ارسلان افتخار نے الیکشن کمیشن سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی اور سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنس کی نقول حاصل کر لی ،عمران خان نے اپنے بیان حلفی میں ناجائز اولاد کو چھپایا ہے، ارسلان افتخار ،عمران خان سے ذاتی نہیں قانونی لڑائی ہے۔ریفرنس منطقی انجام تک پہنچاؤں گا، پریس کانفرنس

ہفتہ 12 جولائی 2014 07:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جولائی۔2014ء)سابق چیف جسٹس کے بیٹے ارسلان افتخار نے الیکشن کمیشن سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے کاغذات نامزدگی اور سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنس کی نقول حاصل کر لی ہے۔جمعہ کو الیکشن کمیشن نے ارسلان افتخار کے گزشتہ دنوں میں عمران خان کے کاغذات نامزدگی اور2007 ء میں سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنس کی کاپی موصول کر لی ہے ۔

اس کے بعد عمران خان کے خلاف ریفرنس سپیکر قومی اسمبلی کو بھیجا جائیگا جس پر وہ 30 دن تک فیصلہ کریں گے ورنہ بصورت دیگر یہ ریفرنس خودبخود الیکشن کمیشن کو چلا جائیگا پھر الیکشن کمیشن ہی اس پر فیصلہ کریگا۔ادھرسابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے صاحبزادے ارسلان افتخار نے عمران خان پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اپنے بیان حلفی میں ناجائز اولاد کو چھپایا ہے۔

(جاری ہے)

وہ میرے الزامات کا جواب دیں۔عمران خان سے ذاتی نہیں قانونی لڑائی ہے۔ریفرنس منطقی انجام تک پہنچاؤں گا۔

جمعہ کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ارسلان افتخار نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مل گئے ہیں ۔انہوں نے کاغذات میڈیا کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان قوم کے لئے رول ماڈل ہوتے ہیں ۔عمران اپنے ہر جلسے میں اخلاقیات کا درس دیتے ہیں اور اثاثوں کی بات کرتے ہیں لیکن انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اپنی بڑی اولاد کو چھپایا ہے اور قوم سے جھوٹ بولا ہے ۔

انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان میں آپ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر پوچھتا ہوں کہ ٹیرین جے خان آپ کی بیٹی نہیں ہے آپ کو قوم کو جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود2004 ء میں بیان حلفی لکھ کر دیا کہ ٹیرین ان کی ناجائزہ اولاد ہے ۔میران عمران خان سے قانونی جھگڑا ہے ذاتی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اولاد سے متعلق نادرا سے ب فارم اور دیگر ریکارڈ حاصل کروں گا اور علماء سے بھی رابطہ کروں گا۔

میں نے اسلامی نظریاتی کونسل سے بھی رہنمائی کی درخواست کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اقتدار کی ہوس میں اپنی اولاد کو چھپایا اور قوم سے جھوٹ بولا۔عمران خان کے خلاف ریفرنس دائر کروں گا۔ میری لیگل ٹیم میں چوٹی کے وکلاء ہیں۔خان صاحب کے خلاف ریفرنس کو منطقی انجام تک ضرور پہنچاؤ ں گا۔