکتے ہیں تاہم اس کیلئے انہیں غلطیوں سے گریز کرنا ہوگا، ناصر جمشید کی آج کے میچ میں شرکت مشکوک ہے کیونکہ وہ مسلسل ناکام رہے ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ شاید ناصر جمشید کی جگہ یونس خان سکواڈ کا حصہ بنائے جاسکتے ہیں۔ یونس خان کے ساتھ ساتھ یاسر شاہ کی بھی ٹیم میں واپسی کے امکانات ہیں تاہم انہیں کس کھلاڑی کے متبادل کے طور پر شامل کیا جائیگا یہ بھی غیریقینی ہے۔ ریگولر وکٹ کیپر سرفراز احمد کی ٹیم میں شمولیت پر کافی بحث جاری ہے جس کا ٹیم مینجمنٹ پر پریشر بھی پڑا ہے لیکن یواے ای کیخلاف ٹیم مینجمنٹ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اسے نظرانداز کرکے ناصر جمشید کو ہی کھلانے کا فیصلہ کیا۔ آج کے میچ کیلئے قومی ٹیم کیلئے حتمی الیون کا انتخاب بھی مشکل ہوگیا ہے تاہم کپتان مصباح الحق اور کوچ وقاریونس سے قوم کو بڑی امیدیں ہیں اور بہترین حکمت عملی کے ساتھ ٹیم کو میدان میں اتریں گے کیونکہ جنوبی افریقہ کیخلاف کامیابی پاکستان کیلئے کوارٹرفائنل تک رسائی کیلئے مشکلات کو ختم کردے گی۔دوسری جانب آج کے میچ میں بارش کے بھی امکانات ہیں۔نیوزی لینڈ کے محکمہ موسمیات نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ والے دن آکلینڈ میں بارش کی پیش گوئی کردی ۔جنوبی افریقہ کی موجودہ فارم دیکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ اگر یہ میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوتا ہے تو پاکستان باخوشی ایک پوائنٹ وصول کرلے گا۔ٹورنامنٹ کے فیورٹس میں سے ایک جنوبی افریقی ٹیم نے گزشتہ دو میچوں میں 400 سے زائد رنزسکور کیے ہیں اور میچ 200 سے زائد کے مارجن سے جیتا۔اس سے قبل آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ بھی بارش کے باعث منسوخ ہوا تھا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔جنوبی افریقی کوچ رسل ڈومنگو نے کہا کہ ان کے سکواڈ کو پاکستان کے خلاف تیار رہنا ہوگا۔ 'ہم جانتے ہیں کہ ان کے دن وہ کسی کو بھی ہراسکتے ہیں۔'انہوں نے کہا کہ ہمیں مخالف ٹیم کی صلاحیتوں کا احترام کرنا ہوگا اور کسی بھی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھ سکتے۔کپتان مصباح الحق بھی آج کے اہم میچ کیلئے حتمی ٹیم کے انتخاب کیلئے پریشان نظر آئے، مصباح الحق نے کہا ہے کہ سابق کرکٹرز بار بار یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ کپتان کچھ الگ سوچے تو ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا میں عرفان سے اوپننگ کراوٴں۔آکلینڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ سے میچ کی اہمیت سے اچھی طرح واقف ہیں اور نہیں چاہتے کہ میچ بارش کی نذر ہو جائے اور ایک پوائنٹ ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کھلانے کا تاحال حتمی فیصلہ نہیں کیاہے۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ محمد عرفان مکمل فٹ ہے اور جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں حصہ لیں گے، پریکٹس سیشن کے دوران ایڑھی میں چوٹ لگنے کے باعث زخمی ہونے والے حارث سہیل کے بارے میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ان کے میچ کھیلنے یا نہ کھیلنے کے بارے میں کچھ کھیلنا قبل از وقت ہو گا۔

مزید مضامین :