ترک حکومت اور ٹویٹر کے درمیان مذاکرات کامیاب ،ترکی میں ٹوئٹر جلد بحال ہو جائے گی

جمعہ 23 مئی 2014 07:40

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23مئی۔2014ء)ترک حکومت اورمائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، ٹوئٹر انتظامیہ عدالتی احکامات پرعمل کرتے ہوئے جلد اپنے مثبت رد عمل کا اظہار کرے گی اور ویب سائٹ پرموجود قابل اعتراض مواد کو ہٹا دیا جائے گا، جس کے بعد ترکی میں ٹویٹر پر پابندیاں ختم کردی جائیں گی اور شہریوں کو براہ راست ٹویٹر تک رسائی فراہم کر دی جائے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں 'ٹویٹر' انتظامیہ اور تْرک حکام کے درمیان بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان مذاکرات میں مارچ میں ترک حکومت اور ٹویٹر انتظامیہ کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کو ختم کرنے کے طریقہ کار پرغور کیا گیا۔خیال رہے کہ اسی سال مارچ میں شہ سرخیوں کا موضوع بننے والی ترک حکومتی کرپشن کے بعد ٹویٹر پردو ہفتے تک پابندی لگائی گئی تھی۔

ٹویٹر پر پابندی کی وجہ سے انقرہ کو عالمی برادری کی سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ترک عہدیدار نے بتایا کہ ٹویٹرجلد ہی ترکی میں صارفین کے لئے اپنی سروسز بحال کر دے گا۔ یہ ہم سب کے لیے ایک مثبت قدم ہے جس کے بعد ہم براہ راست اور کم سے کم وقت میں ٹویٹر کے خلاف شکایات کا ازالہ کرسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :