کوئٹہ،بیلہ کے ملحقہ علاقے میں فرنٹیئر کور بلو چستان کا ،سرچ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبا دلے میں5 شرپسند ہلاک،بی ایل ایف کے چند انتہائی مطلوب کمانڈرز گرفتار،گرفتار بی ایل ایف کمانڈر کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکلیں، میگزین، تصاویر اور تخریبی لٹریچر برآمد

جمعہ 21 فروری 2014 07:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21فروری۔2014ء)بیلہ کے ملحقہ علاقے میں فرنٹیئر کور بلو چستان کا ،سرچ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبا دلے میں5 شرپسند ہلاک،بی ایل ایف کے چند انتہائی مطلوب کمانڈرز گرفتار،گرفتار بی ایل ایف کمانڈر کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکلیں، میگزین، تصاویر اور تخریبی لٹریچر برآمدکرلئے گئے۔فرنٹیئر کور کے ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق گزشتہ روز فرنٹیئر کور بلو چستان نے خفیہ اطلاع پربیلہ سے ملحقہ علاقے جھاؤ کے پہاڑوں میں چھپے ہوئے شرپسندوں کے خلاف سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔

جو گزشتہ مہینے31جنوری کو ایف سی کے کانوائے پر آئی ای ڈی حملے میں ملوث تھے۔دریں اثناء یہ شرپسند زلزلہ سے متا ثرہ علا قوں میں امدادی سامان پہنچانے والے کانوائے پرحملوں کے ساتھ ساتھ معصوم لوگوں کے اغواء میں بھی ملوث تھے ۔

(جاری ہے)

فرنٹیئر کور بلو چستان کے اہلکار سرچ آپریشن میں مصروف تھے اور ہیلی کا پٹرسے سرچ آپریشن کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی تھی کہ اس دوران بی ایل ایف کے شرپسندوں نے اچانک ملحقہ پہاڑوں اور غاروں سے فرنٹیئر کو ر بلو چستان کے جوانوں پرشدید فائرنگ شروع کر دی۔

دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 6 گھنٹے تک جاری رہنے کے بعد فرنٹےئر کور بلوچستان کے جوا نو ں کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں بی ایل ایف کے 5 شرپسند ہلاک کر دئیے گئے، جبکہ غار میں چھپے ہو ئے بی ایل ایف کے چند انتہا ئی مطلوب کمانڈرز کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2کلاشنکوف ،2شارٹ گن، تخریبی تصاویر،پاکستان دشمن لٹریچر زکے بنڈل اور 4موٹر سائیکلیں بھی بر آمد کر لی گئیں۔

آئی جی ایف سی میجرجنرل محمداعجازشاہد نے فرنٹئیرکور کے اہلکاروں کے کامیاب آپریشن اوربروقت کارروائی کوسراہتے ہوئے کہا کہ فرنٹیئرکوربلوچستان صوبے میں امن وامان قائم رکھنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں ملک دشمن عناصر،جرائم پیشہ افراد اور شرپسندی کو فروغ دینے والے چند روپوں کی خاطربیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا آلہ کاروں کیخلاف فرنٹیئرکور بلوچستان بلاتفریق کارروائیاں جاری رکھے گی۔