آصف زرداری کے وژن سے بلاول بھٹو وزیر اعظم بنیں گے،ذوالفقار علی بھٹو کو وقت مل جاتا تو ملک بہت آگے جاتا ‘ سردار سلیم حیدر

عظمی بخاری میرے خلاف کچھ بھی بولیں ،انہیں کھلی چھٹی ہے‘ گورنر پنجاب کا صدر مملکت کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب گورنر پنجاب نے پنجاب میں ہونے والی حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہونے والے نقصانات بارے وزیراعلی کو خط لکھ دیا

ہفتہ 26 جولائی 2025 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے وژن سے بلاول بھٹو وزیر اعظم بنیں گے،پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے اور عوام کے حقوق کی بات کرتی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو عظیم لیڈر تھے۔ ذوالفقار علی بھٹو کو وقت مل جاتا تو ملک بہت آگے جاتا ۔

عظمی بخاری میرے خلاف کچھ بھی بولیں ،انہیں کھلی چھٹی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مقامی ہوٹل لاہور میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشریف،جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی حسن مرتضی اورفیصل میر سمیت سینئر پارٹی عہدیداروں اور کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنرپنجاب سردار زسلیم حیدر خان نے کہا کہ آصف علی زرداری عظیم شخصیت ہیں جنہوں نے سازشوں کو بھانپ کرپاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج مکمل حالت میں ہے تو اس کا بڑا کریڈٹ آصف علی زرداری کو جاتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آصف علی زرداری نے ملک میں جمہوریت کے استحکام اور مضبوطی کے لئے بہت کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری جیسا کوئی عظیم انسان ہے ہی نہیں جو غریبوں سے محبت کرتا ہے اور ان کے لئے سب کچھ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے خلاف جھوٹے مقدمے بنائے گئے جس کی وجہ سے انہیں 11سال قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں۔ گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ اگر ذوالفقار علی بھٹو جو وقت مل جاتا تو ملک بہت آگے جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے پنجاب میں پیپلز پارٹی کو جو مقام دیا ہے اسے بحال کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حقیقی جمہوری اور پنجاب کی جماعت ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ 58ٹو بی کا اختیار اسمبلیوں کو دینے سے اب ملک میں مارشل لا نہیں لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب اسمبلیاں نہیں ٹوٹیں گیں اورجمہوریت چلتی رہے گی۔ تقریب سے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور دیگرپارٹی عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پنجاب میں ہونے والی حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کو خط لکھ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق : گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پنجاب کے سیلاب زدہ علاقے چکوال، جہلم اور حافظ آباد کے دوروں کے بعد وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کو خط لکھا ہے جس کا متن سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینا ہے۔خط کا متن جلد از جلد سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ متاثرہ شہروں میں نظام زندگی شدید متاثر ہوا۔ شہروں کو آپس میں ملانے واے پل ٹوٹ گئے، سڑکیں بہہ گئیں جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ غریب لوگوں کے گھر، مویشی اور قیمتی سامان سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔