ایڈیشنل آئی جی ٹریفک نے شہبا ز شریف کے پولیس کو عوام دوست بنانے کے دعوؤں پر پانی پھیر دیا، ٹریفک پولیس چکوال کو پچیس دن میں چالان کی مد میں ایک کروڑ روپے اکٹھے کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں

بدھ 10 جون 2015 09:00

بھون(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 جون۔2015ء) پولیس کو عوام دوست بنانے کے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبا زشریف کے تمام دعوؤں پر ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پولیس نے پانی پھیر دیا، ٹریفک پولیس چکوال کو پچیس دن میں چالان کی مد میں ایک کروڑ روپے اکٹھے کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں، باخبر ذرائع کے مطابق چند روز قبل ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پولیس رائے الطاف حسین نے ڈی ایس پی ٹریفک راجہ ضیغم عباس کو طلب کر کے انہیں ہدایت کی کہ پانچ جون سے لے کر تیس جون تک چکوال سے ایک کروڑ روپے چالان کی مد میں وصول کیا جائے جس پر ڈی ایس پی ٹریفک چکوال راجہ ضیغم عباس نے ٹریفک پولیس چکوال کے تمام افسران و اہلکاروں کو زبانی ہدایات جاری کی ہیں کہ چاہے وہ ڈیوٹی کریں یا نہ کریں لیکن وہ پانچ جون سے تیس جون تک پچیس دنوں میں ایک کروڑ روپے کے چالان کرنے کا ٹارگٹ ہر حال میں پورا کریں۔

(جاری ہے)

جس کے بعد ٹریفک پولیس کی جانب سے غریب رکشہ ڈرائیوروں اور موٹرسائیکل سواروں پر فی کس ایک ہزار روپے جرمانہ کے چالان شروع کر دیئے گئے ہیں جو کہ اہلیان چکوال کے ساتھ سرا سرنا انصافی اور زیادتی ہے۔ ا س سلسلہ میں معلوم ہوا ہے کہ رکشہ ڈرائیوروں اور سول سوسائٹی نے ٹریفک پولیس چکوال کے خلاف احتجاج کا بھی فیصلہ کر لیا ہے اور اگر ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے بھاری بھرکم جرمانے ڈالنے کی روش تبدیل نہ کی تھی جلد یہ لوگ سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :