شاہد آفریدی جنید خان کی بال منہ پر لگنے سے زخمی ہوگئے ، قذافی سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کے دوران جنید خان کی بال کلین سویپ کرتے ہوئے منہ پر جا لگی ،پریکٹس چھوڑ کر چلے گئے ، آفریدی کی چوٹ معمولی نوعیت کی ہے ، آج دوبارہ پریکٹس کرینگے ، بہادر آدمی ہیں جلد ٹھیک ہوجائینگے ، ہیڈ کوچ معین خان

جمعہ 21 فروری 2014 07:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21فروری۔2014ء) ایشیا کپ کیلئے تربیتی کیمپ میں پریکٹس کے دوران شاہد خان آفریدی جنید خان کی بال منہ پر لگنے سے زخمی ہوگئے ۔ جمعرات کے رز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں تربیتی کیمپ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی پریکٹس میچ کے آخری اوور میں جنید خان کی بال کو کلین سویپ کرنے کے دوران بال منہ پر لگنے سے زخمی ہوگئے لیکن شاہد خان آفریدی کو ہیلمٹ نے زیادہ زخمی ہونے سے بچا لیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا ہے کہ شاہد خان آفریدی بال لگنے سے زخمی ضرور ہوئے اور دو منٹ تک وکٹ پر بیٹھے رہے جس کے بعد تمام کھلاڑی ان تک پہنچے تو شاہد خان آفریدی خود چل کر پویلین کی طرف چلے گئے ۔ دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ معین خان نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی کو پریکٹس کے دوران معمولی چوٹ لگی ہے آج باقاعدہ پریکٹس میں دوبارہ حصہ لینگے ۔ انہوں نے کہا کہ سویپ شارٹ کھیلتے ہوئے گیند ان کے چہرے پر لگ گئی تھی دانتوں میں درد محسوس کررہے ہیں وہ بہادر کھلاڑی ہیں جلد ٹھیک ہوجائینگے معمولی نوعیت کی چوٹ ہے ہیلمٹ کی وجہ سے زیادہ چوٹ نہیں آئی ۔