سعودی عرب:مشرقی صوبے میں جھڑپ،چار افراد ہلاک ،مظاہروں اور ریاست مخالف سرگرمیوں پر سات مجرموں کو 20 سال تک قید کی سزائیں

جمعہ 21 فروری 2014 07:33

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21فروری۔2014ء)سعودی عرب کے مشرقی قصبے عوامیہ میں پولیس کے ساتھ جھڑپ میں دومطلوب سعودی ہلاک ہوگئے ہیں اور جھڑپ میں دو پولیس اہلکار بھی مارے گئے ہیں۔سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں واقع عوامیہ میں گذشتہ کچھ عرصے سے کشیدگی پائی جارہی ہے اور اس علاقے میں اہل تشیع کی اکثریت ہے۔سعودی وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق پولیس نے دو مطلوب افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائی کی تھی جس کے بعد جھڑپ ہوگئی۔

(جاری ہے)

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو ایک عدالت نے سات افراد کو اسی مشرقی علاقے میں مظاہرے میں حصہ لینے کی پاداش میں بیس سال تک قید کی سزائیں سنائی ہیں۔ریاض کی خصوصی عدالت نے بدھ کو ان نوجوان مدعاعلیہان کو چھے سے بیس سال کے درمیان قید کی سزائیں سنائی ہیں اور ان پر جیل کے عرصے کے دوران بیرون ملک جانے پر پابندی ہوگی۔ان پر مظاہروں میں حصہ لینے ،ریاست مخالف نعرے بازی اور پٹرول بم رکھنے کے الزامات میں فرد جرم عاید کی گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :