ن لیگ کے ایم این اے رانا افضل، اہلیہ پر قسمت کی دیوی مہربان ہو گئی، رانا افضل پارلیمانی سیکرٹری خزا، ارتھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین ، ساحل ہسپتال فیصل آباد اور ساحل ٹیکسٹائل مل کے مالک ہیں،ڈاکٹر نجمہ افضل ایم پی ، ساحل ہسپتال ، فیصل آباد ترقیاتی ادارے، ویسٹ میجمنٹ کی ڈائریکٹر اور بورڈ آف مینجمنٹ پنجاب میڈیکل کالج کی چیئرپرسن ہیں

بدھ 10 جون 2015 09:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 جون۔2015ء) مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی رانا محمد افضل اور ان کی اہلیہ ممبر صوبائی اسمبلی پر قسمت کی دیوی اس قدر مہربان ہوئی ہے کہ فیصل آباد کے ہر ادارے میں نہ صرف میاں بیوی کو نمائندگی حاصل ہے بلکہ حکومت نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے دونوں میاں بیوی کو مختلف اداروں کی سربراہی بھی سونپ دی ہے۔

خبر رساں ادارے کو ملنے والی معلومات کے مطابق فیصل آباد کے منتخب رکن قومی اسمبلی رانا محمد افضل جو کہ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ کے ساتھ ساتھ ارتھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین بھی ہیں اور ایک سال قبل انہیں فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا بورڈ آف ڈائریکٹر کا چیئرمین نامزد کیا گیا ہے جبکہ رانا محمد افضل ساحل ہسپتال فیصل آباد اور ساحل ٹیکسٹائل مل کے مالک بھی ہیں جبکہ ان کی اہلیہ ڈاکٹر نجمہ افضل صوبائی اسمبلی کی رکن کے ساتھ ساتھ ساحل ہسپتال کے بورڈ آف ڈائریکٹر میں شامل ہیں جبکہ انہیں فیصل آباد کے ترقیاتی ادارے کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی ممبر اور ویسٹ میجمنٹ کمپنی کی بورڈ آف ڈائریکٹر کی ممبر کے علاوہ اب انہیں گزشتہ صوبائی حکومت نے اپنے ہی قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے نجمہ افضل کو بورڈ آف مینجمنٹ پنجاب میڈیکل کالج کا چیئرپرسن نامزد کر دیا ہے جبکہ منتخب کردہ چیئرپرسن خود پرائیویٹ ساحل ہسپتال کی مالکہ ہیں جبکہ قانون کے مطابق کوئی بھی شخص جو کہ ہسپتال کا مالک ہو وہ پنجاب میڈیکل کالج کے بورڈ آف مینجمنٹ کا چیئرمین نہیں بن سکتا۔

(جاری ہے)

اس طرح نجمہ افضل کو قانون کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس عہدے پر نامزد کر دیا گیا ہے یہ امر قابل ذکر ہے کہ رانا محمد افضل ایم این اے ان کی اہلیہ نجمہ افضل ممبر صوبائی اسمبلی کا بیٹا انعام افضل ایوان و صنعت و تجارت فیصل آباد کا نائب صدر منتخب ہو چکا ہے۔ ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نجمہ افضل اب پنجاب میڈیکل کالج کے بورڈ آف منیجمنٹ کی چیئرپرسن مقرر ہونے کے بعد فیصل آباد کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتالوں جن میں الائیڈ ہسپتال‘ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال‘ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد‘ جنرل ہسپتال سمنا آباد کے علاوہ پیرا میڈیکل اور نرسنگ سکول کی بھی سربراہ ہونگی دونوں میاں بیوی کی تقرری کی وجہ سے مسلم لیگ ن کے بعض ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نالاں ہیں ان کا کہنا ہے کہ انہیں پس پشت ڈال کر دونوں میاں بیوی کو ہر محکمہ کی سربراہی دے کر ان کی حق تلفی کی جا رہی ہے۔