طالبات کی بازیابی کیلئے امریکی دستہ نائیجریا روانہ

بدھ 14 مئی 2014 07:54

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مئی۔2014ء ) امریکہ نے مغوی طالبات کی بازیابی کے لیے اپنا خصوصی دستہ نائیجریا روانہ کر دیا ہے ، میڈیا رپورٹ کے کے مطابق امریکی انتظامیہ کے سینئیر حکام نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ نائیجیریا کی دو سو سے زائد مغوی طالبات کی بازیابی کیلئے امریکی دستہ روانہ کر دیا گیا ہے۔ یہ پیش رفت بوکو حرام کے اغواکاروں کی طرف سے مغوی طالبات کی نئی ویڈیو سامنے لائے جانے کے بعد ممکن ہوئی ہے۔

جبکہ امریکی ماہرین اس ویڈیو سے اس امر کاپتہ چلا رہے ہیں کہ ان مغوی بچیوں کو کس علاقے میں رکھا گیا ہے۔ایک امریکی ذمہ دار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا '' ہم نے کمرشل سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والی تصاویر نائیجیریا کے ساتھ شئیر کی ہیں اور نگرانی کرنے والی امریکی ٹیم کو ضروری آلات کے ساتھ متحرک کر دیا ہے، اس سلسلے میں نائیجیریا کی اجازت بھی لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

''تاہم امریکی حکام نے فی الحال یہ نہیں بتایا کہ نائیجیریا کی فضاوں میں کون سے طیارے بھیجے گئے ہیں اور انہیں کس علاقے سے نائیجیریا بھجوایا گیا ہے۔ امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان جین پاسکی نے کہا ہماری انٹیلی جنس سے وابستہ لوگ بوکو حرام کی طرف سے جاری کی گئی ویڈیو کی ایک ایک چیز کو ہر پہلو سے دیکھ رہے ہیں، تاکہ مغوی سکول طالبات کو بچانے میں جو بھی مدد مل سکتی ہو لی جائے۔''ایک سوال کے جواب میں جین پاسکی نے کہا ''ہمارے پاس اس کی کوئی وجہ نہیں ہے کہ ہم اس ویڈیو کی سند کو چیلنج کریں۔'' واضح رہے بوکو حرام کے لیڈر ابوبکر شکاو نے کہا ہے کہ نئیجیریا بوکو حرام کے ساتھیوں کو رہا کر دے تو ان مغوی طالبات کو رہا کر دیا جائے گا