عمران خان صرف پنجاب میں دھاندلی کا رونا روتے ہیں خیبرپختونخوا کا ذکر نہیں کرتے،حمزہ شہباز شریف،عمران خان میں سپورٹس مین سپرٹ ہی نہیں بلکہ سٹیمنا کی بھی کمی ہے،ابھی تو ہماری اننگز کا آغاز ہواہے اور انہوں نے پیڈ باندھ کر باری شروع کرنے پراصرار شروع کردیا ہے، مرکزی رہنما مسلم لیگ (ن) کا پنڈی بھٹیاں میں جلسہ عام سے خطاب

بدھ 28 مئی 2014 06:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28مئی۔2014ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان صرف پنجاب میں دھاندلی کا رونا روتے ہیں خیبرپختونخوا کا ذکر نہیں کرتے -عمران خان میں سپورٹس مین سپرٹ ہی نہیں بلکہ سٹیمنا کی بھی کمی ہے-ابھی تو ہماری اننگز کا آغاز ہواہے اور انہوں نے پیڈ باندھ کر اپنی باری شروع کرنے پراصرار شروع کردیا ہے- عمران خان فیصل آباد اور سیالکوٹ میں جلسے کررہے ہیں اورہماری حکومت خنجراب تاگوادر اکنامک کاریڈوراور لاہور تا کراچی موٹروے کی تعمیر میں مصروف ہیں-عمران خان نے خیبرپختونخوا کے عوام سے کیا ہوا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا اورعوامی جلسوں میں ان کے حواری مخالفین کے خلاف غیراخلاقی زبان استعمال کرکے نوجوانوں کا کردار خراب کررہے ہیں-ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پنڈی بھٹیاں میں حلقہ پی پی 107میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا-جلسے سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری سرفراز حسین بھٹی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا-حمزہ شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان کا وزارت عظمی کا خواب اب تک پورا نہیں ہواتو اس میں ہمارا کوئی قصور نہیں -

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ایجی ٹیشن کی سیاست ترک کرکے ایک میچور سیاستدان ہونے کا ثبوت دینا چاہیے اور خیبرپختونخوا میں ملے ہوئے مینڈیٹ کے مطابق عوام کے مسائل حل کرنے چاہئیں- حمزہ شہباز شریف نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان خیبرپختونخوا میں دودھ اور شہد کی نہریں بہانے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور کیا انہوں نے صوبے کے تمام مسائل حل کردیئے ہیں کہ اب وہ دوسرے صوبوں کے مسائل حل کرنے کی مہم پر چل نکلے ہیں-حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے میرے خیال میں خیبرپختونخوا میں ایک کلو میٹر لمبی سڑک بھی بنائی ہو تو ان کو لیڈر مان لیں گے-انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں جب عمران خان کے حواری غیرشائستہ زبان استعمال کررہے تھے تو وہ پیچھے بیٹھے خاموشی سے تماشا دیکھ رہے تھے-انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ شرفاء کی پگڑی اچھالنے والوں کو عوام ہمیشہ مسترد کردیتے ہیں-انہو ں نے کہا کہ ہم نے نوجوانوں کو کردار سازی کے ساتھ ساتھ لیپ ٹاپ سکیم ، سستے قرضوں اور یوتھ فیسٹیول کے ذریعے اعتماد اور اعلی تربیت کی دولت بخشی ہے-

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ نندی پور پراجیکٹ سے اسی سال 660میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوجائے گی-ساہیوال اور گوادر کے پاور پلانٹس بھی توانائی کی پیداوار کی طرف تیزی سے بڑھ رہے ہیں جبکہ چین نے پاکستان میں 32ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے-انہوں نے کہا کہ عمران خان نوجوانوں کو ورغلانا چاہتے ہیں مگر وزیراعظم نواز شریف نوجوانوں کے مسائل کا حقیقی حل پیش کررہے ہیں -انہوں نے نوجوانوں کو سستے قرضے دینے کاوعدہ پورا کیا ہے تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں-حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پنڈی بھٹیاں کے اہلیان سے زیادہ موٹروے کی اہمیت سے کون واقف ہوگا-مسلم لیگ (ن) کا امیدوار اس حلقے سے جیت کر شہریوں کے دیرینہ مسائل حل کرنے پر بھرپورتوجہ دے گااور ترقی اور خوشحالی کے سفر میں یہ علاقہ اپنا بھرپور حصہ پائے گا اور یہاں سے ظلم کی اندھیری رات قبضہ گروپوں اورناانصافی کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ کردیا جائے گا-