Live Updates

پوری پاکستانی قوم متحد ہو کر اپنی تاریخی فتح کا جشن منا رہی ہے پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے،شرجیل میمن

بھارت اور دہشت گرد تنظیمیں ممکنہ طور پر مشترکہ مفادات رکھتی ہیں جو مغربی ممالک کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو کمزور کرنے اور ایک دوسرے کی مدد کرنے میں فائدہ مند ہو سکتے ہیں،پاکستان ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف فرنٹ فٹ پرمقابلہ کر رہا تھاجس کا فائدہ بھارت کو ہو رہا تھا، پریس کانفرنس

بدھ 14 مئی 2025 21:40

�راچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم متحد ہو کر اپنی تاریخی فتح کا جشن منا رہی ہے پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ روزبھی حیدرآباد میں ایک ریلی نکالی گئی ، آج(جمعرات)بھی حکومت سندھ اور پیپلزپارٹی کی جانب سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے پاکستان ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف فرنٹ فٹ پر دہشتگردی سے مقابلہ کر رہا تھا دہشتگردی سے پاکستان نبرد آزما تھا اس کا فائدہ بھارت کو ہو رہا تھا، بھارت اور دہشت گرد تنظیمیں ممکنہ طور پر مشترکہ مفادات رکھتی ہیں جو مغربی ممالک کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو کمزور کرنے اور ایک دوسرے کی مدد کرنے میں فائدہ مند ہو سکتے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہاکہ دہشتگرد بھارت نے دہشتگردی کو بنیاد بنا کر پرامن پاکستان پر جنگ مسلط کی جس کا پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا، بھارت اس وقت پوری دنیا میں آئسولیشن میں ہے، بھارت کو تاریخی شکست نصیب ہوئی، وہ بھی بھارت کے لئے ایک تاریخی سبق ہے پاکستان کی مسلح افواج، خاص طور پر پاک فضائیہ کے شاہینوں نے وہ کارنامہ سرانجام دیا ہے اس پر پوری قوم کو فخر ہے، پاکستانی شاہینوں نے جس بہادری کے ساتھ بھارتی جہازوں، جن پر بھارت کو غرور تھا، ان کا جو حشر کیا وہ پوری دنیا میں ایک مثال ہے، آج پوری دنیا میں تذکرہ ہی ان جہازوں کی تباہی کا ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

اس جنگ میں پاکستان نے بھارت کے رافیل اور مِگ 29 جیسے طیاروں کا گھمنڈ توڑا، 84 اسرائیلی ساختہ ڈرونز مار گرائے ۔ رافیل طیاروں کی تباہی نے دہشتگرد بھارت کی فضائی برتری کو بین الاقوامی طور پر سوالیہ نشان بنا کر رکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ جنگ بندی کے بعد، پاکستان نے بھارت پر سفارتی سطح پر برتری حاصل کی۔ بین الاقوامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ بھارت نے جنگ بندی کے لیے پہل کی، جس سے پاکستان کو سفارتی فائدہ حاصل ہوا۔

پاکستان دوست ممالک کی حمایت حاصل ہوئی، بین الاقوامی تجزیہ کاروں نے اس جنگ کو پاکستان کے لیے عسکری اور سفارتی کامیابی قرار دیا۔ دی نیشنل انٹرسٹ نے اسے پاکستان کی واضح فتح قرار دیا۔ فنانشل ٹائمز نے لکھا کہ کہ جنگ بندی نے پاکستان کو سفارتی برتری دی۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہ اکہ پہلگام واقع پر پاکستان نے بین الاقوامی طور پر غیر جانبدارانہ اور منصفانہ تحقیقات کی پیشکش کی، کسی بھی ثبوت کے بغیر بھارت نے انتہاپسندانہ قدم اٹھایا۔

نریندر مودی نے برصغیر کے ڈیڑھ ارب انسانوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مودی کو بچر گجرات کا قصائی، کشمیر کا قصائی کہا، جو سچ تھا، لیکن اب میں کہنا چاہوں گا کہ نریندر مودی "جنوبی ایشیا کا قصائی "ہے۔ جس جنگ کی ابتدا نریندر مودی نے کی اس کے سنگین ترین نتائج نکل سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے پاکستان پر جنگ مسلط کی، مودی کا طویل المدتی جنگ کا خواہاں تھا، جس سے وہ اپنے آپ کو ایشین ٹائیگر ثابت کرنا چاہ رہا تھا، لیکن اس کو بری ناکامی نصیب ہوئی۔

پاکستان نے واضح طور پر کہا تھا کہ اگر آپ شروعات کروگے تو اس کا اختتام ہم کریں گے، پھر ٹارگٹ اور وقت ہماری مرضی کا ہوگا، اور پاکستان نے وہ کر دکھایا۔ بھارت نے ابتدا میں ہی معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں پاکستانی شاہینوں نے بھارتی جہازوں کو چن چن کر نشانہ بنایا، جس کی دنیا میں کہیں بھی مثال نہیں ملتی۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مودی کا ماضی اس بات کا گواہ ہے کہ وہ واقعات کو انصاف فراہم کرنے یا داخلی احتساب کے عمل پر توجہ دینے کے بجائے سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرتا ہے۔

ہم ایک پرامن قوم ہیں، اور صدر ٹرمپ کی امن کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ دوسری طرف، بھارت نے امریکی صدر کے شاندار کردار کو تسلیم تک نہیں کیا۔ صرف یہی نہیں، انہوں نے صدر پر اس لیے تنقید کی کہ انہوں نے بھارت کو فوجی طاقت کے پاگل پن جیسے استعمال سے روکا۔ جو کوئی بھی مودی کی جنگی جنونیت کی مخالفت کرتا ہے، وہ ان کا دشمن ہے۔ عالمی برادری کے لیے یہ بات اب واضح ہو جانی چاہیے کہ امن کا اصل دشمن کون ہے۔

پاکستان امن چاہتا ہے، مودی نفرت پیدا کرتا ہے اور اسے برآمد کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کے خلاف جنگ کا اصل فائدہ اٹھانے والا ملک ہے۔ نائن الیون کے بعد، حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد کو دہشت گردی قرار دینے سے سب سے زیادہ فائدہ بھارت نے اٹھایا ہے۔ بھارت نے طویل عرصے سے دہشت گردی کے واقعات کو اپنی نفرت پر مبنی اسٹریٹجک مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کیا ہی: پہلگام واقع کے بعد اس نے سندھ طاس معاہدہ معطل کیا، اور بالاکوٹ کے بعد اس نے آرٹیکل 370 اور 35A ختم کر دیے۔

بھارت نے کشمیریوں کو ان کی دہائیوں پر محیط جدوجہد کے باوجود نظرانداز اور پس پشت ڈالا ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تمام ہمسایہ ممالک بھارت سے ناخوش اور بے چین ہیں۔ خواہ چین ہو، بنگلادیش ہو ، یا نیپال ہو کوئی بھی بھارت سے خوش نہیں ہے۔ اس پوری ایپی سوڈ میں جس طریقے سے پاکستان کا کیس ہمارے میڈیا ہاسز نے لڑا اس پر مبارکباد کے مستحق ہیں ، بھارت نے پاکستانی میڈیا ہائوسز، یو ٹیوبرز، وی لاگرز پر پابندیاں لگائیں، فنکار جو امن اور ثقافتوں کے سفیر سمجھے جاتے ہیں ان پر بھی پابندیاں لگائی گئی، یہ بھارتی تنگ نظری کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ جنگ پورے ملک نے لڑی ہے، گھر میں بیٹھ کر افواج کے لئے دعائیں مانگنے والوں سے لے کر میڈیا نمائندگان تک سب نے یہ جنگ لڑی ۔ بلاول بھٹو نے پاکستان کا مقدمہ لڑا، اس جنگ میں ہم نے بھٹو خاندان کے تین شخصیات اور پاکستان پیپلز پارٹی کی تین نسلوں شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو، صدر آصف علی زرداری اور اب بلاول بھٹو زرداری اور اب چیئرمین بلاول بھتو زرداری کی عکاسی دیکھنے کو ملی ۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ انٹرنیشنل میڈیا پاکستان کا موقف سننا چاہ رہی تھی، چیئرمین بلاول بھٹو نے بھرپور انداز میں پاکستان کا موقف پیش کیا ، جنگ کے بعد نیا پاکستان بن چکا، یہی نیا پاکستان ہے کہ اس جنگ میں ہم سب متحد تھے، ہمیں اتحاد کے ساتھ معاشی محاذوں پر آگے بڑھنا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کی بات اچھی لگی کہ ہم جنگ نہیں کاروبار چاہتے ہیں، مودی نے ہمیشہ جنگی جنون کو سیاست کے لئے استعمال کیا، وزیر اعظم بننے سے پہلے مودی کی امریکہ میں داخلہ پر پابندی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کا مقدمہ لڑنے کے لیے بلاول بھٹو زرداری کو کسی عہدے کی ضرورت نہیں، انہوں نے پوری دنیا میں پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جنگ میں کامیابی کا سب سے بڑا کریڈٹ ہمارے شاہینوں کا جاتا ہے، جس بہادری سے ہمارے شاہینوں نے بھارت کا نقشہ تبدیل کیا اور واپس آئے، وہ ہمارے قومی ہیرو ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمارے اتحاد کی وجہ سے بھارت کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے، ہمارے اتحاد کی وجہ سے بھارت اندرونی انتشار کا شکار ہے، ایک شخص نے جنگی جنون میں آکر پورے ایشیا کے لوگوں کی زندگیوں کو دا پر لگایا، یہ محض جنگی جرم نہیں اس سے کہیں آگے ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پہلگام کا بہانہ بنا کر سندھ طاس معاہدہ معطل کیا گیا، پہلگام بہانہ تھا سندھ طاس معاہدہ نشانہ تھا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات