سندھ اسمبلی، جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کی قراردادمتفقہ طورپر منظور

جمعہ 14 مارچ 2025 23:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2025ء)سندھ اسمبلی نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کے خلاف ایک مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی جس میں دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے ،یرغمالیوں کو بازیاب کرانے پر سیکوریٹی اداروں کو زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔،سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو پینل آف چیئرپرسن ریحانہ لغاری کی زیر صدارت میں شروع ہوا ایوان کی کارروائی کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے سے متعلق ایک قراداد پیش کی- وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ چند روز قبل دہشت گردوں نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا یہ بزدلانہ کارروائی انتہائی قابل مذمت ہے ہم اپنی بہادر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جس نے تمام یرغمالیوں کو بحفاظت دہشت گردوں سے بازیاب کرایا - انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی جلدی آپریشن کیا اور تمام دہشت گردوں کو جہنم رسید کیا اس کامیاب پرحکومت بلوچستان اور پاک فوج کو مبارک باد پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ایوان کی کارروائی شروع کرنے سے قبل ضروری ہے کہ پاک فوج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے انہوں نے تمام پارلیمانی پارٹیوں سے کہا کہ وہ قراداد متفقہ طور پر منظور کرائیں تاکہ قومی یکجہتی کا اظہار ہوسکے - اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ بزدلانہ کاروائی تھی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے - انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کو یرغمال بناکر انہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا گیا - وزیر صحت نے کہا کہ اس موقع پرسوشل میڈیا کا کردار انتہائی قابل مذمت تھا - انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور تمام سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے اس واقعہ کے بعد تاریخی کارنامہ سر انجام دیا اور پاک فوج نے خوش اسلوبی کے ساتھ آپریشن کیا ایم کیو ایم کے عبدالوسیم نے کہا کہ11 مارچ کا دن پاکستان کے لئے افسوس ناک دن تھا ،پاک فوج نے بہت تیزی کے ساتھ یرغمالیوں کو بازیاب کروایا اس کارروائی کے دوران فورسز کے چار جوان بھی شہید ہوئے وہ اس واقعے کے ہیرو ہیں - انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں ملکی اور غیر ملکی لوگ ملوث ہیں - انہوں نے کہا کہ ہماری فوج نے دشوار گذار راستوں پر مہارت کے ساتھ آپریشن کیا انہوں نے کہا کہ ہمیں کوشش کرنی پڑے گی کہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں دہشت گردوں کو اب جڑ سے اکھاڑنا پھینکنا قومی ضرورت بن گیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کوئی بھی پروپیگنڈہ قابل قبول نہیں ایم کیو ایم کی جانب سے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے سردار خان چانڈیو نے کہا کہ بلوچ کلچر میں یہ بالکل بھی نہیں ہے کہ خواتین پر حملہ کیا جائے حملہ آور انسانیت کے مجرم ہیں دہشت گردی کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں پاک فوج کی کاروائی قابل تعریف ہے یہ پاکستان کے خلاف ایک گہری سازش تھی ہم ایسی سازشوں کی مذمت کرتے ہیں اور پاکستان کے خلاف اٹھنے والی تمام قوتوں کو کچل کر رکھ دیں گے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو توڑنے کی سازش پہلے بھی ناکام ہوئی ہیں اور آئندہ بھی ناکام ہوں گی - پیپلز پارٹی کے رکن امداد پتافی نے کہا کہ ہم اس قرارداد کی مکمل حمایت کرتے ہیں ہماری فوج دشمن کو نیست و نابود کرکے رکھ دے گی تاہم ہمیں اس مسئلے کا مستقل حل ڈھونڈنا پڑے گا جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہم نے ہمیشہ نظریاتی اور جغرافیائی حدود کا تحفظ کیا ہے یہ بیرون ممالک سے سازشیں ہو رہی ہیں - انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وزیر اعلی نے کہا ہے کہ بلوچوں کا نام نہ لیا جائے بلوچ غیرت مند اور محب وطن ہیں انہوں نے کہا کہ یہ آگ جنرل پرویز مشرف نے جلائی تھی لوگوں کو پہاڑوں پر چڑھنے پر مجبور کیا گیا ایک نوجوان غائب ہوتا ہے ان کے گھر سے تین خود کش نکلتے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچوں کو باغی نہ بنایا جائے بلکہ ان کو گلے سے لگایا جائے - لاپتہ نوجوانوں کے والدین برسہا برس سے عدالتوں میں بھٹک رہے ہیں جعفر ایکسپریس واقعہ کے مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانا چاہئے اور لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کیا جائے انہوں نے کہا کہ میں اس قرارداد کی حمایت کرتا ہوں- وزیر بلدیات سعید غنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سانحہ جعفر ایکسپریس افسوس ناک ہے جو جانیں قربان کرتے ہیں اس کو نہیں بھولنا چاہئے برینجرز اپنا کردار ادا کر رہی ہے - انہوں نے کہا کہ ہم اس پر اعتراض کر سکتے ہیں لیکن وہ اپنا بنیادی کام خوش اسلوبی سے کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا قیام امن کے لئے بہت بڑا کردار ہے - انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اس ملک میں بہت بڑا چیلنج ہے اگر دہشت گردی پر کنٹرول نہیں ہوا تو جو بھی اچھے کام ہو رہے وہ نہیں ہو سکیں گے انہوں نے اس بات کو انتہائی افسوس ناک کہا کہ ہم دہشت گردوں سے لڑنے والی فوج پر تنقید کرتے ہیں - سعید غنی نے کہا کہ جو جوان اپنی جان قربان کرتے ہیں وہ اس ملک کے لئے جان دیتے ہیں جو اپنی جان دیتا ہے اس کی تعریف ہونی چاہئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں گمراہ لوگ جان دینے والوں کے خلاف پروپیگنڈہ کرتے ہیں - دہشت گردوں کے ساتھ ان لوگوں کی بھی مذمت کرنی چاہئے وہ لوگ بلواسطہ یا بلواسطہ دہشت گردوں کے ساتھی ہیں انہوں نے کہا کہ مسجد کے اندر دھماکہ کرنے والے نہ مسلمان ہیں نہ انسان ہیں سعید غنی نے کہا کہ فوج رینجرز اور پولیس کے جوان ہمارے ہیرو ہیں - ایم کیو ایم کے رکن محمد مظاہر نے کہا کہ اس واقعے میں پاک فوج نے زبردست کردار ادا کیا کچھ لوگوں نے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی پاک فوج پر تنقید کی گئی جو افسوس ناک ہے - انہوں نے کہا کہ ہماری سیکورٹی ایجنسیوں کی وجہ سے ہم پر امن ماحول میں ہیں - پیپلز پارٹی کے رکن تیمور تالپور نے کہا کہ فوج کی وجہ سے ہم سینہ تان کر چلتے ہیں بھارت اور افغانستان سے ہمارے خلاف کام ہو رہا ہے - انہوں نے تجویز پیش کی کہ بلوچستان میں بات چیت کے سلسلہ کو شروع کرنا چاہئے بلوچستان کے بزرگوں کو آگے لانا چاہئے مجھے امید ہے کہ ہمارے بلوچ بہن بھائی اس بات کو سمجھیں گے - انہوں نے کہا کہ اندرون ملک را کا جو چہرہ ہے اس کو کنٹرول کرنا ہوگا۔

انڈیا کا میڈیا ہم سے دشمنی کر رہا ہے -مقامی طور پر سوشل میڈیا پر مہم چلائی جاتی ہے میں بانی پی ٹی آئی کی بات کر رہا ہوں - تیمور تالپور کے ان الفاظ پر پی ٹی آئی ارکان نے ایوان میں احتجاج جس پر تیمور تالپور نے کہا کہ یہ لوگ یہاں چلانے کے بجائے خان اور بشری بی بی کو سمجھائیں تو زیادہ بہتر ہوگا انہوں نے کہا کہ یہ آستیں کے سانپ ہیں ملک کے خلاف ہیں۔

ایم کیو ایم کی قر العین نے کہا کہ سانحہ جعفر ایکسپریس بزدلانہ عمل تھا اس کی مذمت کرتے ہیں - انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج قابل فخر اور قابل تحسین ہے ہماری حفاظت کے لیئے ہمارے جوان راتوں کو جاگتے ہیں - انہوں نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے ہم اس قراداد کی بھرپور حمایت کرتے ہیں- پیپلز پارٹی کے رکن نادر مگسی نے کہا کہ یہ پورا ایوان بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے جعفر ایکسپریس جو واقعہ ہوا وہ افسوس ناک ہے جو جوان شہید ہوئے ان کے لیئے ہماری دعائیں ہیں - انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ملک میں جڑ پکڑ گئی ہے , دہشت گردی کا مسئلہ بندوق کے زور پر حل نہیں ہوگا بات چیت کرنے سے یہ مسئلہ حل ہوگا دونوں اطراف سے یہ سوچنا چاہئی- قائد حزب اختلاف علی خورشیدی نے کہا کہ میں بحثیت لیڈر آف اپوزیشن اس قرارداد کی حمایت کرتا ہوں۔

پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ پیرا ملٹری فورسز کو سلام تحسین پیش کرتے ہیں - انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کو ری وزٹ کرنے کی ضرورت ہے - پارا چنار کا واقعہ ہو یاایسے دیگرواقعات ان سب کی روک تھام کے لئے متحد ہونے کی ضرورت ہے تاہم کچھ لوگوں کے لیئے ان کا لیڈر مقدم ہے پاکستان مقدم نہیں ہے - سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج سنجیدہ قرارداد ہے تمام ممبران سنجیدگی کا مظاہرہ کریں - جعفر ایکسپریس کا حملہ نہایت تشویش ناک ہے انہوں نے کہا کہ یہ جعفر ایکسپریس پر نہیں پاکستان کے دل پر حملہ ہوا - پاکستان کی معیشیت پر حملہ کیا گیا جب ملک میں معیشیت بہتر ہو رہی ہوتی ہے ایسے حملے کرائے جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ضرور احساس محرومی ہے ماضی میں نا انصافیاں بھی ہوئیں جن پر صدر آصف زرداری نے بلوچوں سے غیر مشروط معافی مانگی تھی صدر آصف زرداری نے آغاز حقوق بلوچستان شروع کیا تھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بلوچستان میں آج دہشت گردی ختم ہو جائے تو بلوچستان ترقی کرے گا -بلوچستان کے حالات سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خراب کئے گئے انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری سی پیک کے بانی ہیں جیسے ہی گوادر میں اقتصادی سرگرمی شروع ہوئی حملے کروائے گئے - انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک پاکستان کی ترقی نہیں چاہتے وہ لوگوں کو تقسیم کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ایک دوست ملک ہے وہ جب بھی سرمایہ کاری کرتا ہے ان پر حملے کون کرتا ہے یہ حملے بی ایل اے کرتی ہے وہ قبول بھی کرتی ہے - سندھ اسمبلی نے جعفر ایکسپریس پر حملے اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی - ایوان کی کارروائی کے دوران سندھ اسمبلی میں گورنر سندھ کی جانب سے منظور شدہ بل پیش ہوئے ایوان نے سندھ موٹر وہیکل ٹیکس ترمیمی بل اور سندھ کرمنل پرو سیکیوشن بل منظور کرلئے - وزیر ایکسائز مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ کمرشل استعمال کی گاڑیاں پرائیویٹ رجسٹرڈ ہوتی تھیں اب کمرشیل گاڑیوں کو کمرشیل ہی رجسٹرڈ کیا جائے گا۔

اس سے گاڑیوں کا غلط استعمال رک جائے گا انہوں نے کہا کہ حکومت کی آمدنی میں بھی اضافہ ہو سندھ اسمبلی نے دو سرکاری بل منظور کر لیئے بعدازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس پیردوپہر1.30بجے تک ملتوی کردیا گیا۔