Live Updates
مودی نے بھارت سے سیکولرزم ختم کرکے دنیا کی سب سے بڑی قتل گاہ بنا دیا ہے‘عرفان صدیقی
پیر 28 اپریل 2025
23:23
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2025ء)ایوان بالا میں اراکین نے پہلگام واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کی آڑ میں پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کو یکسر مسترد کردیا ہے اورکہا ہے کہ اگر بھارت نے سندھ تاس معاہدے کے تحت پانی بند کرنے یا پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اس کو سنگین نتائج بھگتنے ہونگے ،پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے حکومت فوری طور پر تمام آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرکے بھارتی حکومت کو بھوپور جواب دے ۔
سوموار کو سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے بھارتی جارحیت سے پیدا شدہ صورتحال کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پہلگام واقعے سے پہلے ہمیں نریندر مودی کے حوالے سے بات کرنا ہوگی جن کا سب سے بڑا کارنامہ 2002کے مسلم کش فسادات ہیں‘گجرات کو مسلمانوںکیلئے جہنم بنا دیا جس پر مودی کو گجرات کا قصاب کا خطاب دیا گیا اور انہوں نے اس کو اپنی سیاست کی حکمت عملی بنائی انہوں نے کہاکہ دنیا کا کوئی مذہب ظلم اور جبر کی تلقین نہیں کرتا ہے لیکن مودی نے انہی رویے کا پرچار کیا اور بھارت سے سیکولرزم ختم کرکے دنیا کی سب سے بڑی قتل گاہ بنا دیا ہے انہوں نے کہاکہ اب تک 90ہزار کشمیری باشندوں کو شہید کیا جاچکا ہے وہاں پر 7لاکھ بھارتی فوجی موجود ہیں ہر گلی میں ناکے اور پہرے لگے ہیں اور کوئی بھی انسان آزادی سے حرکت نہیں کرسکتا ہے انہوںنے کہاکہ مودی نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا اور مقبوضہ کشمیر میں غیر کشمیریوں کو لالا کر آباد کیا گیا تاکہ کشمیر میں مسلمانوں کی عددی حیثیت کو کم کیا جاسکے انہوں نے کہاکہ پہلگام ایک سیاحتی مرکز ہے وہاں پر دور دور سے سیاح آتے ہیں جہاں پردن دیہاڑے واردات ہوتی ہے جس میں چار افراد سیاحوں سے پوچھ گجھ کر قتل و غارت گری کرکے غائب ہوجاتے ہیں انہوں نے کہاکہ سیاحوں کی حفاظت کے لئے فوج کہاں تھی انہوں نے کہاکہ ابھی ان کی لاشیں موجود تھی اور ایک ایف آئی آر درج کرکے اس میں پاکستان کو مجرم قرار دیا جاتا ہے انہوں نے کہاکہ پہلگام آزاد کشمیر سے دو سو کلو میٹر کے فاصلے پر ہے اور لائن آف کنٹرول پر اونچی باڑ لگی ہوئی ہے انہوں نے کہاکہ ابھی تک ایک بھی ملزم نہیں پکڑا گیا ہے اور انڈیا کی این آئی اے کو مجرموں کا سراغ لگانے کا ٹاسک دیا گیا ہے لگتا ہے کہ ایف آئی آر پہلے درج کی گئی اور کاروائی بعد میں کی گئی ہے انہوں نے کہاکہ اس کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا ہے اور یہ واقعات ایک خاص موقع پر کئے جاتے ہیں اس سے پہلے امریکی صدر کلنٹن کے دورے کے موقع پر 40سکھو ں کو قتل کیا گیا اور اب امریکی نائب صدر کے دورے کے موقع پر کشمیری سیاحوں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا گیا مگر یہ جھوٹ اب مذید چلنے والا نہیں ہے انہوں نے کہاکہ سندھ تاس معاہدہ اس طرح معطل نہیں ہوسکتا ہے اس میں ورلڈ بنک سمیت دیگر عالمی ادارے ضامن ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان کے پانی کو روکنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے کہاکہ اگر ان نہروں میں پانی نہیں بہے گا اور تو اس میں تمہارا خون بہے گا انہوں نے کہاکہ ہمیں ہرگز یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ہمارا دشمن مکار اور چلاک ہے وہ مکار اور چالاک ہے مگر اسے معلوم ہونا چاہیے کہ حماقت کے نتیجے میں سخت سزا ملے گی انہوں نے کہاکہ پاکستان کے تحفظ کیلئے ہم سب یک جان ہیں ۔
(جاری ہے)
سینٹر سید علی ظفر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سینٹ کی جانب سے یہ پیغام ہندوستان کو بھجوا دیں کہ یہ ڈھول بند کردیں اس ڈھول میں ان کی آواز دب جائے گی‘ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی قوم بہادر اور پروقار قوم ہے ہم دہشت گردی کے خلاف ہیں اور اس کے خلاف جنگ میں لاکھوں جانوں کی قربانی دے چکے ہیں انہوں نے کہاکہ پہلگام واقعے پر افسوس ہے اور ان کے لئے دعا گو ہیں مگر ہندوستان کی انتہا پسند حکومت نے پاکستان پر الزام لگاتے ہوئے اسے ذمہ دار ٹہرایا انہوں نے کہاکہ پوری دنیا کو بتاتا ہوں کہ یہ الزام جھوٹا ،بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی ہے اور یہ انڈیا کی حکومت کی پرانی عادت ہے کہ وہ جھوٹے الزامات لگاتی ہے انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے سکھ کشمیریوں کی ہلاکت کا الزام پاکستان پر لگایا گیا اور جنگ کا ماحول بنایا گیا اور تحقیقات کے بعد ان کے اپنے افسر نے کہاکہ یہ انڈیا کی حکومت کا کیا دھرا ہے انہوںنے کہاکہ ہندوستان کی حکومت مقبوضہ کشمیر پر اپنے وحشیانہ قبضے کو بڑھانا چاہتے ہیں ان کو اپنے گریبان میں دیکھنا ہوگا کہ وہ کشمیر میں کیا کر رہے ہیں ان کا اصل مقصد سندھ تاس معاہدے کو ختم کرنا ہے پاکستان نے اس معاہدے پر پوری طرح عمل کیا ہے اور اب ان کی نظریں جہلم کے پانی پر لگی ہیں اس معاہدے کو ہندوستان کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کی کوئی شق نہیں ہے یہ اعلان غیر قانونی اقدام ہے اور ہم اس کو ہر گز قبول نہیں کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ یہ معاہدہ پانی کے بارے میں ہے اور پانی کا مسئلہ جب آتا ہے تو یہ ہمارا حق ہے کہ ہم اس کو استعمال کریں کیا اس سے بڑی کوئی دہشت گردی ہوسکتی ہے کہ کروڑوں عوام سے اس کا حق چھینے انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کو بتانا چاہتا ہوںکہ یہ صرف معاہدے پر حملہ نہیں بلکہ یہ پاکستان کی سالمیت اور مستقبل پر اعلان جنگ ہے انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے 2019میں کیا کہا تھا کہ جب اسی طرح کی صورتحال بنائی گئی تھی اس نے کہا تھا کہ اگر ہندوستان پاکستان پر حملہ کرے گا تو ہم جوابی حملہ سوچیں گے نہیں بلکہ کرکے دکھائیں گے اور پورا پاکستان بانی پی ٹی آئی کی آواز کے پیچھے کھڑا ہوگیا تھااور جب پاکستان نے جوابی حملہ کیا تو ہندوستان کی حکومت کو بتا دیا کہ ہم یہ دکھانا چاہتے تھے کہ ہم کیا کرسکتے ہیں انہوں نے کہاکہ آج ہندوستان نے پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکی دیکر پاکستان کی سالمیت پر حملہ کیا ہے ہم ایک خودمختار قوم اور ایٹمی طاقت ہیں ہماری ہمت پہاڑوں کی طرح مضبوط ہے ہم وہاں سے شروع ہوتے ہیں جہاں سے خوف شروع ہوتا ہے ہم پاکستان اور بانی پی ٹی آئی کے سپاہی ہیں ہم ملک کی سالمیت پر کوئی سجھوتہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں انہوںنے کہاکہ اگر پانی کاایک قطرہ بھی موڑا تو ہم اس کو دشمن کا حملہ سمجھیں گے اور پھر پوری قوت اور اختیار استعمال کریں گے چاہتے وہ قانونی ہو یا سفارتی ہو یا کوئی حکمت عملی ہو اور ہم اس کے بندوبست کو پاش پاش کردیں گے انہوں نے کہاکہ مودی سرکار کو یہ پیغام ہے کہ دھمکی واپس لیں اور جھوٹ بولنا بند کردیں ورنہ نتائج کیلئے تیار رہیں انہوںنے کہاکہ نریندر مودی ہندوستان کو تباہی کی سمت لیکر جارہا ہے پاکستان کے عوام کی ایک ہی آواز ہے کہ جہلم ،چناب اور سندھ دریا کا پانی سب پاکستانیوں کا ہے اس پر ہندوستان کو کسی قسم کا حق حاصل نہیں ہے انہوں نے کہاکہ اپوزیشن نے ثابت کردیا کہ جب پاکستان کا معاملہ آتا ہے تو ہم سب ایک ہیں اب وقت آگیا ہے کہ کیا حکومت بھی اپنا عزم ثابت کرتی ہے حکومت اس معاملے پر ایک آل پارٹیز کانفرنس بلائے اور اس میں بانی پی ٹی آئی کو بھی بلائے اور جب اس کی آواز پوری دنیا میں گونجے گی تو انڈیا کے عزائم خاک میں مل جائے گی انہوں نے کہاکہ دیکھنا یہ ہے کہ حکومت اس معاملے کو کتنا سنجیدہ لیتی ہے ہمیں خطے کو عدم استحکام میں ڈالنے کی کوئی خواہش نہیں ہے تاہم پانی کے ہر قطرے کیلئے اپنے خون کے اخری قطرے تک لڑیں گے ۔
سینیٹر پونجھو بھیل نے کہاکہ پہلگام واقعے پر افسوس کا اظہار کرتا ہوں انہوں نے کہاکہ انڈیا کے قاتل نے گجرات میں مسلمانوں کو شہید کروایا اور اس طرح سے ا پنی سیاست کا آغاز کیا تھا انہوں نے کہاکہ مودی ہندوستان کو انتہا پسندی کی جانب لیکر جارہا ہے یہ شخص جب سے آیا ہے تو اس نے آئے دن جنونی سیاست کرکے بابری مسجد کو شہید کردیا اور اب وہ ایودھیا کی سیٹ ہار چکے ہیں اور اس علاقے کے لوگوں نے بی جے پی کو مسترد کردیا ہے انہوں نے کہاکہ اس واقعے کے بعد بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام عائد کردیا انہوں نے کہاہ سندھ تاس کا معاہدہ کوئی بھی ختم نہیں کرسکتا ہے اگر ہمیں پانی نہیں ملے گا تو اس کے سنگیں نتائج ہونگے انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان سے گزارش کرتا ہوں کہ سب کیلئے ایک پالیسی بنائیں کسی کیلئے بھی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔
سینیٹر منظور کاکڑ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان پر الزام لگانا افسوس ناک ہے یہ ملک ہمارے بڑوں کی قربانیوں کے بعد وجود میں آیا تھاانہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی 7لاکھ افواج اور انٹیلی جنس ادارے موجود ہیں وہاں پر ایسا واقعہ ہونا ملی بھگت ہے اور دنیا کے سامنے بے نقاب ہوا ہے مگر اس کا الزام پاکستان پر عائد کردیا انہوں نے کہاکہ ہندوستان کا ایجنڈہ اس معاہدے کو ختم کرنا ہے مگر اس میں عالمی ادارے ہیں اور یہ معاہدہ ختم نہیں ہوسکتا ہے انہوںنے کہاکہ ہندوستان پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے بتایا جائے کہ کلبھوشن جو کہ انڈیا کی فوج کا حاضر سروس کرنل تھا وہ بلوچستان میںکیا کرنے آیا تھا وہ بلوچستان میں دہشت گرد گروپوں کی حمایت کرتا تھا اور ٹی ٹی پی کی سرپرستی کر رہے تھے یہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے جعفر ایکسپر یس کا واقعہ سب کے سامنے ہے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہاکہ پہلگام واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں تاہم اگر پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو پوری قوم فوج کے پیچھے کھڑی ہوگی انہوں نے کہاکہ اگر پانی کی دھمکی دی گئی تو انڈیا کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے انہوں نے کہاکہ ملک کی خاطر ہم سب یکجا ہیں اس وقت تمام سیاسی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ اگر جنگ ہوئی تو یہ دو ممالک کی جنگ نہیں بلکہ پوری دنیا کی جنگ ہوگی انہوںنے کہاکہ آج پوری دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے یہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے انہوںنے کہاکہ ہم انڈیا کی جانب سے کسی بھی اقدام کا انتظام کر رہے ہیں ہماری فوج کا نعرہ اللہ اکبر ہے اگر ہندوستان نے کوئی بھی مہم جوئی کرنے کی کوشش کی تو انڈیا کی خون سے ہولی کھیلیں گے سینیٹر جان بلیدی نے کہاکہ پہلگام میں جو کچھ ہوا وہ قابل مذمت ہے تاہم اس میں ہمسایہ ممالک کو شامل کرنا درست نہیں ہے انہوں نے کہاکہ اس وقت دونوں ممالک کے مابین تشویشناک صورتحال پیدا ہوگئی ہے دونوں ممالک کی قیادت کو چاہیے کہ وہ بڑی بڑی باتیں کرنے کی بجائے حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرے نہ تو پاکستان انڈیا کو کھا سکتا ہے اور نہ انڈیا میں اتنی طاقت ہے کہ پاکستان کو ختم کردے انہوںنے کہاکہ اس حملے نے سب سے زیادہ نقصان کشمیری تحریک کو دیا ہے انہوںنے کہاکہ جعفر ایکپریس کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے یہ واقعات قومی تحریکوں کو نقصان پہنچاتے ہیں انہوں نے کہاکہ اس وقت پوری دنیا میں غیر سنجیدہ لیڈر شپ مسلط ہوچکی ہے اب ایسے معاہدے نہیں ہوسکتے ہیں انہوں نے کہاکہ ہمیں بھی بغیر ثبوت کے کسی پر الزام تراشی نہیں کرنی چاہیے انہوں نے کہاکہ پاکستان نے اس واقعے کے بعد سنجیدگی کا مظاہر ہ کیا ہے ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے معاملات کو بھی سنجیدہ لیں اگر ہم صوبوں کو حقوق نہیں دیں گے اور ان کی خود مختاری نہیں دیں گے تو ہمارے درمیان بھی فاصلے بڑھیں گے سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے کہاکہ پہلگام واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ اس وقت ہندوستان میں اقلیتوںکو شدید مسائل کا سامنا ہے اور ریاست نے اقلیتوں کے حقوق کو سلب کیا ہے انہوں نے کہاکہ افواج پاکستا ن ہر قسم کی صورتحال کیلئے تیار ہیں انہوںنے کہاکہ ہندوستان کی حکومت کو کنیڈا اور امریکہ کی حکومتوں نے سکھوں کو نشانہ بنانے میںذمہ دار ٹہرایا ہے انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی سوچ سب پر واضح ہے بھارت وہاں پر بسنے والے مسلموں سے بدلہ لینا چاہتا ہے یہ پاگل پن اور بے ہودہ پن کا شکار ہوچکے ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان کے آرمی چیف اپنے فیصلوں میںسخت گیر نہیں بلکہ نرم اور ذمہ دار ہیں اور اس کے عزائم واضح ہیں انہوں نے کہاکہ اگر انڈیا کو بہت شوق ہے تو ہمیں آزما لیں ہم ان کی ہر غلط فہمی دور کردیں گے انہوں نے کہاکہ ہندوستان کو کچھ بھی کرنے سے پہلے ہزار بار سوچنا چاہیے سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ ہم پاکستان کی حفاظت ،سلامتی اور دفاع کیلئے ایک ہیں پاکستان بدقسمتی سے اس وقت اندرونی اور بیرونی مسائل کا شکار ہے ہندوستان نے پاکستان اور پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کی ہے اور یہ ان کا ہدف ہے کہ کس طرح سے پاکستان کے امیج کو کس طرح سے خراب کیا جائے انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی جانب سے پانی بند کرنے کی دھمکی کو صرف سیاسی بیان کے طور پر نہیں لے سکتے ہیں ہمار ا دشمن ہم پر ایک جان لیوا وار کرنا چاہتا ہے ہمیں اس کی تیاری کرنی ہوگی انہوں نے کہاکہ ایک طرف بھارت جبکہ دوسری جانب مغربی سرحد جہاں پر گذشتہ شب 56کے قریب دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا یہ کافی پریشان کن بات ہے اور ٹائمنگ بہت اہم ہے دشمن موقعے کی تاک میں ہے وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان اس وقت شدید عدم استحکام کا شکار ہے پاکستان کی معیشت کمزور ہے اور فیڈریشن کافی مسائل میں گھری ہوئی ہے انہوں نے کہاکہ جب آئین کو اپنے مقصد کیلئے استعمال کیا جائے تو اس سے مسائل پیدا ہونگے انہوں نے کہاکہ اس وقت خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے قرارداد جمع کرانے کی کوشش کر رہے ہیں مگر افسوس ہے کہ پیپلز پارٹی نے اس میں ہمارا ساتھ نہیں دیا ہے انہوں نے کہاکہ ہم نے ثانیہ نشتر کی نشست پر انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے جوکہ ہمارا حق ہے انہوں نے کہاکہ اس وقت عدلیہ کی آزادی کو سلب کیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ اس وقت ساری قوموں کو ایک ساتھ اکٹھا کرنے کا وقت ہے میری تجویز ہے کہ ایک ہی شخص اس ملک کو متحد کرسکتا ہے اگر وہ عوام کو بلائے تو پورے ملک سے ایک کروڑ سے زیادہ عوام مینار پاکستان کے تلے جمع ہوسکتے ہیں انہوں نے کہاکہ اگر مسائل حل کرنا ہیں تو سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا انہوں نے کہاکہ سیاسی کارکنوںکے خلاف دہشت گردی کے مقدمات ختم کرنا ہونگے انہوں نے کہاکہ میرے خلاف 30جبکہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے خلاف 100سے زائد مقدمات ہیں انہوں نے کہاکہ جعلی حکومت کے بیانات ہومیوپیتھک ہیں انڈیا کو ایک مضبوط پیغام کی ضرورت ہے جو ملک کے حقیقی نمائندے دے سکتے ہیں انہوں نے کہاکہ ہمیں دونوں چیزوں کو اکٹھا دیکھنا ہوگا انہوں نے کہاکہ ہمیں اس ملک کو ایک مضبوط ملک بنانا ہے اور وہ تب ہی ہوگا جب عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے انہوں نے کہاکہ اگر حقیقی نمائندے ملک میں موجود ہوں تو کسی کی بھی جرات نہیں ہوگی کہ ملک کو میلی آنکھ سے دیکھیں ۔
۔۔اعجاز خان
پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات