سمندر پار پاکستانیوں کو فوری ریلیف کی فراہمی کیلئے زیر التوا درخواستیں ایک ہفتہ میں نمٹا نے کی ہدا یت

جمعرات 2 اگست 2018 16:52

فیصل آباد۔2 اگست(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 2 اگست 2018ء)سمندر پار پاکستانیوں کو فوری ریلیف کی فراہمی کیلئے ان کی مختلف محکمہ جات سے متعلق تمام زیر التوا درخواستیں ایک ہفتہ کے اندر اندر نمٹا نے کی ہدایت کر دی گئی ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ ضلع کے متعلقہ محکمے اس سلسلہ میں اپنی ذمہ داریوں کا شدید احساس کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف کی فراہمی میں جاری اقدامات کو مزید تیز کریں اور زیر التواء درخواستوں کو ایک ہفتہ میں نمٹا کر رپورٹ کریں کیونکہ اس ضمن میں تاخیر کی مزید کوئی گنجائش نہیں۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد نے ڈسٹرکٹ اوور سیز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محبوب احمد،اسسٹنٹ کمشنرز سٹی،تاندلیانوالہ ڈاکٹر انعم،خالد محمود گیلانی،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز حافظ غلام مہتدی کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران، درخواست گزار اوورسیز پاکستانی اور ان کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات ومسائل پر مبنی درخواستوں پر محکمانہ کارروائی کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ درخواست گزارکو ہر ممکن حد تک مطمن کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ درخواستیں میرٹ کو مدنظر رکھ کر نمٹائی جائیں اور حل ہونے والی درخواستوں کو فوری متعلقہ ویب پورٹل پراپ لوڈ کریں۔ڈپٹی کمشنر نے بعض اوورسیز کی جائیدادوں پر قبضہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو قانونی کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ اوورسیز ایمانداری سے ملک کی خدمت کر رہے ہیں ان کی جائیدادوں اور خاندانوں کو مکمل تحفظ ملنا چاہیے۔اجلاس کے دوران اے ڈی سی آر نے اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات ومسائل کے حل میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :