وینزویلا، جذام کے علاج کی ویکسین دریافت کرنیوالے سائنسدان کا انتقال

بدھ 14 مئی 2014 07:54

کراکس(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مئی۔2014ء)جذام کے مرض کے علاج کی ویکسیئن بنانے کی وجہ سے مشہور وینزویلا کے سائنسدان اور ڈاکٹر جیسنٹوکنویٹ گزشتہ روز 100سال کی عمر میں کراکس میں انتقال کر گئے ۔کنویٹ نے کئی بین الاقوامی اعزازات حاصل کئے جن میں سپین کا پرنس آف اسٹوریئس ایوارڈ اور فرانس کا لیجن آف آنر شامل ہیں اور انہیں1988ء میں میڈیسن کے لئے نوبل انعام کے لئے نامزد کیا گیا تھا لیکن وہ اسے حاصل کرنے میں کامیاب نہیں رہے ۔

(جاری ہے)

وہ 1913ء میں پیدا ہوئے ، انہوں نے لشمانیا اور چاگاز جیسی سوزش اور پیراسیٹک بیماریوں کو بہتر طور پر سمجھنے میں نمایاں کردار ادا کیا ۔گزشتہ 15برسوں میں انہوں نے اپنی عمر کا بیشتر حصہ سرطان کے علاج کی تلاش میں بسر کیا ۔انہوں نے 2013ء میں کہا کہ اس بیماری کی وجہ سے میں سو نہیں سکتا ہوں ۔ان کی موت کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں ان کے اہل خانہ نے کہا کہ انہوں نے اپنی عمر عزیز کا بیشتر حصہ وینزویلا کے استوائی جنگلات اور دریائی ڈیلٹاؤں کے قدیم عوام کو لاحق خطرناک بیماریوں کے علاج میں صرف کیا ۔