مسلم لیگ ن کے لیے صبح سویرے بُری خبر

مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل مئی 11:30

مسلم لیگ ن کے لیے صبح سویرے بُری خبر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 مئی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قادر پور راں سے تعلق رکھنے والے ن لیگی رہنما مظہر عباس راں نے پارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ پی ٹی آئی کے سینئیر رہنما شاہ محمود قریشی نے ن لیگ کے رکن اسمبلی سے ملاقات میں انہیں پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی جسے انہوں نے قبول کرلیا ۔

مظہرعباس راں آج بنی گالہ میں پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ جس کے بعد پی ٹی آئی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ پانامہ لیکس کیس میں پی ٹی آئی کو بڑی کامیابی حاصل ہونے کے بعد سے ہی پی ٹی آئی کی سیاسی فتوحات میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

پانامہ لیکس کیس میں نا اہل ہونے پر مسلم لیگ ن کے رہنما نواز شریف کو نہ صرف وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونا پڑا بلکہ انہیں پارٹی صدارت کے عہدے سے بھی ہاتھ دھونا پڑے۔

یہی وجہ ہے کہ نواز شریف نے سپریم کورٹ سے نا اہلی کے بعد عدلیہ مخالف بیانات دینا شروع کر دئے جن کی ان کے اپنے پارٹی رہنماؤں نے بھی مخالفت کی۔ نواز شریف کی عدلیہ اور ریاستی اداروں کے مخالف پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے کئی رہنما حکومتی جماعت سے علیحدگی اختیار کر چکے ہیں تاہم اب نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق متنازعہ بیان کی وجہ سے بچے کُھچے پارٹی رہنماؤں نے بھی پارٹی چھوڑنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق نواز شریف کے اس بیان سے ان کی پارٹی اور آئندہ الیکشن میں ان کے ووٹ بنک کو بھاری نقصان پہنچے گا ، جبکہ کچھ اطلاعات کے مطابق نواز شریف کے اس بیان کو لے کر پارٹی میں دھڑے بندی کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔

Your Thoughts and Comments