تیر و ترکش

بدھ 27 مارچ 2019

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#مفتی تقی عثمانی ہمارا اثاثہ ہیں، وزیراعظم
اور ہم اپنے اثاثوں کی حفاظت میں کافی لاپروا ثابت ہوئے ہیں۔
#دینی مدارس جہالت کے خاتمے کے لیے مثالی کردار ادا کررہے ہیں، گورنر پنجاب
پھر تو کئی وزیروں مشیروں کو مدارس میں داخل کرادینا چاہیے۔
#سچ سے انحراف نے عدالتی نظام کو بہت نقصان پہنچایا، چیف جسٹس آف پاکستان
صرف عدالتی نظام کو ہی نہیں، یہ انحراف تو پورے ملک وقوم کو لے بیٹھا ہے جناب!
#آیندہ انتخابات میں اپنے پرچم، نشان اور پیغام کے ساتھ میدان میں آئیں گے، لیاقت بلوچ
حضرت مولانا غلام غوث ہزاروی رحمة اللہ علیہ کی 1970ء والی پیش گوئی تو آپ کو یاد ہی ہوگی!
# گیس و بجلی کی قیمتوں میں مرحلہ وار اضافہ کیا جائے گا، وزیر خزانہ
اچھا! کبھی اس منہ سے بھی خیر کی خبر سنے گی قوم۔

(جاری ہے)


#ایک دفعہ رافیل طیارے مل گئے تو پاکستان قریب نہیں پھٹکے گا، بھارتی ایئرچیف
 ستمبر1965ء میں ایم ایم عالم کے پاس کون سا طیارہ تھا کسی کو یاد ہے؟
#وزیر اعلیٰ سندھ کا ”کاروانِ بھٹو ٹرین“ کے انتظامات کا جائزہ
نیب کی پیشیاں بھگتنے والے شاید اب بھی ”بھٹو ٹرین“ پر چڑھنے کو بقا کی ضمانت سمجھتے ہیں۔
#کاش دیگر راہنما بھی آپ سے سیکھیں، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو شہبازشریف کا خط
آپ بھی تو ن لیگ کے راہنما ہیں، کیا سیکھا پھر آپ نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے؟
#مہنگائی ہدف سے زیادہ، مالیاتی خسارہ قابو سے باہر، اسٹیٹ بینک کی رپورٹ
یہ رپورٹ پڑھنے کی تو وزیراعظم اور وزیرخزانہ کے پاس فرصت ہی نہیں ہوتی۔


#ابھی طے نہیں کیا پاکستان کو کتنا قرض دینا ہے، آئی ایم ایف
جلدی طے کرلیں، ورنہ اسد عمر صاحب سب کچھ تہہ وبالا کردیں گے ہم غریب پاکستانیوں کا۔
#قوم کو مسلح افواج کی صلاحیتوں پر پورا بھروسا ہے، فوجی سربراہوں سے ملاقات کے بعد وزیراعظم ہاوٴس کا اعلامیہ
اس وقت مسلح افواج کی نہیں آپ کی صلاحیتوں کا امتحان ہے حضور!
#چینی سرمایہ کار بے دھڑک پاکستان آئیں، تحفظ دیں گے، وزیرخارجہ
چینی بہت سیانے ہیں، اصلی تحفظ دینے والوں کی بات کا اعتبار کرتے ہیں وہ!
#جماعت اسلامی کا متحدہ مجلس عمل سے علیحدگی کا باضابطہ اعلان
متحدہ مجلس عمل کے نشان اور ٹکٹ پر لی گئی قومی و سندھ اسمبلی کی ایک ایک نشست کب چھوڑ رہی ہے جماعت باضابطہ طور پر؟
#پولیس افسران کی تفتیش سے ہمیں شرم آتی ہے، سندھ ہائی کورٹ
”ان “ کو تو نہیں آتی ناں!
#اپوزیشن نے حکومت کے خلاف بگل بجا دیا، پی پی کا ٹرین مارچ، ن لیگ کا نواز رہائی تحریک کا اعلان
اپوزیشن کے بگل کی آواز عوام تک تو پہنچی نہیں، لگتا ہے یہ ٹرین مارچ اور تحریک محض لہو گرم رکھنے کا بہانہ ہے۔


#سابق حکومتوں نے ریلوے کو تباہ کردیا، شیخ رشیداحمد
ایک سابق حکومت میں تو آپ بھی وزیر ریلوے رہے ہیں ناں!
#شہبازشریف کے پاس جانے کو تیار ہوں، شاہ محمود قریشی
آپ کو تو کافی تجربہ ہے شریف برادران کے پاس آنے جانے کا!
#حکومت اسلام آباد میں میراتھن روکے، ورنہ ہم روکیں گے، علمائے کرام
اس طرح کے کام اگر حکومت نے کرنا ہوتے تو …… چلیں چھوڑیں، آپ ہی ہمت کرلیں!
#وزیراعلیٰ پنجاب کا کابینہ میں تبدیلیوں کا فیصلہ
اوہو! اتنے خودمختار اور فیصلہ کن کب سے ہوگئے وزیراعلیٰ پنجاب؟
#تین ہفتے میں بڑی خوشخبری متوقع، معاشی مسائل حل ہوجائیں گے، وزیراعظم
آٹھ ماہ تو ہورہے ہیں آپ کی حکومت آئے، یہ تین ہفتے بھی گزر جائیں گے، لگائے رکھیں قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے۔


#یہ وقت مل کر کام کرنے کا ہے، نریندرمودی کا پاکستان کو پیغام
یہ بات آپ کو پائلٹ ابھینندن کی واپسی سے سمجھ آئی ہے شاید، لیکن ہمیں تو وہی بغل میں چھری، منہ میں رام رام والی لگتی ہے۔
#نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں تلاوتِ قرآن، ٹی وی ریڈیو پر اذان نشر، وزیراعظم کا حدیث پاک سے خطاب کا آغاز
پچاس فرزندان اسلام کی شہادت رائیگاں نہیں گئی۔

لہو پھر لہو ہے، بہتا ہے تو جم جاتا ہے۔
#جمعے کا خطبہ سن کر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم آب دیدہ ہوگئیں
ہر جمعے خطبہ سننے والے مسلم حکمرانوں کے لیے لمحہٴ فکریہ۔
#اگلی جمعرات تک رہا ہوجاوٴں گا، نوازشریف کی والدہ کو تسلی
اور یہ اگلی جمعرات کل ہے۔
#اتحادیوں نے حکومت سے مزید وزارتیں مانگ لیں
کل کو اتحادیوں نے حکومت سے اختیارات بھی مانگ لیے تو اچھا خاصا تماشا لگے گا۔


#دہشت گردی کی تعریف کا تعین، سپریم کورٹ کا لارجر بینچ قائم،22برس میں یہ طے نہیں ہوا کہ کون سا کیس دہشت گردی کہلائے گا، چیف جسٹس
جن سینکڑوں لوگوں کو دہشت گردی کے الزام میں ماورائے عدالت قتل کردیا گیا گزشتہ 22برسوں میں، ان کا خون کس کی گردن پر ہے، اس کے تعین کے لیے عدالتی بینچ کب بنے گا؟

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :