ایمانداروزیراعظم

پیر 31 جنوری 2022

Dr Ghulam Mustafa Badani

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے پہلے90 دن میں ہی کرپشن ختم کرنے کا وعدہ پورا کردیا تھا، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں کرپشن کا کوئی اسکینڈل نہیں، کوئی بڑا واقعہ رونما نہیں ہوا،انہوں نے بالکل سچ کہاہے کہ 90دنوں کے اندر کرپشن کوجڑسے اکھاڑپھینکا،اور قومی خزانے سے لوٹے گئے 200ارب روپے واپس لائے گئے ،سب چوروں ،ڈاکوؤں کو جیلوں میں بندکردیا گیا ،تحریک انصاف کی مثالی دور حکومت میں گندم ،چینی اورپٹرول جیسے اسکینڈل سامنے آئے ،تحقیقات ہوئیں جس میں سب سے اوپر نام جہانگیر ترین کا آیا اور ساتھ میں وفاقی وزیر خسروبختیار کے بھائی کا،ان کرپٹ عناصرکوعبرت ناک سزائیں دی گئیں ،یہ سزاہی توہے کہ خسروبختیارکی چلتی وزارت تبدیل کر دی گئی۔

جہانگیر ترین کوایسی اذیت ناک سزادی گئی اورقانون کی گرفت میں لایاگیاکہ اس کی آنے والی سات نسلیں یادرکھیں گی اورابھی تک پٹرولیم سکینڈل کی رپورٹ سامنے نہیں لائی گئی ،ارے بھائی کیاہوایہ سب ہمارے پاک صاف ،صادق وامین وزیراعظم نے تونہیں کیا اس میں ان کاکیاقصور ہے ،قصورتوان لوگوں کاجنہوں نے اپنامنہ کالاکیا،ہماراوزیراعظم توایماندار ہے۔

(جاری ہے)


تحریک انصاف کی حکومت نے وعدے کے مطابق 100دنوں میں صوبہ جنوبی پنجاب بنادیاہے،50 لاکھ گھربن گئے ،بے گھرعوام کوچھت مہیاکرکے عظیم احسان کیاگیا ،ایک کڑور نوجوانوں کو نوکریاں دے دی گئیں،یکساں تعلیمی نصاب رائج ہوگیا،مفت تعلیم ،مفت صحت کی سہولتیں ،پولیس و پٹواری کلچر ،تھانہ کچہری میں اصلاحات اورعوام کو سستے انصاف تک رسائی ممکن بنائی اس دورحکومت میں پولیس کلچرمیں ایسی تبدیلی ہوئی کہ بیگناہ نوجوانوں کو چور،ڈکیت یادہشت گردقراردیکرقتل نہیں کیاجارہا اوردوسری طرف ملک میں معصوم بچیوں اورخواتین کوزیادتی کے بعدقتل کردیاجاتاتھااب پورے پاکستان میں کہیں بھی ایساہولناک واقعہ رونمانہیں ہواکیونکہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے منشورپرعمل پیراہوتے ہوئے ملک میں ایسانظام عدل قائم کیاکہ اس کی تاریخ میں بھی کوئی مثال موجود نہیں ہے کیونکہ ہماراوزیراعظم ایماندارہے۔


وعدے کے مطابق گورنر ہاوسز،وزیر اعظم ہاؤس ،ایوان صدر میں اعلی تعلیمی درس گاہیں یعنی یونیورسٹیاں بنادی گئیں ۔تاریخ میں پہلی بار موجودہ حکومت نے پروٹوکول کا خاتمہ کیا،8ہزار ارب ٹیکس اکٹھا کیا ،IMFکے پاس نہیں جاناپڑا ،کشکول توڑدیاگیا ،خسارہ زدہ ادارو ں میں اصلاحات کرکے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کردیاگیا،ڈھائی کروڑ بچوں کو سکول پہنچایاگیا،بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کی بہتری کیلئے خوراک مہیا کی گئی،یہ سب ویژنری قیادت کی وجہ سے ممکن ہواکیونکہ ہماراوزیراعظم ایماندار ہے۔


اس حکومت کی وجہ سے انتظامی اداروں میں لازوال تبدیلیاں دیکھنے کوملیں ، پرائس کنٹرول کمیٹیاں ایسی فعال ہوئیں اور مہنگائی کو کومکمل طورپرختم کردیاہے اوریوٹیلٹی سٹورزپرآٹاسمیت تمام اشیاء کی فراوانی ہے کوئی جتناچاہے اپنی مرضی کے مطابق گھی ،چینی خریدسکتاہے۔ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق تجربہ کار ٹائیگر فورس نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپورکارروائیاں کرائیں اوراب ٹائیگرفورس کی فعالیت کی وجہ سے ذخیرہ اندوزوں کیلئے کوئی چیز چھپاکرسٹاک کرناتقریباََناممکن ہوگیاہے ۔

اس وجہ سے اب مارکیٹ میں تمام اشیائے ضروریہ کنٹرول ریٹ پر عوام کوباآسانی مل رہی ہیں،ایسااس لئے ممکن ہواکیونکہ وزیراعظم ایماندار ہے۔
پاکستان میں تمام سیاسی پارٹیاں خفیہ طورپرمافیاء سے فنڈ ریزنگ کرتی ہیں جس کی وجہ سے پھران مافیاء کونوزاجاتاہے لیکن ہم جہانگیرترین اوروزیراعظم عمران خان کے گردموجودان کے کسی دوست پرالزام نہیں لگائیں کہ ان کی وجہ سے گندم ،چینی،ادویات ،مالم جبہ سیکنڈل ،راولپنڈی رنگ روڈ پرکرپشن کی ہے بلکہ عوام اچھی طرح جانتی ہے کہ یہ جھوٹی خبریں اپوزیشن نے پھیلائی ہیں،حکومت میں شامل لوگ انمول ہیرے ہیں جوکافی محنت سے تیارکئے گئے ،جن کاماضی شاندارہے ،کسی کوبرابھلانہیں کہاجاسکتا،جوسچ ہے وہ روزروشن کی طرح عیاں ہے ،کون بھگوڑاہے ،کون چورہے ،کون ڈاکوہے لیکن ہماراوزیراعظم ایماندارہے۔


بیرسٹرشہزاداکبرنے وزیراعظم عمران خان کوغلط امیددلائی کہ ہم نوازشریف کوبرطانیہ سے گھسیٹ کرپاکستان لائیں گے اورجیل کی کال کوٹھڑی میں بندرکھیں گے،اسدعمرنے کے غلط فیصلوں سے آئی ایم ایف ناراض ہوا،حفیظ شیخ نے مہنگائی پر قابونہ پایا، ڈاکٹرظفرمرزا سے صحت کے معاملات نہ سنبھالے جاسکے توان وجوہات کی بناپر سب کواپنے عہدوں سے ہٹایاگیااورسزاکے طورپرانہیں سابقہ عہدوں سے بڑی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں،اگرکسی نے ہمارے وزیراعظم کے بارے میں غلط بات کی تواس کی زبان کھینچ لیں گے کیونکہ ہمارا وزیراعظم ایماندارہے۔


وزیراعظم عمران خان اپنے منشوراورفرمودات کے مطابق پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں انہوں فرمایا تھا کہ کسی کو نہیں چھوڑوں گا، میں سب کو رلاؤں گا،اب پاکستانی عوام دیکھ رہی ہے کہ خان صاحب اپنے وعدے کے کتنے پکے نکلے کہ کسی کو بھی نہ چھوڑا، دیہاڑی دار مزدور سے لیکر سرکاری ملازم، بیوروکریسی سے لیکر تاجر ،صنعتکار، ہر امیر، غریب سارے ملک ساری قوم کو نوازدیاہے اورپاکستانی عوام آنسوبہارہی ہے ،یہ دکھ ،تکلیف کے آنسونہیں ہیں بلکہ یہ توخوشی کے آنسوہیں جوعوام سے سنبھالے نہیں جارہے ۔

یہ وزیراعظم عمران خان کی شبانہ روزمحنت اورکاوشوں کی بدولت سابقہ کرپٹ حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ دشواریاں تھیں اوران مشکلات سے نکلنے میں کامیاب ہوئے ،اس کا سہرابھی ہمارے کامیاب وزیرااعظم جناب عمران خان کے سرجاتاہے کیونکہ وہ ایماندار ہیں۔
سابقہ حکومتوں کے ادوارمیں کسان پرزمین تنگ کردی گئی تھی ،مافیاء پالیسی میکراورمعاون خصوصی ہواکرتے تھے ،کبھی گنے کابحران پیدا کردیاجاتاتھا،سندھ میں توحکومتی بے حسی پر گنے کے کھیتوں کوآگ لگائی جاتی تھی،پنجاب میں پھٹی جلائی جاتی تھی لیکن موجودہ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کی وجہ سے بمپر کراپ حاصل ہوئی اورکسان مالامال ہوگئے ۔

یہ اعزازپاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے سرجاتاہے کہ کسانوں کے پاس روپیہ زیادہ آگیااورحکومت کے تخمینے سے کئی گنازیادہ گندم کی فصل کاشت کرلی گئی ،زیادہ رقبہ پرگندم کاشت کی وجہ سے فصل کیلئے کھاد کی بھی زیادہ ضرورت تھی،اورفرٹیلائزرکمپنیوں یاکھادفیکٹریوں میں اتنازیادہ کھادکی ضرورت پوری کرناناممکن ہوگیااورکھادکم پڑگئی، اس میں کھادکے ڈیلروں یاحکومت کاکوئی قصورنہیں ہے ،کسانوں اورزمینداروں نے کس کے کہنے پر زیادہ گندم کاشت کی ،یہ سب کسانوں کی اپنی غلط پالیسی کی وجہ سے کھاد کابحران پیداہوا،اس کے باوجود حکومت اپنی پوری کوشش سے انتظامیہ کے ذریعے کھاددلوارہی ہے کیونکہ پاکستان کی تاریخ میں ایساپہلی باراس لئے ممکن ہواکیونکہ آپ کاوزیراعظم ایماندار ہے۔


اس ملک کی سیاسی تاریخ ہے ہمیشہ جھوٹے اور کھوکھلے نعروں سے عوام کوبیوقوف بنایاجاتارہا لیکن یہ پہلی حکومت ہے جس نے وعدوں یا دعوؤں کے برعکس بے مثال کارہائے نمایاں سرانجام دئے ،صحت سہولت کارڈکااجراء کیاجس میں بتایاگیاہے دس لاکھ روپے موجود ہیں۔ایک عام پاکستانی گھرکاسربراہ لکھ پتی ہے لیکن وہ اگربھوک سے مرجائے اس میں حکومت کاتوکوئی قصورنہیں ہے ،اس صحت کارڈ پر آپ کسی پرائیویٹ ڈاکٹرسے اپنے بچے کاعلاج نہیں کراسکتے کیونکہ وہ دی گئی پرائیویٹ ہسپتال کی لسٹ میں نہیں ہے یہ بھی آپ کاقصور ہے کہ اس ڈاکٹرکے پاس کیوں گئے۔

یہ کوئی بیوقوف ہی سوال کریگاکہ غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی نے پارٹی فنڈز ملازمین کے نام پر کیوں منگوائے؟ بنی گالا کا گھر اور کانسٹیٹیوشن ایونیو کا فلیٹ غیر قانونی سے قانونی کیوں اورکیسے کرایاگیا۔وہ تواپوزیشن کابراہو جوہربات پر شورمچادیتی ہے ، موجودہ حکومت نے ملک پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے میں کوئی کسرنہیں چھوڑی کیونکہ ہماراوزیراعظم ایماندارہے۔


یہ بھی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی مرہون منت ہے کہ پٹرول 150روپے لٹرہے جودنیاسستاترین ہے ،پاکستان عوام ناشکری ہے، تاریخ میں پہلی باربجلی کے بلوں پر سے سب ٹیکس ختم کردئے گئے ،بجلی کے نرخ انتہائی سستے کردئے گئے ،بجلی کی پیدوارسرپلس ہوگئی ہے اورعوام کوخوشخبری سنائی گئی کہ آئندہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیاجائے گا، حکومت کے ترجمان کہتے ہیں ہم نے عہدکیاہے کہ عوام پرکوئی بوجھ نہیں ڈالیں گے،سابقہ کرپٹ حکومتوں کی وجہ سے عوام بہت تکلیفیں اٹھاچکی ہے ،اب ان تکلیفوں کے ازالے کاوقت ہے ہرطرف ملک میں خوشحالی آگئی ہے ،ملک پاکستان ریاست مدینہ کاعملی نمونہ پیش کررہاہے ،خزانہ بھراہواہے ،ڈھونڈے سے بھی کوئی غریب دکھائی نہیں دیتا،کوئی زکواة لینے والانہیں ہے،پاکستان صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست کادرجہ حاصل کرچکاہے ،تمام مسلم امہ کے لئے پاکستان ایک رول ماڈل ملک بن چکاہے ،یہ سب اس لئے ممکن ہواکیونکہ ہماراوزیراعظم ایماندارہے۔


ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :