حکومت کا عبدالستار ایدھی کو زبردست خراج تحسین،50روپے کا یادگاری سکہ جاری

جمعہ 31 مارچ 2017 23:43

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ اپریل ء) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے خدمت انسانیت عبدالستار ایدھی مرحوم کی یاد میں 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کردیاہے۔وفاقی حکومت نے انسانیت کیلیے بالعموم اور پاکستانیوں کے لیے بالخصوص قابلِ تعریف خدمات کے پیش نظر جمعہ 15 جولائی 2016 کو کابینہ کے اجلاس میں مرحوم عبدالستار ایدھی کی یاد میں ایک سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا، بعد ازاں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو اختیار دیا گیا تھا کہ وہ عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرے۔

یادگاری سکہ ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کائونٹرز سے جاری کردیا گیاہے۔ 50 روپے مالیت کا یادگاری سکہ تانبے اور نکل سے بنا ہے، جس میں تانبے کا تناسب75 فیصد اور نکل کا 25 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

اس کا قطر 30ملی میٹر اور وزن13.50گرام ہے۔ سامنے کے رخ پر وسط میں بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔

ستارے اور ہلال کے اوپر کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کندہ ہے۔ہلال کے نیچے اور گندم کی اوپر کی طرف خمیدہ دو بالیوں کے اوپر عددی صورت میں عبدالستار ایدھی کا سالِ وفات درج ہے۔ ستارے اور ہلال کے دائیں اور بائیں جانب بالترتیب سکے کی مالیت 50 اور اردو میں روپیہ لکھا ہے۔ پچھلے رخ پر وسط میں عبدالستار ایدھی کا یک رخی تصویری عکس ہے جس کی بالائی سمت میں عہدِ انسانیت عبدالستار ایدھی درج ہے۔ اس عکس کے نیچے عبدالستار ایدھی کا عرصہ حیات 1928-2016 نیم دائرے کی صورت میں درج ہے۔

متعلقہ عنوان :