سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے ایم ڈی پی ٹی وی محمد مالک کو ان کے عہدے پر بحال کردیا،سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی ، فریقین کو نوٹسز جاری

ہفتہ 12 جولائی 2014 07:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جولائی۔2014ء) سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے ایم ڈی پی ٹی وی محمد مالک کو ان کے عہدے پر بحال کردیا‘ سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے‘ جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس اطہر سعید پر مشتمل دو رکنی بنچ نے جمعہ کے روز کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس دوران محمد مالک کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے انہیں سنے بغیر ہی فیصلہ جاری کردیا ہے اور اس طرح سے ان کو معطل کیا جانا قانون کے مطابق نہیں ہے۔ ان کو باضابطہ طور پر ایم ڈی پی ٹی وی تعینات کیا گیا تھا لہٰذا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کیا جائے اور محمد مالک کو بطور ایم ڈی پی ٹی وی کام کرنے کی اجازت دی جائے جس پر عدالت نے ابتدائی سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا اور ایم ڈی پی ٹی وی کو ان کے عہدے پر بحال کردیا۔ عدالت نے دوران سماعت مخالف فریق کو بھی نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔