Live Updates

افواجِ پاکستان سیسہ پلائی دیوار بن کر قوم کے اعتماد پر پورا اتریں: میاں فاروق الطاف

ٴ

جمعرات 15 مئی 2025 20:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2025ء) پاک فوج نے جس مہارت اور جذبے کے ساتھ بھارت کا مقابلہ کیا اس پر پوری قوم ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ غیر جانبدار عسکری ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارت کو نا کوں چنے چبوا دئیے ہیں۔ افواج پاکستان اور پوری قوم نے ثابت کیا کہ ہم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔ اتحاد کی برکت سے ہم نے یہ جنگ جیتی اور پاک فوج پوری قوم کے اعتماد پر پورا اتری ہے۔

ان خیالات کااظہار مقررین نے معرکہ حق میں کامیابی کے بعد اظہار تشکر کیلئے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں منعقدہ خصوصی نشست بعنوان ’’مودی کی شکست… ہماری رسم شجاعت‘‘ کے دوران کیا۔ نشست کی صدارت گولڈ میڈلسٹ کارکن تحریک پاکستان و سینئر وائس چیئرمین ادارہٴ نظریہٴ پاکستان میاں فاروق الطاف نے کی۔

(جاری ہے)

نشست کے آغاز پر قاری خالد محمود نے تلاوت جبکہ اسد اللہ نے نعت رسول مقبولؐ سنانے کی سعادت حاصل کی۔

نظامت کے فرائض محمد سیف اللہ چوہدری نے انجام دیئے۔ میاں فاروق الطاف نے حاضرین کو اسلام کے مجاہدو‘ اقبالؒ کے شاہینوں اور قائد اعظمؒ کے جانبازوں کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے کہا میں اپنی اور ادارہٴ نظریہٴ پاکستان کی طرف سے افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ‘آج پوری قوم ان کو سلام اور مبارکباد پیش کرتی ہے۔ میاں شہباز شریف کے مطابق اس ساری جنگ کی پلاننگ جنرل سید عاصم منیر کی تھی۔

جنرل سید عاصم منیر نے محمود غزنوی اور شہاب الدین غوری کی یادیں تازہ کر دی ہیں ۔مسلمانوں نے اس خطہٴ بر صغیر پر ایک ہزار سال تک حکمرانی کی ہے اور ہندو محکوم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا بھارت ایک دہشت گرد ریاست ہے اور وہ پاکستان‘ کینیڈا ‘امریکہ‘ انگلینڈ میں بھی دہشت گردی کی کاروائیاں کروارہا ہے ۔ بھارت کے اندر علیحدگی پسندوں کی متعدد تحریکیں چل رہی ہیں جہاں کے رہنے والے بھی بھارت سے علیحدگی چاہتے ہیں۔

ان میں سکھوں کی آزاد خالصتان تحریک زوروں پر ہے۔ بھارت کے اپنے کسی ہمسایہ ملک کے ساتھ بھی تعلقات اچھے نہیں ہیں۔ لہٰذا دنیا کی نظریں اپنے اندرونی مسائل سے ہٹانے کے لیے وہ اس طرح کی حرکتیں کرتا رہتا ہے ۔ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کا اپنی پارلیمنٹ میں دیا گیا بیان ریکارڈ پر موجود ہے کہ بھارت کی600 اضلاع میں سے 200اضلاع میں حکومتی رٹ نہیں ہے۔

نوجوان جذبہ اور جوش اپنے اندر پیدا کریں اور پاکستان کیلئے جینے اور مرنے کا عزم کریں۔ ممتاز دانشور و ممبر بورڈ آف گورنرز ادارہٴ نظریہٴ پاکستان مجیب الرحمن شامی نے کہا پاک فوج نے جس مہارت اور جذبے کے ساتھ بھارت کا مقابلہ کیا اس پر پوری قوم ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ اس جنگ کے دوران انڈین میڈیا پر ایک تماشہ لگا رہا اور بھارت دنیا میں مذاق بن کر رہ گیا۔

اس جنگ میں پاکستان کی کامیابی نے پاک افواج کی ٹریننگ اور پیشہ ورانہ مہارت کا چرچا پوری دنیا میں کر دیا ہے۔ پاکستانی فوج کا شمار دنیا کی بہادر افواج میں ہوتا ہے‘ اس کی قیادت ایک ایسے شخص کے ہاتھ میں ہے جو حافظ قران ہے اور یقین کی طاقت ان کے اندر موجود ہے ۔انہوں نے پوری قوم میں ایک یقین پیدا کیا اور اللہ اور اس کے رسولؐ کے ساتھ اس کا رشتہ جوڑ دیا۔

اب ہمیں متحد ہو کر آگے بڑھنا ہے اور اتحاد کو برقرار رکھنا ہے ۔ انڈین ائیر ڈیفنس سسٹم کا تباہ کرنا ایک ناقابل یقین واقعہ ہے۔ میرے خیال میں امریکہ نے سیز فائر کے ذریعے بھارت کو بچا لیا ہے۔ پاکستان کی ہیبت پوری دنیا پر قائم ہوئی ہے اس کو آگے بڑھانا اور پاکستان کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ گولڈ میڈلسٹ کارکن تحریک پاکستان کرنل ریٹائرڈ محمد سلیم ملک نے کہا پاکستان اور چائنہ نے مل کر جے ایف 17 تھنڈر تھرڈ طیارے بنائے جس کی خصوصیات اب پوری دنیا نے دیکھ لی ہے ۔

بھارت کے خواب و خیال میں بھی نہ تھا کہ قوم کی رکھوالی پاک فوج اس طرح ان کو دندان شکن جواب دے گی۔ پاکستان نے بھارت کا بھرپور مقابلہ کیا اور اس کے چھ طیارے مار گرائے۔ صدر نظریہٴ پاکستان فورم آزاد کشمیر مولانا محمد شفیع جوش نے کہا اللہ تعالی کا وعدہ ہے کہ جب بھی مجاہدین علمِ جہاد لے کر نکلیں گے فتح ان کے قدم چومے گی۔ جنرل سید عاصم منیر اور میاں شہباز شریف نے نظریہٴ پاکستان کے جھنڈے کو بلند کر کے پوری دنیا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور پوری امت مسلمہ ان کی شکر گزار ہے۔

پاکستانی قوم ہر مشکل وقت میں متحد ہو جاتی ہے۔ عساکرِ پاکستان نے دفاع پاکستان کیلئے جو کردار ادا کیا پوری قوم کو اس پرناز ہے۔ ممتاز سیای رہنما و ممبر پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد نے کہا مسلمانان بر صغیر کے پاس ایک نظریہ اور جذبہ تھا جس کی بنیاد پر پاکستان قائم ہوا ۔ میاں نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا۔

انہوں نے کہامودی ایک درندہ صفت انسان ہے اور اس کا رویہ ہمیشہ اسلام مخالف رہا ۔افواج پاکستان نے بھارت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور فتح ہمارا مقدر بنی۔ معروف دانشور قیوم نظامی نے کہا اللہ تعالی نے ہمیں عظیم فتح سے نوازا ہے ۔ ہمارے پاس قرآن پاک کی صورت میں ایک بڑی قوت موجود ہے جوایٹمی قوت سے بہت بڑی ہے۔ اس آپریشن کا نام ’’بنیان مرصوص‘‘ قران پاک کی ایک آیت سے لیا گیا۔

افواج پاکستان اور پوری قوم نے ثابت کیا کہ ہم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں اور دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ہندو متعصبانہ ذہن یہ ہے کہ وہ ہر اس شخص کو اپنا ہیرو سمجھتے ہیں جو مسلمانوں کے خلاف ہو۔ افواج پاکستان کی مہارت پوری دنیا نے دیکھ لی۔ ماہر تعلیم پروفیسر محمد جمیل نجم نے کہا ایمان کی پختگی اور عمل ہر چیز کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ ہم اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہندوؤں نے زہریلا پروپیگنڈا جاری رکھا لیکن ہمارے نوجوانوں نے بھی ان کا بھرپور جواب دیا۔ سیکرٹری ادارہ نظریہٴ پاکستان ناہید عمران گل نے کہا میںپاکستان کی بہادر افواج اور پوری قوم کو ہمارے ازلی دشمن بھارت کے خلاف عظیم فتح حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس معرکہٴ حق میں پاک فوج اور عوام نے مکمل یک جہتی سے سیسہ پلائی دیوار بن کر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کیا۔

سیکرٹری تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ محمد سیف اللہ چوہدری نے کہا حالیہ پاکستان بھارت عسکری مہم میں پاکستان کو جو فتح نصیب ہوئی اُس سے پاکستانی قوم کے اندر اتحاد پیدا ہوا‘ بھارت کی خطے میں برتری کا خواب چکنا چور ہوگیا اور پوری دنیا میں مودی کے بیانات کا مذاق اُڑایا گیا۔ہم افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات