تحریک انصاف کا 25مئی کو فیصل آباد میں جلسہ کی کامیابی کے لئے سنی تحریک سے رابطہ،محمود قریشی نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ صاحبزادہ حامد رضا سے اپنی جماعت اور مدرسوں کے طلباء کی جلسہ میں شرکت کیلئے درخواست ،عمران خان نے شیخ رشید احمد کو فیصل آبادجلسہ میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دے دی

جمعہ 23 مئی 2014 07:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23مئی۔2014ء )پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اسلام آباد میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سے ملاقات کی اور انھیں الیکشن 2013میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ‘ مہنگائی ‘بے روز گاری ‘توانائی کے بحران کے خلاف جاری تحریک کے سلسلے میں 25مئی کو فیصل آباد میں ہونے والے جلسہ میں شرکت کے لیے باقاعدہ دعوت دی۔

ترجمان عوامی مسلم لیگ شیخ امین کے مطابق جمعرات کو اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی ملاقات ہوئی ہے جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال ‘الیکشن 2013میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ‘ مہنگائی ‘بے روز گاری ‘توانائی کے بحران کے خلاف جاری تحریک کے سلسلے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ترجمان عوامی مسلم لیک شیخ امین کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے عمران خان کی دعوت قبول کرتے ہوئے 25مئی کو فیصل آباد میں ہونے والے جلسہ میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے ۔ادھرتحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے جماعت کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ سنی تحریک کے مرکزی رہنما صاحبزادہ حامد رضا ایڈووکیٹ کو 25مئی کو فیصل آباد میں تحریک انصاف کے جلسہ کی کامیابی کیلئے اپنی جماعت اور مدرسوں کے طلباء کی شرکت کیلئے درخواست کرلی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق شاہ محمود قریشی،تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعجاز احمد اور دیگر تحریک کے رہنماؤں نے سنی تحریک کے رہنما صاحبزادہ حامد رضا ایڈووکیٹ سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور ان سے انتخابات میں دھاندلی کو روکنے اور جمہوریت کیلئے انتخابی اصلاحات کیلئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے حالیہ چلائی جانے والی مہم میں بھرپور طریقہ سے شرکت کی دعوت دی،اس موقع پر سنی تحریک کے سربراہ حامد رضا نے شاہ محمود قریشی کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ 25مئی کو اقبال پارک دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں تحریک انصاف کے جلسے کو ہر صورت کامیاب کرایا جائے گا،اس سلسلہ میں فیصل آباد ڈویژن کے سنی تحریک کے زیر اہتمام مدارس کے ہزاروں طلباء اور سنی تحریک سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کو پابند کیا جائے گا کہ وہ ہر صورت جلسہ میں شرکت کریں،انہوں نے کہا کہ وہ بھی اس جلسہ میں شرکت کرکے ثابت کریں گے کہ فیصل آباد کی اکثریت تحریک انصاف ،سنی تحریک اور افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔

اس موقع پر حامد رضا نے مزید کہا کہ وہ کسی ایسے ٹی وی چینل کا ساتھ نہیں دیں گے جو سرحدوں کے محافظوں کے بارے میں فضول باتیں کریں اور اہل بیت کی شان میں گستاخی کریں،یہ امر قابل ذکر ہے کہ حالیہ انتخابات میں سنی تحریک کے سربراہ حامد رضا اپنے والد صاحبزادہ فضل کریم مرحوم کی نشست پر فیصل آباد سے قومی اسمبلی کا انتخاب میں حصہ لیا تھا جس میں ان کی ضمانت ضبط ہوگئی تھی،واضح رہے کہ 25مئی کو ہونے والے جلسہ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد بھی شرکت کریں گے۔