سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کی مدت ملازمت ختم، نئی تقرری نہ ہو سکی

جمعرات 6 نومبر 2014 08:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6نومبر۔2014ء)سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کی مدت ملازمت ختم ہو گئی ہے۔ عہدے پر نئی تقرری تاحال نہ ہو سکی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژ ن نے 3 نام مانگے تھے۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کی ملازمت میں توسیع کی مدت ختم ہو گئی ہے، اشتیاق احمد کو مدت ملازمت میں دو بار توسیع دی گئی تھی لیکن اس کے باوجود حکومت کی جانب سے نئے سیکریٹری کے لیے کسی کا نام سامنے نہیں آ سکا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے 3 نام مانگے تھے لیکن اشتیاق احمد کی ریٹائرمنٹ پر بھی عہدے کے لیے کوئی نام نہیں دیا گیا جبکہ سیکریٹری کے علاوہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن کمشنرز کی مدت ملازمت بھی ختم ہو گی ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال سے ملک میں چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ بھی تاحال خالی ہے۔ حکومت اور اپوزیشن میں ابھی تک ایک نام پر اتفاق نہیں ہو سکا ہے۔ ادھر سپریم کورٹ کی جانب سے حکومت کو 13 نومبر تک چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا حکم دیا گیا ہے۔