اذان نشر کرنےکےاحکامات کی خلاف ورزی پرٹی وی چینلزکوانتباہ

پیمرا نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر 45ٹی وی چینلز کو حتمی انتباہ جاری کردیا ،جبکہ غیرملکی مواد کی نشریات پر پابندی کے احکامات کی خلاف ورزی پر پانچ ٹی وی چینلز کو اظہارِ وجوہ کے نوٹس بھی جاری کردیا۔ترجمان پیمرا

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ مئی 17:56

اذان نشر کرنےکےاحکامات کی خلاف ورزی پرٹی وی چینلزکوانتباہ
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19مئی 2018ء) : پاکستان الیکٹرانک میڈیاریگولیٹری اتھارٹی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے رٹ پٹیشن نمبر 4098/2013 سے متعلق موٴرخہ 9مئی 2018ء کے تحت جاری کردہ احکامات جن کے تحت تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلزپر پانچ وقت اذان نشر کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا کی خلاف ورزی پر 45 ٹی وی چینلز کو حتمی انتباہ جاری کرتے ہوئے عدالتِ عالیہ کے احکامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

بصورتِ دیگر تمام چینلز کو مطلع کیاگیا ہے کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں مزیدکسی تاخیر کے چینل کے لائسنس کی معطلی کیلئے کاروئی عمل میں لائی جائے گی۔ جن چینلز کو حتمی انتباہ جاری کی گئیں ہیں ان میں اے آر وئی نیوز، جیو نیوز، ایکسپریس نیوز، سماء ٹی وی، اب تک، جاگ، نیوز ون، کیپیٹل ٹی وی،دن نیوز، نیوٹی وی، چینل 24، سچ ٹی وی، چینل ۵، بول نیوز، 7نیوز،کے 21، کوہِ نور ، خیبر نیوز، مشرق ٹی وی ، رائل ٹی وی، راوی ٹی وی ، ہم نیوز، کے ٹو، آکسیجن، جیو انٹرٹینمنٹ، ایکسپریس انٹرٹینمنٹ ، اے آر وئی ڈیجیٹل، ہم ٹی وی، آج انٹرٹینمنٹ، ٹی وی ون، ہم ستارے، اے پلس، فلمیزیا، ایچ ٹی وی، سی ٹی وی، اے آر وئی زندگی ، جیو کہانی، جلوہ، 8ایکس ایم، سٹار ایشیا، پلے انٹرٹینمنٹ ، اپنا، پشتو1، آواز اور ذائقہ شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

دریں اثناں اسلام آباد ہائیکورٹ کے مذکورہ فیصلہ کے تحت عدالتِ عالیہ نے ماہ رمضان میں تمام ٹی وی چینلز کو غیر ملکی مواد بالخصوص "انڈین" نشر کرنے پر پابندی عائد کی تھی جس کے بر عکس "جیو کہانی" اور فلمیزیا "نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یکم رمضان کو انڈین ڈرامے نشر کئے جن پر پیمرا نے دونوں چینلز کو اظہارِ وجوہ کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے غیر ملکی مواد فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

مزیدبرآں اتھارٹی نے اے آر وئی ڈیجیٹل ، ٹی وی ون اور بول نیوز پر عدالتی احکامات کے برخلاف لاٹری شوز دِکھانے پر اظہارِ وجوہ کے نوٹس جاری کرتے ہوئے مذکورہ پروگرام فوری بند کرنے کا حکم دیا ہے ۔ اتھارٹی نے تمام چینلز کوفوری طور پر عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے موٴرخہ 25مئی 2018ء کو ہمراہ جواب ذاتی شنوائی کے لیے طلب کیا ہے۔