لوڈ شیڈنگ کا عذاب ۔۔۔”سب اچھاہے “

ہفتہ 10 جولائی 2021

Mirza Rizwan

مرزا رضوان

مینار پاکستان کے سبز ہ زار میں وہ جگہ ڈھونڈنے کی کوشش کی جہاں کسی وقت اپنے دور حکومت میں شہباز شریف احتجاجی طور پر کچھ وقت لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے لگائے گئے ”احتجاجی کیمپ “میں بیٹھ کر ہاتھ والے پنکھے سے ہوا لیتے اور لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کرتے دکھائی دیتے تھے ۔ان کی اس عوام دوستی کی مثال ملنا مشکل ہے ، وہ بھی کیا وقت تھا کہ جب وہ عوام کو سخت گرمی میں گھنٹوں جاری رہنے والی لوڈشیڈنگ سے پریشان حال دیکھ کر کچھ وقت کیلئے خود بھی ”اے سی “کی ٹھنڈک سے مستفید ہونا چھوڑ دیتے تھے ۔

خیر ان کی ایسی عوام دوستی سے لبریز اور بھی بہت سی مثالیں موجود ہیں جن کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا، بارش کے دوران ”لمبے شوز“پہن کر وہ کبھی لکشمی چوک میں کھڑے واسا حکام کو نکاسی آب کیلئے احکامات صادر کرتے دکھائی دیتے تو کبھی پنجاب کے کسی دیہات کے غریب کے گھر اس کی دادرسی کیلئے چارپائی پر بیٹھے دکھائی دیتے ۔

(جاری ہے)

۔۔
یقینا آج گرمی کی شدت شہباز شریف کے دور سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ملک بھرمیں جاری غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی ماضی سے کہیں زیادہ اپنی انتہاکو پہنچ چکی ہے ، جبکہ غیراعلانیہ بدترین لوڈ شیڈنگ کی موجودہ صورتحال میں ہمارے وفاقی وزیر حماد اظہر بھی بہت معصوم اور ”بھلے مانس “دکھائی دیئے ہیں، وہ بھی ماضی کی حکومتوں کی طرح ”سب اچھاہے “کی رپورٹ دینے والے مشیر کے ہتھے چڑھ گئے ہیں ، جن کی اولین ترجیح ان کے ”باس “کی بجلی کی 24گھنٹے فراہمی کو یقینی بنا کر ان کو یقین دلاناہے کہ جیسے آپکی بجلی 24گھنٹے آرہے ہے اسی طرح پورا ملک ”اے سی “کی ٹھنڈک میں خواب خرگوش کے مزے لے رہاہے ، لہذا اگر عوام ٹھنڈے کمروں میں سو رہے ہیں تو پھر ”سب اچھا ہے“کی رپورٹ فائل کرکے ”وفاقی وزیر “کو بھی بروقت سلا دینے میں ہی انہیں ”مشیروں“ کی جان و مال کی عافیت ہے ۔

اور اسی ”سب اچھاہے “کی رپورٹ کو وزیراعظم آفس بھجواکر ”یقین کامل “کروادیاجاتاہے کہ آپ بھی آرام سے ٹھنڈے کمروں کے مزے لیں ، جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے ، نجانے وفاقی وزیر حماد اظہر کو کس ”مشیر خاص“نے رپورٹ کردی ہے کہ ملک میں کسی بھی جگہ غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی ، جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ ملک کا شاید ہی کوئی کونا بچا ہو جہاں پر غیراعلانیہ اور لمبی چوڑی لوڈشیڈنگ نہ ہورہی ہو، مجھے تو یوں لگتا کہ جیسے اس ”مشیرخاص“کی فائل کردہ ”سب اچھا ہے “رپورٹ میں یہ بھی مینشن کیا ہو کہ الحمد اللہ ہماری حکومت کی شب وروز محنت اور حب الوطنی کی بدولت پاکستان میں بجلی کی پیداوار اس قدر بڑھ چکی ہے کہ اب تو ہمارے ہمسایہ ممالک افغانستان ، چین ، بھارت ، بنگلہ دیش و دیگر پاکستان سے بجلی خرید کر اپنے اپنے ملک وقوم کو ترقی کی منازل بہت تیزی سے طے کروارہے ہیں ، اور بجلی فروخت کرکے پاکستان کا قومی خزانہ روپے پیسوں سے بھر چکاہے ، جس کی وجہ سے پاکستان اب بجلی پیدا کرکے دوسرے ممالک کو فروخت کرنے میں خاصا خود کفیل ہوچکا ہے۔


محترم جناب حماد اظہر صاحب !
پورا ملک ایک طرف ، جناب آپ تو لاہور کے پیدائشی رہائشی ہیں اور ماضی کی حکومتوں کی تلخیوں سے باخوبی آشنا بھی ہیں ، عوام میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پائی جانیوالی ”اذیت“سے بھی آپ کی آشنائی ہوگی ، عین ممکن ہے کہ آپکو یہ بھی اندازہ ہوکہ لاہور کے کس کس علاقے میں کتنے کتنے گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اب اعلانیہ ہے یا پھر غیر اعلانیہ ۔

۔۔پھر آپ نے بھی ماضی کی حکومتوں کی طرح ”سب اچھاہے ‘ ‘ کی رپورٹ پر آنکھیں بند کرکے ”یقین کامل “کیسے کرلیا ، آپ کو ایک بھی ایسا مشیر نہیں ملا جو آپ کو حقیقت کی تلخ عینک دے سکے ، جس کو پہننے کے بعد ہی آپ کو نظر آسکے کہ بچاری غریب عوام لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شدید اذیت سے دوچارہے ،خدارا ان ٹھنڈے کمروں سے کچھ وقت کیلئے باہر نکلیں اور دیکھیں عوام بچاری کا کیا حال ہوچکا ہے ، مجھے علم کہ رات کے اندھیرے میں خاموشی سے بستر چھوڑ کر عوام کی خبر گیری کرنا ایک عظیم فریضہ ہے لیکن اب تو آپ دن کے اجالے میں خبر گیری کریں تو عوام آپ کو اس اذیت ناک لوڈشیڈنگ سے دوچار سراپا احتجاج ہی نظر آئیگی ،آپ پاکستان کے کسی بھی ”ماڑے “علاقے میں تشریف لے جائیں اور پوچھیں عوام سے کہ ان کے علاقے میں کتنے گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ، کیا ہماری عوام نے آپ کے اس حکومت میں ”ریلیف“نام کوئی چیز سنی یا دیکھی ہے ، اگر دیکھی تو عوام کے سامنے بھی آنی چائیے ، کیا ہماری عوام بھی آپ ہی کی طرح ٹھنڈے ٹھار کمروں میں سکون کی زندگی بسر کررہے ہیں ، جہاں تک مجھے علم ہماری عوام نے بجلی کے نرخ بڑھنے اور اذیت ناک لوڈشیڈنگ پر بجلی کے بل تو نہیں جلائے مگر خود جل کر راکھ ہو گئے ہیں ، یہ آپ کی اولین ذمہ داری ہے کہ آپ اپنی تمام تر صلاحتیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس کا فوری طور نوٹس لیں اور دیکھیں کہ کہیں ”سب اچھاہے “کی رپورٹ حقیقت کے برعکس تو نہیں، یہاں میں یہ بھی عرض کردوں کہ یہ باتیں اب پرانی ہوچکی ہیں کہ جن علاقوں میں بجلی چوری کی جاتی ہے انہیں علاقوں میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی ہوتی ہے ، جناب عالی!پھر تو سارا ملک ہی بجلی چور ہے سوائے ایلیٹ علاقوں کے ، دوسری جانب محترم شہباز شریف سے اسی عوام کی ہمدردانہ اپیل ہے کہ مینار پاکستان کے سبزہ زار میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف دوبار ہ ہاتھ والے پنکھے ہلانے والا احتجاجی کیمپ پھر سے آباد کریں عین ممکن ہے کہ آپ کے مشیروں کے علاوہ لوڈشیڈنگ کی چکی میں پسی عوام بھی آپ کے احتجاجی کیمپ میں آپ کے شانہ بشانہ شریک ہو، اور اس ”سب اچھا ہے “ کی رپورٹ کو حقیقت سے روشناس کیا جاسکے۔

۔۔۔
اللہ کریم ہمارے وطن عزیز کو ہمیشہ سربلند رکھے ۔آمین یارب العالمین ۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :