تیر و ترکش

جمعہ 26 اپریل 2019

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#وزارتِ خزانہ چھوڑ کر سکون محسوس ہوا، اسد عمر
عوام کو بھی!
#سب کچھ جہانگیر ترین نے کرنا ہے تو ہم کیا آلوچنے بیچنے آئے ہیں، گورنر پنجاب
آپ کے تو لگتا ہے آلوچنے بھی کسی نے نہیں خریدنے ترین صاحب کے ہوتے ہوئے۔
#مولانا فضل الرحمن کھیلتے ہیں نہ کھیلنے دے رہے ہیں، عمران خان
اُف یہ بے چارگی!
#عمران دوستی یا تعلق نہیں صرف کارکردگی دیکھتے ہیں، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
یہ بات آپ کو نعیم الحق صاحب نے بتائی ہے ناں!
#تحریکِ انصاف پنجاب پارلیمانی پارٹی کا وزیراعلیٰ بزدار پر بھرپور اظہارِ اعتماد۔


لگتا ہے جہانگیر ترین صاحب نے گورنر پنجاب کا آلوچنے والا بیان پڑھ لیا ہے۔
#وزیر زراعت پنجاب نے بہنوئی کو ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی کا چیئرمین تعینات کرالیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ کے بھائی متروکہ وقف املاک بورڈ کے رکن مقرر۔
میریٹ بنتا ہوگا ان تقرریوں کا ورنہ کپتان کے ہوتے ہوئے اقرباء پروری کون کرسکتا ہے میرے پاکستانیو؟
#میگاکرپشن مقدمات سالہاسال نہیں چلیں گے، چیئرمین نیب
لگتا ہے چیئرمین صاحب کی مدت ملازمت ختم ہونے والی ہے۔


#اسد عمر کو احترام کی نظر سے دیکھتا ہوں، جہانگیرترین
لگتا ہے یہی نظر لگی ہے اسد عمر صاحب کو۔
#مشیرِ اطلاعات بنتے ہی فردوس عاشق اعوان کے خلاف نیب کی تحقیقات ختم۔
اسے ڈرائی کلیننگ تو نہیں کہتے ناں؟
#دواوٴں کی قیمتیں کچھ ن لیگ نے بڑھائیں، کچھ ڈالر کی وجہ سے بڑھیں، سابق وزیر صحت عامر کیانی
ڈالر کی طاقت کا تو ہرکوئی معترف ہے لیکن حیرت ہے ن لیگ کی حکومت کے فیصلے بھی تبدیلی سرکار تبدیل نہیں کرسکتی۔


#میری طرف سے کوئی پیشکش نہیں ہوئی، چودھری شجاعت نے شہبازشریف سے رابطوں کی تردید کردی۔
لگتا ہے مونس الٰہی آج کل بڑے چودھری صاحب سے دور دور رہتے ہیں۔
#سابق وزرائے اعلیٰ فورم قائم، منظور وٹو کنوینئر مقرر۔
اسے کہتے ہیں: سلطانی چلی بھی جائے تو بوئے سلطانی نہیں جاتی۔
#اسد عمر تحریکِ انصاف کا سرمایہ، شیخ رشید کے بعد شفقت محمود بھی بول پڑے۔


مارکیٹ میں فی الحال مشرف اور پیپلزپارٹی کا سرمایہ مستحکم ہے۔
#پتا نہیں کس مصلحت کے تحت تمام سیاسی جماعتیں خاموش ہیں، مولانا فضل الرحمن
اسے تجاہلِ عالمانہ کہا جاسکتا ہے کیا؟
#عوام کے لیے بری خبر، یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان
عوام کے لیے اچھی خبر آئی کب ہے، پچھلے کافی عرصے سے۔
#خدا چاہتا ہے ملک کے کمزور لوگوں کو اوپر اٹھاوٴں، وزیراعظم
اور آپ نے اعجازشاہ، عبدالحفیظ شیخ، اعظم سواتی، فردوس عاشق اعوان ، ندیم بابر اور دیگر کو کابینہ میں لے لیا۔


#سائنس وٹیکنالوجی کی وزارت دینے کا فیصلہ وزیراعظم نے کیا، فواد چودھری
حالانکہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں آپ کی مہارت ہیلی کاپٹر کا کرایہ بتانے سے ہی عیاں ہوگئی تھی۔ ویسے آپ کو وزارتِ اطلاعات دینے کا فیصلہ کس نے کیا تھا، یہ بھی تو بتائیں؟
#بے سہارا اور مفلوک الحال افراد کی مدد زندگی کا مقصد ہے، چودھری پرویزالٰہی
سردار عثمان بزدار کی وزارتِ علیا کو آپ کی مدد بھی حاصل ہے ناں؟
#اقتدار عمران کے ہاتھوں سے پھسل رہا ہے، قمرزماں کائرہ
لگتا ہے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے رابطے ہیں آپ کے۔


#چودھری نثار کا پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف نہ اٹھانے کا فیصلہ برقرار۔
اس کا مطلب ہے بات بنی نہیں چودھری صاحب کی۔
#حکومت آئی ایم ایف کی شرائط کیوں نہیں بتاتی، پیپلزپارٹی
حکومت کی مرضی، آپ کو کیا؟
#حکومت کی نوازدور کی صحت پالیسی کی تعریف، بحالی کا اعلان
ہر ہفتے نواز دور کی کسی نہ کسی پالیسی کی تعریف ہوتی رہی تو کہیں سابق حکومت ہی بحال نہ ہوجائے صاحب!
#وزیراعظم کی ترجمانی کرتے رہیں گے، فواد چودھری
پہلے تو صرف نعیم الحق صاحب تھے، اب ڈاکٹر فردوس صاحبہ بھی ہیں، مشاورت میں ذرا دھیان سے!
#خواہش ہے اسد عمر دوبارہ کابینہ میں آئیں، وزیراعظم
ان کو کابینہ سے نکلوانے والوں کی طاقت کا اندازہ ہورہا ہے آپ کے اس بیان سے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :