نواب شاہ،کچی زہریلی شراب پینے سے چار افراد ہلاک،علاقے میں منشیات اور شراب کھلے عام فروخت

بدھ 14 مئی 2014 07:50

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مئی۔2014ء)کچی زہریلی شراب پینے سے چار افراد ہلاک ہوگئے۔علاقے میں منشیات اور شراب کھلے عام فروخت ہورہی ہیں جبکہ پولیس کی نااہلی کے باعث نوجوان نسل منشیات کی جانب راغب ہورہی ہے علاقہ مکینوں کا شدید احتجاج، بی سیکشن پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع جام صاحب روڈا ور پرانا نواب شاہ میں زہریلی کچی شراب پینے والے چار افراد جن میں عابد، امین مغل، راشد اور لطیف بھنگوار شامل ہیں کی حالت غیر ہوگئی جنہیں پیپلز میڈیکل کالج اسپتال لایا گیا جہاں تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک شخص امین مغل کو آئی سی یو وارڈ منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی زندگی کی بازی ہار گیا۔

اس سلسلے میں علاقہ مکینوں کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک شخص پولیس کانسٹیبل بھی ہے۔

(جاری ہے)

علاقے کے شہری و سماجی حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ پرانا نواب شاہ اور جام صاحب کے گنجان آباد علاقے میں شراب اور دیگر منشیات کی فروخت جاری ہے جبکہ پولیس کی نااہلی اور لاپرواہی کے باعث صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے جبکہ نوجوان نسل بھی بے روزگاری کے باعث بڑی تعداد میں منشیات کی جانب راغب ہورہی ہے۔انہوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ بی سیکشن پولیس کی نااہلی کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور مذکورہ علاقوں میں منشیات کے اڈوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :