
تیر و ترکش
بدھ 4 دسمبر 2019

خامہ بدست کے قلم سے
حکومت اور اپوزیشن کے حوالے سے پہلی مرتبہ ”اتفاق“ والا بیان آیا ہے، چودھری صاحب کی طرف سے ، اللہ خیر کرے!
#ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے بانیوں کا ڈراوٴنا خواب ہیں، نیویارک ٹائمز
آج کل غالباً یہی رواج ہے حکمرانی کا ہرجگہ!
#کس نے معیشت تباہ کی، کس نے بحالی کی، فیصلہ عوام کریں، اسد عمر
عوام کے فیصلوں کو تو بہت آسانی سے بدل دیے جانے کی روایت کافی مستحکم ہوچکی ہے ہمارے ہاں!
#میاں اسلم اقبال کی معذرت کے بعد فیاض الحسن چوہان کو دوبارہ پنجاب کا وزیر اطلاعات بنا دیا گیا۔
کوئی حد ہے آخر……چلیں چھوڑیں آج کل ماحول ہی ایسا ہے۔
(جاری ہے)
#نقیب اللہ محسود کے والد انصاف مانگتے مانگتے دنیا سے رخصت ہوگئے۔
اللہ مغفرت کرے وہ کون سے پہلے والد تھے جو انصاف مانگتے مانگتے دنیا سے چلے گئے۔
#عوام نے پانچ برس کا مینڈیٹ دیا، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود
عوام بے چاروں کا اتنا اختیار کہاں؟!
#عراق میں پھنسے پاکستانیوں کو فوراً واپس لایا جائے، سینیٹر عبدالرحمن ملک
پاکستان میں پھنسے پاکستانی کہاں جائیں؟!
#بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کلین سویپ کرے گی، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
کیا فائدہ؟ سویپ ہونے والے بلدیاتی اداروں کے مشیر ومعاون بنا دیے جائیں گے۔
#ملیر کینٹ، جعلی پولیس نے دبئی سے آنے والی فیملی کو لوٹ لیا۔
یعنی اصلی والوں کا کام جعلی والوں نے کرڈالا۔
#عمران صاحب عوام کا پیغام ہے گھبرانا شروع کردیں، ترجمان ن لیگ
ترجمان صاحبہ کو اچھا بھلا علم ہے کہ حکمران عوام کے نہیں کسی اور کے پیغام پر گھبرایا کرتے ہیں اور ”کسی اور“نے ابھی اس طرح کا کوئی پیغام نہیں دیا۔
#حکومت سندھ بدامنی کے خاتمے کے لیے موٴثر اقدامات کرے، جماعت اسلامی سندھ
جماعت والے بھی ناں، بس بادشاہ لوگ ہیں، اپنے ہی اقدامات پر پانی پھیرنے کا مشورہ بھی قبول کیا ہے بھلا کسی نے؟
#طلبہ یونینز کی بحالی، وزیراعظم کا ضابطہ اخلاق بنانے کا اعلان
ضابطہ ”اخلاق“ اوروزیر اعظم؟!
#پی ٹی آئی نے حامد خان کی رکنیت معطل کردی، جھوٹے بیانات کے ذریعے پارٹی کو بدنام کرنے کا الزام۔
اگر الزامات سچ ہوں تو پھر تو ڈسپلن خراب نہیں ہوگا پی ٹی آئی کا۔
#جرائم کے مقدمات میں خواتین جج سخت الفاظ سے گریز کریں، چیف جسٹس
خواتین کو جج بن کر نسوانی روایات ترک کرنے کا مشورہ کہیں مردانہ شاوٴنزم قرار نہ دے دیا جائے مائی لارڈ!
#پی ٹی آئی نے قرض لینے میں پی پی اور ن لیگ کا ریکارڈ توڑ دیا، تجزیہ کار
ریکارڈ توڑ پارٹی جو ہوئی پی ٹی آئی۔
#پاکستان آگے جائے گا اپوزیشن سر پیٹتی رہ جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب
آپ کا ”آگے“ بھی تو بنی گالا تک ہی ہے شاید۔
#مسلم لیگ(ق) کی تنظیم سازی آخری مراحل میں داخل۔
لگتا ہے مولانا فضل الرحمن کو کرائی گئی یقین دہانیاں کسی نہ کسی بنیاد کی حامل ہیں۔
#توسیع کے حوالے سے قانون سازی کی ضرورت نہیں، بیرسٹر اعتزازاحسن
کوئی بتا سکتا ہے کہ وہ کون سے اہم اہم مقدمات ہیں جو اعتزاز صاحب نے محض دلائل اور قانونی مہارت کے زور پر جیتے ہوں؟
#سابقہ حکومت کی وجہ سے ڈالر کی قدر مستحکم نہیں ہورہی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر
خزانہ کی وزارت لے کر منصوبہ بندی کا قلم دان دے کر آپ کی جو ”قدر“ افزائی کی گئی ہے، اس کی ذمہ دار بھی کیا سابقہ حکومت ہے؟
#اسٹاک مارکیٹ میں تیزی حکومتی اقدامات پر اظہارِ اعتماد ہے، وفاقی مشیرِخزانہ
اور ٹماٹر کے بعد ہری مرچ، لہسن، پیاز، ادرک، دال اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں تیزی بھی حکومتی اقدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے ناں!
#کرتارپور راہداری کے ذریعے قادیانیوں کا داخلہ روکا جائے، تحفظ ختمِ نبوت کانفرنس میں علماء کا مطالبہ
جن کی آمد کی راہ ہموار کرنے کو پوری دنیا کے سکھوں کے بارہ بجائے گئے، ان کا داخلہ بند کرنا اب صرف مطالبوں سے ممکن نہیں، معزز علمائے کرام!
#سندھ میں بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ۔
یہ فیصلہ سندھ حکومت کا ہے کیا؟!
#اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے پرویزخٹک، اسد عمر اور شاہ محمود قریشی پر مشتمل حکومتی کمیٹی قائم۔
اس کمیٹی میں کم ازکم دو ارکان تو خود وزارت عظمیٰ کے امیدوار بتائے جاتے ہیں۔
#نوازشریف کے اقامہ کا معاملہ سنجیدہ تھا، وزیراعظم کیسے دوسرے ملک کی نوکری کرسکتا ہے، چودھری اعتزازاحسن
چودھری صاحب! آپ کو واقعی نہیں پتاوزیراعظم کیسے دوسرے ملک کی نوکری کرسکتا ہے؟اتنے بے خبر کب سے ہوگئے ہیں آپ؟
#وزیراعظم نے طلبہ حقوق کے تحفظ کی ہدایت کردی، وفاقی مشیرِ اطلاعات ونشریات
اس اطلاع کا شکریہ، لیکن آپ کو ہدایت آئے بھی ناں!
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
خامہ بدست کے قلم سے کے کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.