سعودی عرب نے الاحساء شہر میں بدامنی کے واقعات کے بعد ریاض میں وصال ٹیلی ویژن چینل کی نشریات بند کر دیں

جمعرات 6 نومبر 2014 09:24

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6نومبر۔2014ء)سعودی عرب کی حکومت نے الاحساء شہر میں پیش آنے والے بدامنی کے واقعات کے بعد ریاض میں ”وصال“ ٹیلی ویژن چینل کی نشریات بند کر دی ہیں۔سعودی میڈیا کے مطابق سعودی وزیر برائے ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عبدالعزیز بن محی الدین خوجہ نے مختصر بیان میں کہا کہ ملک میں امن وامان کو خراب کرنے اور فنتہ انگیزی کے مرتکب پر قسم کے اشاعتی اور نشریاتی ادارے کو بند کر دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ منگل کے روز الاحساء شہر میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد ’وصال‘ ٹی وی کے ریاض میں قائم دفتر کو بند کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عبدالعزیز خوجہ نے الاحساء شہر میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے فائرنگ کے نتیجے میں پانچ شہریوں کی اموات پرگہرے دکھ کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر خوجہ نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی دین ومذہب نہیں۔ یہ سب انسانوں کے یکساں دْشمن ہیں۔

سعودی عرب کی سر زمین میں بیرونی ہاتھوں کے ذریعے کی جانے والی دہشت گردی کوئی نئی بات نہیں ہے۔ دہشت گرد اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے سعودی عرب کے امن واستحکام کو داؤ پر لگانا چاہتے ہیں لیکن مملکت کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دشمن کے ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔واضح رہے کہ منگل کو سعودی عرب کے الاحساء شہر میں نامعلوم مسلح نقاب پوشوں کی فائرنگ کے نتیجے میں کم سے کم پانچ افراد مارے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :