سندھ حکومت کا اینٹی کرپشن قوانین میں تبدیلی کے لیے سندھ اسمبلی میں بل لانے کا فیصلہ کرلیا

ایک ارب سے زائد کی کرپشن پر 14 سال اور ایک ارب سے کم کی کرپشن پر7 سال کی سزا بل میں تجویز

بدھ 19 اپریل 2017 23:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات اپریل ء)سندھ حکومت نے اینٹی کرپشن قوانین میں تبدیلی کے لیے سندھ اسمبلی میں بل لانے کا فیصلہ کرلیا ہے ،ایک ارب سے زائد کی کرپشن پر 14 سال اور ایک ارب سے کم کی کرپشن پر7 سال کی سزا بل میں تجویز کی گئی ہے ۔سندھ حکومت کے باخبر ذرائع کے مطابق پانامہ کیس کا فیصلہ آنے سے قبل ہی مختلف سیاسی جماعتوں اور صوبائی حکومتوں نے اپنی اپنی حکمت عملی مرتب کرنا شروع کردی ہے ۔

اس سلسلے میں سندھ حکومت سندھ حکومت نے اینٹی کرپشن قوانین میں تبدیلی کے لیے سندھ اسمبلی میں بل لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بل میں اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ کا نام ہی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور نیا نام اینٹی کرپشن ایجنسی رکھنے میں تجویز دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

بل میں تجویز کیا گیا ہے کہ ایک ارب سے کم کی کرپشن پر7 سال کی سزا ہوگی جبکہ ایک ارب سے زائد کی کرپشن پر 14 سال سزا ہوگئی اور ملزمان کو سزا کے ساتھ جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا، اینٹی کرپشن قوانین کا اطلاق سرکاری افسران اور وزرا پر بھی ہوگا۔

بل میں کرپشن میں سزا پر 10 سال تک سرکاری عہدے کے لیے نااہل قرار دینے کی تجویزبھی دی گئی ہے ۔بل میں عینی شاہدین کی سیکیورٹی کا خیال رکھنے کی بھی تجویز ہے، چیئرمین اور ڈائریکٹر اپنے اختیارات تفتیشی افسر کو سونپ سکیں گے، جبکہ محکمے کے افسران کو اعلیٰ کارکردگی پر مراعات دی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ترمیمی بل تیار کرلیا گیا، جلد اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔#

متعلقہ عنوان :