تیر و ترکش

منگل 28 جنوری 2020

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#مہنگائی سے وزراء کے چہرے اترے ہوئے ہیں، وزیراعظم
اور جناب کو کوئی فرق نہیں پڑا!
#ایم کیو ایم روٹھی نہیں جو منایا جائے، گورنر سندھ
اس کا مطلب جو روٹھے ہوئے تھے ان کو منا لیا گیا ہے۔
#شہبازشریف کا 15 فروری کو واپسی کا امکان۔
چھوٹے میاں کی واپسی کس کے لیے امکان، کس کے لیے خدشہ، جلد پتا چل جائے گا۔


#آئی جی سندھ کی تبدیلی پر وفاق اور صوبائی حکومت متفق۔
ماشاء اللہ، کیا لیول ہے دونوں حکومتوں کے اتفاق کا!
#وزیراعظم سے ملاقات بے نتیجہ رہی، کراچی کے تاجروں اور صنعت کاروں کا بیان
حالانکہ کراچی کے تاجروں اور صنعت کاروں کو اچھی طرح پتا ہے کہ نتیجہ خیز ملاقات کس سے ہوتی ہے؟!
#ورلڈ کپ سر پر، شعیب ملک اور محمد حفیظ جیسے دوسرے سینئرز کی ضرورت ہے، مصباح الحق
پھر آپ ریٹائرمنٹ واپس لے لیں اور محمد یوسف وانضمام الحق کو بھی بلا لیں!
#نکاسی آب اور کچرے کے مسائل کی وجہ سے شہر میں مہلک بیماریاں پھیل رہی ہیں، میئر کراچی
اور آپ کا کام صرف بیانات کے ذریعے ان بیماریوں کی نشاں دہی کرنا ہے کیا؟
#عاطف خان آج بھی تحریکِ انصاف کا اثاثہ ہیں، شوکت بسیرا
جس طرح کبھی آپ پیپلزپارٹی کا اثاثہ ہوتے تھے؟
#ملک صحیح سمت میں نہیں جا رہا، ساٹھ فیصد تاجروں کی رائے
اس طرح کی رائے سمت مقرر کرنے والوں کے پاس جاکر کیوں نہیں دیتے تاجر لوگ؟
#ووٹ کی عزت کو یقینی بنائیں گے، نئے چیف الیکشن کمشنر کا عزم
او خدا کے واسطے کوئی ووٹر کی عزت کی بات بھی کرلے!
#جی ڈی اے کی شکایت پر وزیراعظم نے گورنر سندھ کو جھاڑ دیا۔

(جاری ہے)


اتنی آسانی سے جھڑنے والے نہیں اپنے لاٹ صاحب۔
#پاکستان میں ریلوے سے زیادہ کرپٹ ادارہ کوئی نہیں، چیف جسٹس
مستند ہے آپ کا فرمایا ہوا۔
#موجودہ حکومت مختلف سیاسی جماعتوں کے پرزوں کا مجموعہ ہے، سراج الحق
جی ہاں چلتے پرزوں کا!
#پختونوا اور پنجاب میں انتشار ختم ہوچکا، پرویز خٹک
چلیں آپ نے انتشار کا ہونا تو تسلیم کیا، ویسے تبدیلی کی ہوا تو سنا ہے بلوچستان سے چلا کرتی ہے۔


#حکومت کو خطرہ نہ عمران اور بزدار کہیں جارہے ہیں، شیخ رشید احمد
آپ سنا ہے سپریم کورٹ جارہے ہیں طلبی پر۔
#لاڑکانہ والوں کو ان کے دن پھرنے کی نوید سنا دی ہے، مصطفی کمال
اس طرح کی نوید تو آپ نے کئی بار کراچی والوں کو بھی سنائی ہے، کمال بھائی!
#پی ٹی آئی اور ن لیگ کے متعدد فصلی بٹیرے اڑان کے لیے تیار، وفاق اور پنجاب ہمارا ٹارگٹ ہیں، رانا ثناء اللہ
خواب دیکھنے پر پابندی لگانے والی کوئی طاقت ابھی تک وجود میں نہیں آئی، رانا صاحب!
#بھارت کی نام نہاد جمہوریت دنیا میں بے نقاب ہوچکی۔

علی امین گنڈا پور وفاقی وزیر امور کشمیر

ہماری نام نہاد جمہوریت کا نقاب بہت مضبوط ہے کیا؟!
#مسلم لیگ ق کا مشن ہی عوام کی خدمت ہے، مونس الٰہی
مسلم لیگ ق کے عوام میں چودھری ظہورالٰہی کا خاندان، چودھری طارق، بشیر چیمہ اور کامل علی آغا کے علاوہ بھلا اور کون کون ہے؟
#عوام محبت سے لائے اب قرض چکانے کا وقت آگیا، اسد عمر
اور جو محنت سے لائے ان کا قرض اتاریں گے تو محبت والوں کی باری آئے گی ناں!
#پی ٹی آئی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، علی زیدی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ
جیسا کہ 2008ء سے 2018ء تک پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی حکومتوں نے اپنی اپنی مدت پوری کی؟
#ملک لُوٹ کھایا، پی پی اور ن لیگ کو مافیا نہ کہیں تو کسے کہیں؟ شفقت محمود
موصوف پہلے پی پی اور پھر ن لیگ میں رہ چکے ہیں، اس لیے گھر کے بھیدی قرار دیے جاسکتے ہیں۔


ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :