تیر و ترکش

منگل 4 دسمبر 2018

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

# بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے اقدامات پر نواز شریف کو گالیاں کیوں دی جاتی رہیں؟مولانا فضل الرحمن
 اسے ”تجاہل عالمانہ“ کہہ سکتے ہیں کیا؟
# کرتا پور کوریڈور کا افتتاح تاریخی لیکن پاکستان سے مذاکرات شروع نہیں ہوں گے، بھارت
تو کیا یہ سب ’مذاق راتی‘ عمل ہے…؟
#”ہم مصروف تھے“ سو دِن مکمل ہونے پر سرکاری اشتہار کا عنوان
منٹ کی فراغت نہیں ، ٹکے کی کمائی نہیں یعنی ویہلے مصروف
#ٹیکس گوشواروں میں تاخیر پر صدر ،وزیراعظم سمیت 150 افراد کو نوٹس
اب بتا!
# ڈیم بنانے کے لیے موبائل کارڈ پر ٹیکس بحالی، چیف جسٹس نے قوم سے رائے مانگ لی۔


کن کن طریقوں سے قوم کو معتبر بنانے کے لیے کوشاں ہیں عزت مآب چیف جسٹس صاحب!
# 100 روز پلان کا نتیجہ صفر، حکمرانوں کوآئین کا کچھ پتا نہیں، وزیر اعلیٰ سندھ
 یہاں تو سو سو مہینے کے پلانوں کا نتیجہ کچھ نہیں نکلا، رہی بات آئین کی تو جن کو پتا تھا اُن کو ’کسی‘ نے کچھ کرنے دیا بھلا؟
# عمران کو ق لیگ سے بہتر ماحول اور بیٹنگ وکٹ ملی، چودھری نثار
 لگتا ہے امپائروں کا بھی بتائیں گے کسی وقت چودھری صاحب
# پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے قوم کے ساتھ وہ کیا جو قصائی بکروں کے ساتھ کرتا ہے، فواد چودھری
اب آپ وہ نہ کریں جو کھالوں کے ساتھ ہوتا رہاہے کراچی میں۔

(جاری ہے)


#عمران حکومت ختم کرنے کے لیے ہم کبھی آگے نہیں آئیں گے، سید خورشید شاہ
 یہ آپ مولانا فضل الرحمن کو بتا رہے ہیں ناں؟
#نظریے کے بغیر ادب ذہنی عیاشی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹراباسین یوسف زئی
 اور نظریے کے بغیر سیاست ہر قسم کی عیاشی سے لطف اندوزی ہے۔
#وزیراعظم کے بھانجے نے ایف آئی اے کے نائب کورٹ کو تھپڑ مار دیا
 ماموں نے بھی تو معصوم پرستار بچے کو تھپڑ ماردیا تھا کرکٹ گراؤنڈ میں!
# کراچی کو ٹھیک کرنے اور ترقی دینے جارہے ہیں، گورنر سندھ
 اس طرح کی نیت کبھی …… چلیں چھوڑ یں جانے دیں، آخر کو آپ گورنر ہیں اب
#سوئٹزر لینڈ جارہا ہوں، قوم کو جلد خو ش خبری ملے گی، وفاقی معاون خصوصی برائے احتساب
کیا وہیں رہنے کا اِرادہ ہے آپ کا؟
#بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا پڑے گا، صدر مملکت
 لگتا ہے اب کے میز کا رنگ خاکی ہے۔


#گورنر صاحب جوان ہورہے ہیں کون سی گولی کھا رہے ہیں؟ نوجوت سنگھ سندھو کا گورنر پنجاب سے سوال
سدھو پھاء جی کو نہیں پتا کہ گورنر صاحب گولی کھانے سے زیادہ کرانے کے ماہر ہیں ،چاہے پوچھ لیں چودھری پرویز الٰہی صاحب سے
#ایک جھپی نے برسوں کے مسائل حل کردیے، گورنر پنجاب
یہ جھپیاں صرف سرحدپار والوں کے لیے ہیں؟
#ہم کرتار پور بارڈر سے چار کلو میٹر دور کھڑے ترستے رہتے تھے، نوجوت سنگھ سدھو
 اور ’قادیان‘ والے 45 کلو میٹر دورہیں!
# پاک بھارت جنگ کا سوچنا پاگل پن ہے، عمران خان
 اور برصغیر میں پاگلوں کی کمی نہیں۔


#لگتا ہے دو چار کلرک ہی حکومت چلا رہے ہیں، سپریم کورٹ
اور وہ کلرک بھی شاید نئے بھرتی ہوئے ہیں۔
 #آئی ایم ایف سے قرض لینے کی جلدی نہیں، اسد عمر
 کہیں انگور کھٹے تو نہیں ہوگئے آئی ایم ایف کے؟
#میرا بس چلے تو حکومت کو ایک منٹ نہ چلنے دوں، مولانا فضل الرحمن
 ’اگلوں ‘نے بس کا ڈرائیور بہت دیکھ بھال کے رکھا ہے اب کی بار،آپ نے خود ہی تو بتایا تھا۔


#شہباز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، سعد رفیق
 اور شہباز صاحب تو لوگوں کو ’شریف‘ انتقام کا نشانہ بنایا کرتے تھے ناں؟
#چپ رہوں تو سمجھوتے کے طعنے، بولوں تو شائع نہیں ہوتا، نواز شریف
 تلک الایام نداو لھابین الناس
# ماضی سیکھنے کے لیے ہوتا ہے رہنے کے لیے نہیں، وزیر اعظم
ملکی صورتِ حال کے حوالے سے بھی اسی سوچ کے مظاہرے کی ضرورت ہے جناب!
#مکمل بااختیار وزیراعلیٰ ہوں، سردار عثمان بزدار
مکمل بااختیاروں کو یہ بتانا نہیں پڑتا سردار صاحب!
#مسئلہ کشمیر پرموجودہ حکمران بھی مشرف اور نواز شریف کی راہ پر ہیں، سراج الحق
 اُن جیسے انجام کے لیے بھی تیار رہیں پھر…!
# ہمارے ہتھیار دِفاع کے لیے ہیں، صدر عارف علوی
 اور سیانے کہتے ہیں کہ جارحیت بہترین دِفاع ہے…!
#لکھ لکھ کر ہماری انگلیاں گھس گئیں نیب والے فیصلے پڑھتے ہی نہیں، جسٹس عظمت سعید
 نیب والوں کو پڑھنے سے زیادہ سننے والے فیصلے اچھے لگتے ہیں آج کل۔


#جنیوا، اشرف غنی نے طالبان سے مذاکرات کے لیے کمیشن بنانے کا اعلان کردیا
 کیا پدّی کیا پدّی کا شوربہ!

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :