Live Updates

"آئی ورک فار سندھ" ایپ کے ذریعہ 12ہزا ر سے زائد افراد کو روزگار مل چکا ہے ،شرجیل میمن

اس ایپ میں سرکاری و نجی ادارے شامل کیے گئے ہیں اور عوامی اعتماد کے باعث اس کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے،سینئر صوبائی وزیر حکومت سندھ نے لاہور، اسلام آباد اور پشاور کے صحافیوں کو سندھ کا دورہ کروایا تاکہ وہ اپنی آنکھوں سے ترقی دیکھیں،سندھ اسمبلی میں خطاب

پیر 23 جون 2025 17:51

"آئی ورک فار سندھ" ایپ کے ذریعہ 12ہزا ر سے زائد افراد کو روزگار مل چکا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر محکمہ اطلاعات نے "آئی ورک فار سندھ" ایپ متعارف کرائی، جو 14 مارچ 2025 کو لانچ ہوئی۔ اب تک اس ایپ میں 72 لاکھ افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جن میں سے ایک لاکھ 27 ہزار 12 افراد نوکری کے متلاشی ہیں اور 12 ہزار 310 افراد کو روزگار مل چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس ایپ میں سرکاری و نجی ادارے شامل کیے گئے ہیں اور عوامی اعتماد کے باعث اس کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔سندھ اسمبلی کے بجٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے سب سے پہلے ایران پر ہونے والے حملے کی مذمت کی۔

(جاری ہے)

بجٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے مختلف صحافتی تنظیموں کو 29 کروڑ 70 لاکھ روپے کی گرانٹس دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم عوام کو بتائیں کہ حکومت کیا کر رہی ہے۔ گزشتہ برس حکومت سندھ نے لاہور، اسلام آباد اور پشاور کے صحافیوں کو سندھ کا دورہ کروایا تاکہ وہ اپنی آنکھوں سے ترقی دیکھیں۔ ان صحافیوں نے تھر کا دورہ کر کے اعتراف کیا کہ ان کا تاثر تبدیل ہو گیا۔شرجیل انعام میمن نے فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی بحالی پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اور وفاقی حکومت نے اس کے لیے فنڈز مختص کیے ہیں کیونکہ پاکستان میں سینیما بند ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی فلم انڈسٹری میں جھوٹی فلمیں بنا کر بیانیہ پھیلایا جاتا ہے، حالیہ پاک بھارت جنگ پر بھارت میں 111 فلمیں بن رہی ہیں۔ سندھ حکومت نے بھی فلمسازی کے لیے بجٹ میں رقم رکھی ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فیک نیوز کی روک تھام کے لیے محکمہ اطلاعات نے ایک سیل قائم کیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لیے موبائل فٹنس سرٹیفکیٹ ایپ متعارف کروائی گئی ہے، جس سے گاڑیوں کی فٹنس چیک کی جا رہی ہے اور اب QR کوڈ کے ساتھ اصلی سرٹیفکیٹس جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ جعلسازی روکی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی فٹنس ہر ایک کے لیے لازمی ہے، کیونکہ ناقص گاڑیاں حادثات کا سبب بنتی ہیں تاکہ دنیا بھر کو پاکستان کے حقیقی بیانیہ سے آگاہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ گرین لائن کے سندھ حکومت کو منتقل ہونے کے بعد اس کی رائیڈرشپ میں 15 ہزار کا اضافہ ہوا اور حکومت اس تعداد کو ایک لاکھ تک لے جانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں اورنج لائن اور گرین لائن کو جوڑنے کے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

پیپلز بس سروس کو مزید بسوں کے ساتھ وسعت دی گئی ہے اور اے ایف سی سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جس سے صارفین ATM کارڈ کی طرح کرایہ ادا کر سکتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر نقدی بھی نکال سکتے ہیں۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور لاڑکانہ میں یہ سروس فعال ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کی پہلی ای وی بس سروس سندھ حکومت نے شروع کی جبکہ پنک بس سروس نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں خواتین کے لیے مخصوص پہلی سروس ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت خواتین کو 1000 پنک ای وی اسکوٹرز دے رہی ہے جن کے لیے اب تک 8 ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں اور 145 خواتین کو لائسنس جاری ہو چکا ہے۔ اب مزید 7 ہزار درخواستیں موصول ہو گئی ہیں۔ جب ایک ہزار خواتین سڑکوں پر اسکوٹر چلاتی نظر آئیں گی تو لوگوں کی سوچ بدلے گی۔ کے ایف سی نے پیشکش کی ہے کہ وہ اس پروگرام کو اسپانسر کرے گا اور ہر ضلع میں خواتین کو تربیت دے گا اور لائسنس جاری کرائے گا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت اب پنک ای وی ٹیکسی بھی شروع کرنے جا رہی ہے، جس میں خواتین ڈرائیورز ہوں گی تاکہ خواتین کو محفوظ سفری سہولت میسر آئے۔ ریڈ لائن منصوبے میں کچھ اعتراضات سول ایوی ایشن کی جانب سے سامنے آئے تھے، جو اب حل ہو چکے ہیں۔ نگران سیٹ اپ کے دوران ریڈ لائن پر 9 ماہ تک کام نہیں ہوا۔ ایک ایم پی اے نے یہ تبصرہ بھی کیا کہ تاخیر ہوگی تو پیسے بڑھیں گے۔

یلو لائن منصوبہ وقت سے پہلے مکمل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کر رہی ہے، جو پاکستان کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، جس کی قیادت بلاول بھٹو زرداری کر رہے ہیں۔ جن لوگوں کے پاس جھونپڑیاں تھیں، ان کو پکے گھر دیے جا رہے ہیں اور خواتین کو ان گھروں پر مالکانہ حقوق دیے جا رہے ہیں۔ یہ منصوبہ سندھ حکومت، وفاقی حکومت، پاک فوج اور عالمی بینک کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔

سید ناصر حسین شاہ کے تحت دو لاکھ گھروں کو سولر سسٹم کی سہولت دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف دو لاکھ گھر نہیں بلکہ دو لاکھ خاندان ہیں۔کراچی میں صفائی کے نظام پر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے اربوں روپے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پر خرچ کیے ہیں۔ سندھ بھر میں 1122 ریسکیو سروس کا آغاز کیا گیا ہے۔

سندھ میں ہر شہری کے لیے صحت کی مفت سہولت موجود ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ اگر کراچی رہنے کے قابل نہیں تو پورا پاکستان یہاں روزگار کے لیے کیوں آتا ہی سندھ پورے ملک کے معاشی اور انفراسٹرکچر کا بوجھ اٹھا رہا ہے۔ سندھ کے 180 ارب روپے عدالتوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ میں مفت علاج کی سہولت ہے جس سے پورا ملک مستفید ہو رہا ہے۔

ایس آئی یو ٹی میں 41 لاکھ 84 ہزار سے زائد افراد کا علاج ہوا، جن میں سے 5 لاکھ 28 ہزار کا تعلق سندھ سے نہیں تھا۔ خیبر پختونخواہ کے ایک لاکھ 17 ہزار افراد نے یہاں سے صحت کارڈ کے تحت علاج کروایا، جبکہ 15 ہزار 597 افراد افغانستان سے علاج کے لیے آئے۔ این آئی سی ایچ میں 3 ہزار 790 بچوں کا تعلق پنجاب سے تھا۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ تنقید کرتے ہیں، وہ درحقیقت اس خدمت کو نہیں سمجھتے۔

سندھ کے لوگ روزگار کے لیے دوسرے صوبوں کا رخ نہیں کرتے، بلکہ دیگر صوبوں سے لوگ سندھ میں آتے ہیں۔ انہوں نے شہید بھٹو، شہید بی بی، اور صدر آصف علی زرداری کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسی قیادت کا کوئی مقابلہ نہیں ہو سکتا۔ شہید بھٹو نے ایٹمی طاقت دی، اسلامی کانفرنس بلائی اور طویل المدتی منصوبہ بندی کی۔ شہید بینظیر بھٹو جانتی تھیں کہ واپسی پر جان کا خطرہ ہے، لیکن عوام سے جدائی گوارا نہ کی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے صوبائی خودمختاری دی، این ایف سی ایوارڈ دیا اور اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کیے۔ بلاول بھٹو نے بھارتی ظلم کے خلاف آواز بلند کی۔ انہوں نے بتایا کہ عزیر بلوچ پیپلز پارٹی کے دور میں گرفتار ہوا اور رحمان ڈکیت اسی دور میں مارا گیا۔ پیپلز پارٹی نے کبھی ہتھیاروں کی سیاست نہیں کی۔ نائن زیرو پر صدر آصف علی زرداری کی آمد دوستی اور اتحاد کا مظہر تھی۔ ہم سب محلے دار اور رشتہ دار ہیں، اس لیے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ناکام بنائیں گے۔ پیپلز پارٹی سب کے لیے دروازے کھلے رکھتی ہے، اور ہم ہمیشہ بھائی تھے، ہیں اور رہیں گے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات