سندھ حکومت نے کراچی میں مسافر بسوں میں 7فیصد کمی کا اعلان کر دیا ،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اور بس مالکان کے درمیان مذکرات بلانتیجہ ختم ،بس مالکان نے ایک دن کی مہلت مانگ لی ،سندھ حکومت کی آج سے نئے کرایوں پر عمل درآمد کی ہدایت

جمعرات 6 نومبر 2014 08:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6نومبر۔2014ء)وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے اعلان کے بعد سندھ حکومت نے کراچی میں مسافر بسوں میں 7فیصد کمی کا اعلان کر دیا ،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اور بس مالکان کے درمیان مذکرات بلانتیجہ ختم ،بس مالکان نے ایک دن کی مہلت مانگ لی،سندھ حکومت نے آج(جمعرات) سے نئے کرایوں پر عمل درآمد کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے یکم نومبر سے پٹرول کی قیمت میں 9روپے سے زائد جبکہ ڈیزل کی قیمت میں چھ روپے سے زائد کمی کر دی گئی تاہم کراچی میں مسافر بسوں میں تاحال کمی نہیں کی گئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔بدھ کو صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ممتاز جاکھرانی اور صدر ٹرانسپورٹ اتحاد ارشاد بخاری کے درمیان مذکرات ہوئے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ممتاز جاکھرانی نے کہا کہ انٹرسٹی کرایوں میں سات فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا آج(جمعرات) سے انٹر سٹی بس میں کرائے کم کر کے وصول کئے جائیں گے۔ نئے کرایوں کا اطلاق اے سی اور نان اے سی بسوں پر لاگو ہوگا۔ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اور صدر ٹرانسپورٹ اتحاد کے درمیان مذکرات میں کرائے کم کرنے کا کوئی فیصلہ نہ ہوسکا ۔

ذرائع کے مطابق ٹرانسپورٹ اتحاد نے سندھ حکومت سے ایک دن کی مہلت مانگ لی ہے۔ صدر ٹرانسپورٹ اتحاد ارشاد بخاری نے کہا ہے کہ آج(جمعرات) کو جنرل باڈی اجلاس کے بعد کرایوں کے حوالے سے صوبائی حکومت کو آگاہ کریں گے ۔صدر ٹرانسپورٹ اتحاد ارشاد بخاری نے موقف اختیار کیا کہ ڈیزل کی قیمت 93 روپے یا اس سے کم ہو جائیں تو کرائے کم ہو سکتے ہیں جب کہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ممتاز جاکھرانی نے کہاکہ ہم گن پوائنٹ پر کرایہ کم نہیں کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے فیصلہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے بعد اس کا فائدہ عوام تک پہچانا چائیے۔

متعلقہ عنوان :