امریکی وزیر دفاع سعودی عرب پہنچ گئے، آج سعودی حکام سے ملاقات کرینگے

بدھ 14 مئی 2014 07:52

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مئی۔2014ء)امریکی وزیردفاع مشرق وسطیٰ کے دورے کے پہلے مرحلے میں سعودی عرب پہنچ گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مسٹر چَک ہیگل منگل کے روز ریاض پہنچے ہیں اور وہ آج بدھ کو سعودی عہدے داروں سے شام کی صورت حال اور ایران کے جوہری تنازعے پر جاری مذاکرات کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔وہ خلیج تعاون کونسل کے وزرائے دفاع سے بھی ملاقات کریں گے۔

یہ 2008ء کے بعد اس نوعیت کا پہلا اجلاس ہوگا۔ان کا گذشتہ ایک سال میں خطے کا یہ تیسرا دورہ ہے۔پینٹاگان کے پریس سیکریٹری رئیر ایڈمرل جان کربی نے گذشتہ ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس دورے کا مقصد خطے میں امریکا کی علاقائی حکمت عملی کو آگے بڑھانا ہے۔ترجمان کے بہ قول چَک ہیگل جی سی سی کے وزرائے دفاع کے ساتھ اجلاس میں مشرق وسطیٰ میں امریکا کے سکیورٹی وعدوں کو پورا کرنے اور ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے باز رکھنے کے لیے ملک کی غیر متزلزل پالیسی کا اعادہ کریں گے۔

(جاری ہے)

اس اجلاس میں فضائی اور میزائل دفاع ،میری ٹائم سکیورٹی اور سائبر دفاع کے شعبوں میں تعاون کو مربوط پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔امریکی وزیردفاع سعودی عرب کے بعد اردن اور اسرائیل جائیں گے۔وہ اسرائیلی ہم منصب سے صہیونی ریاست کی راکٹ اور میزائل دفاعی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

متعلقہ عنوان :