Live Updates

وفاقی کابینہ کا کالعدم تحریک لبیک پاکستان پر عائد پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ

تنظیم پر پولیس والوں کو شہید کرنے، علاقائی فورسز پر تشدد کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے،الیکشن کمیشن سے تنظیم کا انتخابی نشان منسوخ کرنے کیلئے اقدامات وفاقی وزارت قانون اور اٹارنی جنرل کریں گے ، کابینہ فیصلے اسلام آباد میں رواں مون سون کے دوران 50 کروڑ درخت لگانے کی مہم شروع کی جائیگی ، ملک میں 2 کروڑ لوگ پاکستان میں ویکسینیشن کرواچکے ہیں، اس وقت کراچی اور خیبر پختونخوا میں کیسز بڑھے ہیں اور ہمیں اس کے خلاف جنگ جاری رکھنی ہوگی،سازشی عناصر سے دور رہیں اور ویکسین لگواکر اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی کی حفاظت کریں،عید کی 21سے 22جولائی تک تین چھٹیاں ہونگی ،پوری دنیا سے سینکڑوں پاکستانی قیدی رہا ہوکر پاکستان آئے ہیں،کابینہ سے زیادہ پروٹوکول سابق حکمرانوں اور بیوروکریٹس کے پاس ہے ، آئندہ ہفتے جامع رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی جائیگی اور اس کے بعد بتدریج پروٹوکول واپس لیا جائے گا،کابینہ نے پاک فوج کیلئے بنیادی تنخواہ پر 15 فیصد الاؤنس اور حلیم عادل شیخ کے خلاف جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے قیام کی منظوری دی ہے،پاکستان افغانستان کی بدلتی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، یہاں 30 لاکھ افغان مہاجرین پہلے ہی ہیں، دنیا تعداد کا تخمینہ لگانے کے بجائے پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو ،آزاد کشمیر کے انتخابات تحریک انصاف کیلئے بہتر ہوں گے، بلاول بھٹو زرداری مایوس ہوکر امریکا چلے گئے ہیں، ان کے پاس امیدوار بھی نہیں، فواد چوہدری کی بریفنگ

بدھ 14 جولائی 2021 00:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2021ء) وفاقی کابینہ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان پر عائد پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیم پر پولیس والوں کو شہید کرنے، علاقائی فورسز پر تشدد کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے،الیکشن کمیشن سے تنظیم کا انتخابی نشان منسوخ کرنے کیلئے اقدامات وفاقی وزارت قانون اور اٹارنی جنرل کریں گے جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہاہے کہ اسلام آباد میں رواں مون سون کے دوران 50 کروڑ درخت لگانے کی مہم شروع کی جائیگی ، ملک میں 2 کروڑ لوگ پاکستان میں ویکسینیشن کرواچکے ہیں، اس وقت کراچی اور خیبر پختونخوا میں کیسز بڑھے ہیں اور ہمیں اس کے خلاف جنگ جاری رکھنی ہوگی،سازشی عناصر سے دور رہیں اور ویکسین لگواکر اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی کی حفاظت کریں،عید کی 21سے 22جولائی تک تین چھٹیاں ہونگی ،پوری دنیا سے سینکڑوں پاکستانی قیدی رہا ہوکر پاکستان آئے ہیں،کابینہ سے زیادہ پروٹوکول سابق حکمرانوں اور بیوروکریٹس کے پاس ہے ، آئندہ ہفتے جامع رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی جائیگی اور اس کے بعد بتدریج پروٹوکول واپس لیا جائے گا،کابینہ نے پاک فوج کیلئے بنیادی تنخواہ پر 15 فیصد الاؤنس اور حلیم عادل شیخ کے خلاف جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے قیام کی منظوری دی ہے،پاکستان افغانستان کی بدلتی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، یہاں 30 لاکھ افغان مہاجرین پہلے ہی ہیں، دنیا تعداد کا تخمینہ لگانے کے بجائے پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو ،آزاد کشمیر کے انتخابات تحریک انصاف کیلئے بہتر ہوں گے، بلاول بھٹو زرداری مایوس ہوکر امریکا چلے گئے ہیں، ان کے پاس امیدوار بھی نہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو یہاں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں یوم شہداء کشمیر کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ کی گئی۔ 13 جولائی 1931ء کو 21 کشمیریوں کو اس بات پر شہید کر دیا گیا تھا کہ وہ حق گوئی اور بے باکی کے لئے کھڑے ہوئے۔ آج وفاقی کابینہ اور قوم ان کشمیری جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور آئی ووٹنگ کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ الیکٹورل ریفارمز کے حوالے سے صورتحال بہتر ہو رہی ہے، اپوزیشن کے ساتھ بہت سی چیزوں پر اتفاق ہو چکا ہے،جن پر اتفاق نہیں ہے ہم کوشش کر رہے ہیں ان پر بھی اتفاق ہو جائے، ای وی ایم مشین میں ہمارا مقصد انتخابات کو شفاف بنانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کے نتیجہ میں عیدالاضحی کے موقع پر سعودی حکومت کی جانب سے مزید 85 قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے۔ ان قیدیوں کو واپس لانے کے لئے خصوصی طیارہ بھجوایا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دورہ پاکستان کے دوران اعلان کیا تھا کہ ہم ان قیدیوں کو رہا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی رہائی کا عمل مسلسل چل رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پوری دنیا سے سینکڑوں قیدی رہا ہوئے، بیرون ملک جو لیبر طبقہ جیلوں میں ہے ان کے لئے یہ بڑی خوش خبری ہے۔ جو قیدی سنگین جرائم میں ملوث نہیں ہیں ان کو واپس لانے کا کام کافی تیزی سے جاری ہے۔ امید ہے کہ زیادہ تر پاکستانی جلد پاکستان واپس آ جائیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل نے کووڈ کے پھیلائو اور ویکسینیشن کی صورتحال پر کابینہ کو بریفنگ دی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ گذشتہ روز پانچ لاکھ 25 ہزار کووڈ کی ڈوزز لگائی گئیں اور اب تک دو کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ کل اس حوالے سے این سی او سی ایک جامع رپورٹ بھی دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی اور خیبر پختونخوا میں کووڈ کے کیسز بڑھے ہیں، پنجاب میں صورتحال کنٹرول میں ہے، یہ ضروری ہے کہ احتیاطی اقدامات کو بروئے کار لایا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے 20 سے 22 جولائی تک تین روز عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ کو اہم شخصیات بشمول وزرا، وزرائے مملکت اور منتخب نمائندوں، جج صاحبان ، سرکاری ملازمین اور دیگر افراد کی سیکورٹی اور ان کے زیر استعمال پروٹوکول کی صورتحال پیش کی گئی۔ کابینہ سے کہیں زیادہ پروٹوکول اپوزیشن اور سابقہ بیورو کریٹس کے پاس ہے۔

یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے ایک جامع رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ کابینہ اجلاس میں سیکورٹی اور پروٹوکول کو ریشنلائز کرنے کے حوالے سے جامع پلان پیش کیا جائے۔ چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ مون سون شجرکاری کے حوالے سے حکومت حالیہ مون سون شجرکاری کے دوران ملکی تاریخ کی سب سے بڑی مہم کا آغاز کرے گی۔

اس حوالے سے تمام صوبوں میں بھرپور شجر کاری مہم چلائی جائے گی۔ وزیرِاعظم نے تمام وزرا، ایم این ایز اور ایم پی ایز کو شجر کاری مہم میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 50 کروڑ درخت لگائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ کو نوشہرہ میں ریلوے کی اراضی پر کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیر کے معاملے پر بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ مذکورہ زمین کا نیشنل ایسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ذریعے بہتر انتظام یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کو وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ای ایٹ اور ای-نائن میں تجاوزات کو ہٹانے اور گرین ایریاز کی بحالی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے اس پر بہت تشویش کا اظہار کیا ہے کہ 1960ئ سے 2010ئ تک اسلام آباد کے شہر کے حجم میں جتنا اضافہ ہوا ہے اتنا ہی اضافہ 2010ء سے 2020ء کے دوران ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں گرین ایریاز میں تجاوزات بڑھی ہیں، اسلام آباد میں آبادی کا دبائو بھی زیادہ ہوا ہے۔

نیوی اور ایئر فورس سے کہا گیا ہے کہ وہ گرین ایریاز سے اپنی دیواریں پیچھے ہٹا دیں، انہوں نے اس پر عمل شروع بھی کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک شہر بنانے کے لئے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس پر مکمل عمل درآمد کریں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پاکستان کی مصنوعات کا تحفظ کرنے کے لئے وفاقی کابینہ نے وزارتِ کامرس کی جانب سے نشاندہی کی جانے والی چند زرعی اور غیر زرعی مصنوعات کی جیوگرافیکل انڈیکیشن (رجسٹریشن اینڈ پروٹیکشن) ایکٹ 2020ئ کے تحت رجسٹریشن کی منظوری دی۔

اس فہرست میں ان اداروں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جنہوں نے ان مصنوعات کو جیوگرافیکل انڈیکیشن قانون کے تحت رجسٹر کرایا ہے۔ یہ ادارے ان مصنوعات کے حوالے سے تمام ضروری تفصیلات رکھیں گے جن میں ان مصنوعات کی خصوصیات، ان کی پیداوار کا طریقہ کار، پیدا ہونے والے علاقوں کی تفاصیل اور مصنوعات سے متعلق دیگر تفصیلات درج ہوں گی۔ ان اقدامات کا مقصد پاکستان کی مخصوص مصنوعات کی شناخت برقرار رکھنا اور ان کا تحفظ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں کراچی شپ یارڈ و انجنیئرنگ ورکس کو فرسٹ رائٹ آف ریفیوزل دینے کا ایجنڈا موخر کر دیا گیا۔ کابینہ نے پاک فوج کیلئے جاری بنیادی تنخواہ کا 15 فیصد سپیشل الائونس 2021ء دینے کی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کہ دو سالوں سے فوج کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ گذشتہ سال سول و فوجی اہلکاروں کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔

بعد ازاں سول ملازمین کے مطالبہ پر ان کی تنخواہوں میں 25 فیصد تک اضافہ کیا گیا تھا تاہم فوج کی تنخواہ میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ رینجرز اور ایف سی کو بھی اس میں شامل کیا جائے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے پولینڈ، آسٹریلیا، فرانس، چیک ری پبلک، بداپسٹ اور ترکی سے میوچل لیگل اسسٹنس کے حوالے سے موصول شدہ درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے ان درخواستوں کو متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھجوانے کی منظوری دی۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی کی درخواست پر ان کے خلاف سندھ حکومت کی جانب سے قائم مقدمات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے قیام کی منظوری دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ تحریک لبیک پاکستان نامی تنظیم کی جانب سے نظرثانی کی درخواست پر غور کے لئے قائم کمیٹی کی رپورٹ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی گئی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ کمیٹی کی جانب سے پنجاب حکومت اور تنظیم کے موقف کو سننے اور حقائق کی چھان بین کرنے کے بعد کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ تنظیم پر پابندی لگانے کا فیصلہ میرٹ اور حقائق پر کیا گیا تھا۔ کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کابینہ نے پابندی کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے اقبال اکیڈمی پاکستان لاہور کے نائب صدر، خزانچی اور گورننگ بورڈ کے پانچ ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی۔

عارف نظامی نائب صدر، شوکت امین شاہ خزانچی جبکہ ممبران میں ولید اقبال(پنجاب)، رئوف پاریخ (سندھ)، محمد ایوب صابر (خیبر پختونخوا) ، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق (بلوچستان) اور پروفیسر فتح محمد( فیڈرل ایریاز) شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے 49 ادویات کی ریٹیل پرائس مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ وہ ادویات ہیں جو پاکستان میں نہیں بن رہی تھیں، قانون کے تحت ان کی ابتدائی قیمت وفاقی حکومت نے مقرر کرنا ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے محمد امجد خان کو سی ای او اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے آلٹرنیٹ انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ اور پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ کے انضمام کے پیش نظر شاہ جہاں مرزا (ایم ڈی پی پی آئی بی) کو اے ای ڈی بی کے سی ای او کا اضافی چارج دینے کی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے نیسپاک کے نئے ایم ڈی کی تعیناتی تک کمپنیز ایکٹ 2017ئ کے تحت موجودہ/ریٹائر ہونے والے ایم ڈی کو اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنے کی تجویز کی منظوری دی۔

وزارتِ منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات کی ذمہ داریوں کے حوالے سے رولز آف بزنس میں ضروری ترمیم کی تجویز بھی کابینہ نے منظور کی۔ وفاقی کابینہ نے جاوید احمد صدیقی کو پاکستان ریلوے فریٹ ٹرانسپورٹیشن کمپنی کا چیف ایگزیکیٹو آفیسر تعینات کرنے کی منظوری دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر پاکستان گہری نگاہ رکھے ہوئے ہے، پہلے ہی تین ملین کے قریب افغان مہاجرین یہاں موجود ہیں، دنیا کو چاہئے کہ وہ افغان مہاجرین کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو، اس مسئلہ پر پاکستان کو بہت تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے افغانستان میں حالات خراب ہو رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ افغانستان میں ایسے حالات پیدا نہ ہوں جس کی وجہ سے افغان شہریوں کو دوبارہ ہجرت کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ وزارتیں اس معاملے کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے جامع پالیسی مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے پچھلے تجربات سے سیکھنا چاہئے اور ایک جامع پالیسی بنانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پوری کوشش ہے کہ افغانستان میں امن ہو، اس کے لئے عالمی مدد درکار ہے، اس میں تعاون ہونا چاہئے تبھی ہم افغانستان کے معاملہ پر آگے بڑھ سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 23 جون 2021ئ کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ لاہور میں سروسز ہوٹل کی ریزرو پرائس ایک ارب 95 کروڑ روپے رکھی گئی ہے، اس کے لئے ٹرانزیکشن ایڈوائزر مقرر کیا گیا ہے۔

سروسز ہوٹل نجکاری کے لئے پیش کیا جا رہا ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 8 جولائی 2021ئ کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ کابینہ نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ٹیلی ویڑن اور ریڈیو کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے معاہدے کے مجوزہ مسودے کی منظوری دی۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کشمیر کے الیکشن میں وزیراعظم خود جائیں گے، پی ٹی آئی کے لئے یہ موزوں الیکشن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو الیکشن مہم سے مایوس ہو کر امریکہ روانہ ہو چکے ہیں، ان کے امیدوار ہی پورے نہیں ہیں۔ ایک اور سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے پاکستان کا موقف بہت واضح ہے، ہم امن کی بات کر رہے ہیں، تمام افغان گروپوں سے ہمارا رابطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلخیاں پیدا کرنا آسان اور انہیں حل کرنا مشکل ہوتا ہے، پاکستان کا کردار پوری دنیا دیکھ رہی ہے، ہم امن کے لئے کھڑے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس وقت سعودی عرب سے قیدی رہا ہو کر وطن واپس آ رہے ہیں، امریکہ کے ساتھ ہمارا ایسا کوئی انتظام نہیں ہوا۔
Live پاکستان میں کرونا وائرس کی چوتھی لہر سے متعلق تازہ ترین معلومات