وفاقی حکومت مالی خسارے پر قابو پانے کیلئے آزاد کشمیر حکومت کی ہر ممکن امداد کرے گی، اسحاق ڈار کی یقین دہانی،آئندہ کا لائحہ عمل آزاد کشمیر حکومت کے متعلقہ حکام کی مدد سے طے کیا جائے گا،وزیراعظم آزادکشمیر سے ملاقات

جمعہ 23 مئی 2014 07:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23مئی۔2014ء)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے یقین دہانی کر ائی ہے کہ وفاقی حکومت مالی خسارے پر قابو پانے کیلئے آزاد جموں وکشمیر حکومت کی ہر ممکن امداد کرے گی اور آئندہ کا لائحہ عمل آزاد کشمیر حکومت کے متعلقہ حکام کی مدد سے طے کیا جائے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید سے ملاقات میں کیا جنہوں نے آزاد کشمیر کے وزیرخزانہ چوہدری لطیف اکبر کے ہمراہ وفاقی وزیرخزانہ سے وزارت خزانہ میں تفصیلی ملاقات کی ،ملاقات میں وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے وفاقی وزیر خزانہ کو آزاد کشمیر حکومت کے مالیاتی نظام،حکمت عملی اور درپیش مالی مشکلات بالخصوص مالی خسارے کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے وزیرخزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو بتایا کہ آزاد جموں وکشمیر حکومت کو فی الوقت کافی مالی مسائل درپیش ہیں اور مالی خسارہ کے باعث مشکلات میں اضافہ ہوچکا ہے جبکہ آزاد کشمیر حکومت نے وسیع تر سطح پر مالی نظم وضبط کو برقرار رکھا ہے۔چوہدری عبدالمجید کا کہنا تھا کہ ارتھ کوئیک ری کنسٹریکشن اینڈ ری ہیبلٹیشن اتھارٹی(ایرا) کی جانب سے عمارات کی تعمیر نو کے مکمل ہونے کے بعد آزاد کشمیر میں تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فنانسنگ کی ضرورت ہے کیونکہ فنڈز کی عدم موجودگی میں ان عمارات ومراکز میں تعلیم اور صحت کے حوالے سے متعلقہ عملے کی تعیناتی ناممکن ہے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر کی جانب سے معمولی وسائل کے باعث ریاست کے پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ منصوبہ جات میں نہایت معمولی رقوم رکھنے کے معاملے کو بھی ٹھوس سطح پر اجاگر کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر کو یقین دہانی کروائی کہ وفاقی حکومت مالی خسارے پر قابو پانے کیلئے آزاد جموں وکشمیر حکومت کی ہر ممکن امداد کرے گی اور آئندہ کا لائحہ عمل آزاد کشمیر حکومت کے متعلقہ حکام کی مدد سے طے کیا جائے گا۔

سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بجٹ کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کیلئے سیکرٹری خزانہ کو حکومت آزاد جموں وکشمیر کے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری خزانہ کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کرنے کی ہدایت جاری کردیں۔انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کو مطلع کیا کہ وفاقی حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق اسلام آباد کو ریلوے لنک کے ذریعے مظفرآباد سے براہ راست منسلک کرے گی۔

مزید تفصیلات بیان کرتے ہوئے سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ منصوبے پر 60ارب روپے کی لاگت آئے گی،انہوں نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کو برابر ترجیح دیتے ہیں اور اس حوالے سے اسی طرح جذباتی بھی ہیں کیونکہ ہمارے دل آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔قبل ازیں انہوں نے خود وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کا استقبال کیا اور ان کو موجودہ حکومت کی اقتصادی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ گیارہ ماہ میں نہایت محنت اور عزم سے بنیادی ڈھانچہ میں اصلاحات متعارف کروائی گئی ہیں،اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ان اصلاحات کے نتیجے میں حکومت کو چند تکلیف دہ اقدامات بھی کرنا پڑے ہیں تاکہ معیشت کی حالت درست کی جاسکے تاہم ان اقدامات کے نتیجے میں اب ملک کی معیشت کافی بہتر حالت میں ہے۔وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ پیداوار میں اضافہ بھی ہوا ہے اور خسارہ کو یک عددی سطح پر روک لیا گیا ہے،ملاقات کے دوران سیکرٹری خزانہ آغا وقار مسعود،چیف سیکرٹری آزاد جموں وکشمیر خضر حیات گوندل،سیکرٹری خزانہ آزاد کشمیر محمد یوسف خان اور آزاد کشمیر حکومت کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔