ایران کو مطلوب اسرائیلی تل ابیب سے گرفتار

بدھ 14 مئی 2014 07:54

یروشلم(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مئی۔2014ء)ایران کو امریکی فوجی آلات فروخت کرنے کے الزام میں امریکہ کی طرف سے جاری کئے جانیوالے فیڈرل وارنٹ گرفتاری کے تحت مطلوب ایک اسرائیلی کو گزشتہ روز تل ابیب کے ہوائی اڈے سے گرفتار کرلیا گیا ، یہ بات پولیس نے بتائی ہے ۔64سالہ اسرائیلی شخص کو امریکی حکام کی درخواست پر ،جنہوں نے ایران کو امریکی فوجی ہتھیار کی مبینہ فروخت پر اس کے وارنٹ گرفتاری جاری کررکھے تھے ، بن گوریان کے ہوائی اڈے سے گرفتار کرلیا گیا ۔

یہ بات پولیس کی خاتون ترجمان لوبہ سامری نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتائی ہے ۔ایک امریکی عدالت نے اس اسرائیلی باشندے کو پہلے ہی امریکی فوجی مواد کی غیر قانونی ٹریڈنگ پر چھ ماہ قید کی سزاء کا حکم سنایا ہے ، اس پر رقم کی غیر قانونی منتقلی کا بھی الزام ہے ۔

(جاری ہے)

نیوز ویب سائٹ ہرٹز کے مطابق یہ اسرائیلی2000ء سے ایف4اورایف14جنگی طیاروں کے فاضل پرزوں کی غیر قانونی برآمد ، رقوم کی منتقلی ، جس کے لئے امریکی محکمہ خزانہ کی اجازت درکار ہوتی ہے ، والے دو علیحدہ واقعات میں ملوث ہے ۔لوبہ سامری نے بتایا کہ یروشلم کی ایک عدالت سے استدعا کی گئی کہ امریکی جوڈیشری کو ملک بدری کی درخواست تیار کرنے کی اجازت دینے کے لئے اس کی احتیاطی نظر بندی کے حکم میں سات دن کی توسیع کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :