تنخواہ میں از خود اضافہ کا معاملہ،پی اے سی نے آڈیٹر جنرل بلند اختر رانا کو وضاحت کے لئے 3 جون کو طلب کرلیا

بدھ 28 مئی 2014 06:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28مئی۔2014ء)پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے آڈیٹر جنرل بلند اختر رانا کو اپنی تنخواہ میں خود اضافے کے معاملے کے وضاحت کے لئے 3 جون کو طلب کرلیا ہے۔یہ فیصلہ منگل کو پی اے سی کے ایک بند کمرے کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت سید خورشید شاہ نے کی۔اجلاس میں شریک ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں آڈیٹر جنرل بلند اختر رانا کی طرف سے تنخواہ اور مراعات میں اضافے کے معاملے پر بنائی گئی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

ذیلی کمیٹی کی طرف سے بتایا گیا کہ بار بار طلبی کے باوجود بلند اختر رانا کمیٹی میں نہیں آئے جس کے باعث کمیٹی کو اپنی رپورٹ پی اے سی کو دینی پڑی ۔ذیلی کمیٹی کو یہ بھی بتایا گیا کہ اس امر کے شواہد ملے ہیں کہ آڈیٹر جنرل نے خود اپنی تنخواہ میں اضافہ کیا جبکہ انہیں اس قسم کے اختیارات نہیں تھے ۔انہوں نے مراعات بھی اپنے عہدے کے تقاضوں سے زیادہ حاصل تھیں۔کمیٹی نے اتفاق کیا کہ کسی کو بھی پارلیمنٹ کی کمیٹیوں سے استثنیٰ حاصل نہیں ۔بلند اختر رانا فوری طور پر کمیٹی کے اجلاس میں پیش ہوں ۔کمیٹی نے انہیں تین جون کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ۔