اسلام آباد، وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ایف ڈبلیو او کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد افضل کی ملاقات ،بلوچستان میں قومی شاہراہوں، ایم۔8خضدار رتوڈیرو، این۔25 قلات کوئٹہ چمن ، این ۔85پنجگور ناگ سے متعلق بریفنگ

بدھ 12 فروری 2014 07:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12فروری۔2014ء ) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد افضل نے گذشتہ روز اسلام آباد میں ملاقات کی، اس موقع پر میجر جنرل محمد افضل نے وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو بلوچستان میں قومی شاہراہوں، ایم۔8خضدار رتوڈیرو، این۔

25 قلات کوئٹہ چمن ، این ۔

(جاری ہے)

85پنجگور ناگ سے متعلق بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ قلات کوئٹہ چمن اور خضدار رتوڈیرو شاہراہیں ایک سال میں مکمل کر لی جائیں گی، جبکہ پنجگور ناگ شاہراہ آٹھ ماہ میں پائیہ تکمیل تک پہنچ جائے گی، مذکورہ منصوبوں پر جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے اور مقررہ مدت میں یہ منصوبے مکمل کر لئے جائیں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وفاقی حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی لے رہی ہے اور بلوچستان کے عوام کی بھی وفاقی حکومت سے توقعات وابستہ ہیں، انہوں نے کہا کہ مذکورہ شاہراہوں کی تکمیل سے بلوچستان کے عوام کا نہ صرف ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہو گا بلکہ عوام کو سفر کی بہتر سہولیات بھی میسر آئیں گی، انہوں نے کہا کہ مذکورہ شاہراہوں کی تکمیل سے صوبے کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے اور مستقبل کے ترقی یافتہ اور خوشحال بلوچستان میں ان کا کردار اہمیت کا حامل ہوگا ملاقات میں صوبائی وزیر ریونیو ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن جعفر خان مندوخیل ، رکن صوبائی اسمبلی زمرک خان اچکزئی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری(ترقیات) اسلم شاکر بلوچ اور پرنسپل سیکریٹری برائے وزیر اعلیٰ بلوچستان محمد نسیم لہڑی بھی موجود تھے۔