لاہور ٹریفک پولیس میں تعینات واحد سکھ ٹریفک وارڈن گلاب سنگھ کو ملازمت سے برطرف کر دیاگیا

جمعرات 2 اگست 2018 18:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 2 اگست 2018ء) لاہور ٹریفک پولیس میں تعینات واحد سکھ ٹریفک وارڈن گلاب سنگھ کو ملازمت سے برطرف کر دیاگیا ہے سابق ٹریفک وا رڈن گلاب سنگھ کی ملازمت سے برطرفی کے احکامات ایس پی سٹی آصف صدیق نے جاری کئے ہیں گلاب سنگھ پر الزام عائد ہے کہ اس نے بغیر کسی منظوری کے سوشل میڈیا پر انٹرویو دیتے ہوئے ٹریفک وارڈن کے یونیفارم کے حوالے سے ایسی باتیں کیں جس سے یونیفار م اور ٹریفک پولیس کی بدنامی ہوئی ہے گلاب سنگھ پر یہ بھی الزام عائد ہے کہ اس نے بھرتی کے وقت پیش کئے گئے کاغذات میں ردوبدل اور ٹمپرنگ کی اس کی تاریخ پیدائش شناختی کارڈ پر کچھ اور ہے جبکہ میٹرک کی سند پر تاریخ پیدائش مختلف تاریخ ہے اس حوالے سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایس پی سٹی نے انکوائری کے حوالے سے سابق ٹریفک وا رڈن گلاب سنگھ کو متعدد بار طلب کیا لیکن اس نے ہر مرتبہ نوٹس طلبی کو نظر انداز کیا اور وہ بغیر کسی پیشگی اطلاع یا منظوری کے سولہ روز تک ڈیوٹی سے غائب رہا۔