سینیٹ انتخابات میں تو صرف ٹریلر دکھایا تھا اب ہم اس کے خلاف عدم اعتماد لائیں گے،، بلاول بھٹوزر داری

پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت کے خلاف کردار کشی کی گئی اور پی پی پی کو توڑنے کی کوشش کی گئی پھر اس کٹھ پتلی کو مسلط کیاگیا، چیئر مین پیپلز پارٹی

جمعرات 3 مارچ 2022 22:05

سینیٹ انتخابات میں تو صرف ٹریلر دکھایا تھا اب ہم اس کے خلاف عدم اعتماد لائیں گے،، بلاول بھٹوزر داری
لیاقت پور/چنی گوٹھ/ احمدپور شرقیہ/اسلام آباد/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2022ء) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم دنیا کو دکھا رہے ہیں کہ عوام اس کٹھ پتلی کے ساتھ نہیں ہے بلکہ یہ عوام پر مسلط کیا گیا ہے،سینیٹ انتخابات میں تو صرف ٹریلر دکھایا تھا اب ہم اس کے خلاف عدم اعتماد لائیں گے، یہ جیالوں کی کامیابی ہے کہ ساری اپوزیشن جماعتیں عدم اعتماد کی تحریک پر متفق ہوگئے ہیں۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان پپپلزپارٹی کے خلاف بڑی سازش یہ ہوئی کہ پارٹی کے بانی شہید بھٹو کو قتل کرنے والوں نے سمجھا کہ پیپلزپارٹی ختم ہو جائے گی مگر محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے ایک نہتی لڑکی نے فوجی آمر جنرل ضیاء کا مقابلہ کیا ،آمروں سے ٹکرا گئی اس کے بعد وہ نہتی لڑکی پرویز مشرف سے ٹکرائی اور ان دہشتگردوں سے بھی ٹکرا گئیں جنہوں نے پاکستان کا پرچم اتار تھا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ محترمہ شہید نے کہا کہ یہ پرچم کے خلاف اور عوام کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد عوام جو مزدوروں، کسانوں، غریبوں کی آواز تھے، ایٹمی پروگرام کے بانی تھے، امہ کے قائد تھے کو قتل کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ شہید بھٹونے محترمہ شہید کو پارٹی کا پرچم تھمایا تھا جو ضیاء، مشرف کے بعد دہشتگردوں کو للکارتی تھیں،شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قتل کے بعد صدر آصف علی زرداری نے پاکستان بچایا اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے فلسفے پر عمل کیا۔

صدر زرداری واحد سویلین طاقتور صدر تھے مگر انہوں نے اپنے سارے اختیارات عوام کو دلوائے اور اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو حق دیا، کے پی کے عوام کو نام دیا، پنجاب کو این ایف سی ایوارڈ میں سب سے زیادہ حصہ دلوایا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت کے خلاف کردار کشی کی گئی اور پی پی پی کو توڑنے کی کوشش کی گئی پھر اس کٹھ پتلی کو مسلط کیاگیا۔

انہوںنے کہاکہ پی پی پی نے پوری دنیا کے سامنے انہیں سلیکٹڈ کہہ کر بے نقاب کر دیا تھا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے عوام سے سوال کیا کہ فارن فنڈنگ میں چور کون نکلا، عوامی اجتماع کی طرف سے جواب آیا عمران خان، چینی چور کون نکلا، عوام کی طرف سے جواب آیا عمران خان، بلاول بھٹو نے پھر پوچھا آپ کا چور کون پھر جواب آیا عمران خان۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی فنڈنگ بھارت اور اسرائیل سے ہوتی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ کہ میرا آپ کے ساتھ تین نسلوں کا ساتھ ہے، میرا وعدوہ ہے کہ آپ جو وعدے شہید بھٹو اور شہید بی بی نے کئے تھے پورے کروں گا۔ اس دوران انہوں نے ’’گھنسوں گھنسوں صوبہ گھنسوں‘‘کے پرشگاف نعرے بھی لگائے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے چنی گوٹھ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پوری دنیا کو پیغام دیا ہے کہ آپ پاکستان کے عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں کٹھ پتلی کے ساتھ نہیں ہیں بلکہ اس کی وجہ سے تنگ ہیں، پی پی پی نے اس ملک کے مزدوروں ، کسانوں، نوجوانو اور خواتین سب کی خدمت کی ہے، عمران خان جو سب کو چور کہتا تھا لیکن خود تاریخی چور نکلا،ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے بھی انہیں چور کہا ہے،یہ چینی چور ہے، آٹا چور ہے، پانی چور ہے، گیس چور ہے اور کھاد چور ہے،اب وہ جیالوں کو تمام چوریوں کا حساب دے گا۔

ہم اس کو ہٹا کر انتخابی ریفارم کریں گے، شفاف انتخابات کروائیں گے اور میں شہید بھٹو اور شہید بی بی کے مشن کو پورا کرنا ہے،انہیں پانچ دن ڈیڈ لائن دی ہے کہ استعفیٰ دے کر گھر جائو یا اسمبلی توڑو اور ہمارا مقابلہ کروں۔ احمدپور شرقیہ میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ مزدور، کسان، نوجوان، طلباء، خواتین سب اس کٹھ پتلی کی نااہلی کا بوجھ اٹھا رہے ہیں،یہ کہتا تھا کہ پٹرول اور بجلی مہنگی ہو تو وزیراعظم چور ہے مگر خود تاریخی چور نکلا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ضیاء اور مشرف آمروں کے بعد اب عوام اس کٹھ پتلی کو نکالیں گے،ہمارا مطالبہ ہے کہ جو بھی ایم این اے ہے اس نے عوام کا ساتھ دینا ہے، سلیکٹڈ کا نہیں۔ میرے نمائندے کو منتخب کروائیں ہم عوام کی حکومت بنا کر عوام سے وعدے پورے کریں گے،آپ میرا اسی طرح ساتھ دیں تو اسلام آباد پہنچنے سے پہلے یہ خوشخبری آئے گی۔ اس سے قبل چیئرمین پیپلزپارٹی عوامی مارچ کی قیادت کرتے ہوئے لیاقت پور پہنچے تو عوام نے ان کا زبردست استقبال کیا اور ان پر پھول نچھاور کئے۔ اس کے بعد عوامی قافلے جوق در جوق عوامی مارچ میں شامل ہوتے رہے۔ چنی گوٹھ میں استقبالیہ کیمپ جلسہ گاہ میں تبدیل ہوگیا تھا۔ عوام کے بے حد اسرار پر چیئرمین پیپلزپارٹی نے وہاں پر خطاب کیا۔

لیاقت پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں